• Fri, 03 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

چھترپتی شیواجی کا نام آتے ہی دیویندر فرنویس پر لرزہ طاری ہو جاتا ہے : ادھو ٹھاکرے

Updated: November 07, 2024, 11:54 PM IST | Mumbai

ایک روز قبل دیویندر فرنویس نے شیوسینا( ادھو) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کو چیلنج کیا تھا کہ اگر ان کے اندر ہمت ہے تو وہ ممبرا میں جا کر چھترپتی شیواجی کا مجسمہ تعمیر کریں۔

Uddhav Thackeray has gone to Mumbra, not Farnavis
ادھو ٹھاکرے ممبرا جا چکے ہیں، فرنویس نہیں

ایک روز قبل دیویندر فرنویس نے شیوسینا( ادھو) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کو چیلنج کیا تھا کہ اگر ان کے اندر ہمت ہے تو وہ ممبرا میں جا کر چھترپتی شیواجی کا مجسمہ تعمیر کریں۔ ان کے اس بیان کا جواب دیتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ فرنویس کو چاہئےکہ وہ پہلے ممبرا جائیں اس کے بعد اس طرح کا چیلنج کریں۔ اس معاملے میں ادھو ٹھاکرے نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ ممبرا ، تھانے ضلع میں آتا ہے جو کہ ایکناتھ شندے کا اپنا ضلع ہے، اگر وزیر اعلیٰ کے اپنے ضلع میں واقع ایک شہر میں جانے سے فرنویس ڈرتے ہیں تو پھر ایسے آدمی کو وزیر اعلیٰ کیوں بنا یا ہے؟
 یاد رہے کہ منگل کو ادھو ٹھاکرے نے کولہاپور میں اعلان کیا تھا کہ وہ ریاست کے ہر ضلع میں چھترپتی شیواجی کا ایک مندر تعمیر کریں گے حتیٰ کہ سورت میں بھی چھترپتی شیواجی کا مندر تعمیر کیا جائے گا۔ اس پر دیویندر فرنویس  نے کہا کہ ’’ اگر ادھو ٹھاکرے میں ہمت ہے تو وہ ممبرا جا کر چھترپتی شیواجی کا مندر تعمیر کرکے بتائیں۔‘‘ بدھ کی رات جب ادھو ٹھاکرے ممبئی کے باندرہ کرلا کمپلیکس میں منعقدہ مہا وکاس اگھاڑی کی ریلی سے خطاب کرنے کھڑے ہوئے تو وہ فرنویس کے اس چیلنج کا جواب دینا نہیں بھولے۔ انہوں نےکہا ’’جب کبھی چھترپتی شیواجی کا نام آتا ہے تو دیویندر فرنویس پر لرزہ طاری ہو جاتا ہے۔ میں نے کولہاپور میں اعلان کیا کہ اگر مہاوکاس اگھاڑی کی حکومت آئی تو ہم ہر ضلع میں چھترپتی شیواجی کا ایک مندر بنائیں گے۔ یہ سنتے ہی فرنویس پر لرزہ طاری ہو گیا۔ انہیں بے چینی ہونےلگی کہ کیاکروں اور کیا نہ کروں۔‘‘ ادھو ٹھاکرے کے مطابق ’’ بوکھلاہٹ میں انہوں نے مجھے چیلنج کر دیا کہ اگر ہمت ہے تو ممبرا میں جا کر چھترپتی شیواجی کامجسمہ تعمیر کریں۔ ارے دیوا (دیویندر کا مخفف) بھائو، ..... جہاں جائوں ، وہاں کھائوں ، .... ایک بار ممبرا جا کر آئیے اس کے بعد چیلنج کیجئے۔ ممبرا جہاں سے شروع ہوتا ہے وہیں چھترپتی شیواجی کا مجسمہ ہے۔ وہاں جیوتی با پھلے کا مجسمہ ہے، وہاں ساوتری بائی پھلے کا مجسمہ ہے، ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کا مجسمہ ہے۔  پہلے آپ ممبرا جا کر آئیں اس کے بعد بات کریں۔‘‘ 
 ادھو ٹھاکرے نے سوال اٹھایا کہ ’’ ممبرا تھانے ضلع کا ایک شہر ہے۔ وہی تھانہ ضلع جہاں سے ایک غدار کو ہم سے توڑ کر آپ نے وزیر اعلیٰ بنایا اور اپنے سر پر بٹھایا۔ اس کے وزیر اعلیٰ رہتے ہوئے ممبرا میں جا کر مندر تعمیر کرنا آپ کو مشکل معلوم ہوتا ہے تو پھر ایسے آدمی کو آپ نے اپنے سرپر بٹھا یا کیوں ہے؟ اس غدار کو سر پربٹھاکر نچایا کیوں؟‘‘ یاد رہے کہ وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کا گھر تھانے شہر میں ہے جو ممبرا سے کچھ ہی فاصلے پر واقع ہے۔ ادھو ٹھاکرے کا اشارہ اسی طرف تھا۔ شیوسینا (ادھو) نے کہا ’’ آپ لوگوں نے مہاراشٹر کی جو حالت کی ہے، اسے بدلنے کیلئے، اس ریاست کو بہتر بنانے کیلئے ہم سب ایک ہوئے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ مہاراشٹر کی تصویر بدلنے کیلئے جاری جدوجہد میں عوام ہمارا  پوری طرح ساتھ دیں گے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK