• Thu, 16 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

نتیش رانے اور رام گیری کیخلاف کارروائی کی تفصیلات ڈی جی پی کے پاس ندارد!

Updated: January 15, 2025, 10:51 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

راشٹریہ علماء کونسل کے عہدیدار کی جانب سے آرٹی آئی کے ذریعے معلو مات مانگنے پربتایا گیا کہ کوئی تفصیل موجود نہیں ہے ۔ اپیل پرشنوائی کے دوران متعلقہ شہروں کے پولیس کمشنروں کو تفصیلات فراہم کرانے کا حکم دیا گیا

Nitish Rane
نتیش رانے

 مسلمانوں کے خلاف نتیش رانے (ایم ایل اے )کی زہر افشانی اور رام گیری مہاراج کی دریدہ دہنی کے خلاف کئی پولیس اسٹیشنوں میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہیں مگر آج تک اس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ اس تعلق سے راشٹریہ علماء کونسل کےعہدیدار شان الحسن سیّد نے ریاست کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی)  سے رائٹ ٹوانفارمیشن (آرٹی آئی) کے ذریعے یہ معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی کہ ان دونوں کے خلاف کیا کارروائی کی گئی ؟تو حیرت انگیزطور پرڈی جی پی کے دفتر سے جواب دیاگیا کہ ان کے پاس اس تعلق سے کوئی تفصیل موجود نہیں ہے۔ 
’’تفصیلات متعلقہ پولیس اسٹیشنوں میں ہوتی ہیں‘‘
 اس بارے میں علماء کونسل کے عہدیدارنے ڈی جی پی کے یہاں اپیل کی ۔اس اپیل پر۱۵؍ جنوری بدھ کو شنوائی ہوئی۔ اس دوران ڈی جی پی رشمی شکلا دفتر میں موجود نہیں تھیں۔ان کے ماتحت پولیس افسر کے ذریعے ڈیسک نمبر ۱۲؍پر شنوائی شروع ہوئی جس کے دوران کہا گیا کہ متعلقہ پولیس کمشنروں کو ہدایت دی جائے گی کہ وہ کی جانے والی کارروائی کی تفصیلات آرٹی آئی رضاکار کو مہیا کرائیں۔ اس کے علاوہ یہ بھی کہا گیا کہ یہ تفصیلات ڈی جی پی کے دفتر میں نہیں متعلقہ پولیس اسٹیشنوں میں ہوتی ہیں۔
 اس تعلق سے شان الحسن سیّد نےیہ بھی کہا کہ ’’ ایک طرف توپولیس کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئےمیرا روڈاورمالونی میں ۲۰،  ۲۱؍ نوجوانوں کو گرفتارکیا گیا ،ان پرکئی دفعات لگاکر ان کو مہینوں قید میں رکھا گیا مگر جن لوگوں نے اُکسایا اور کھلا کھلم مسلمانوں کوگالیاں دیں، گھروں میں گھس کرمارنے کی دھمکیاں دیں، مسلمانوں کو روہنگیا اوربنگلہ دیشی کہہ کرطنز کیا ،تھوڑی دیر پولیس ہٹانے کا انتباہ دیا، رسول اکرمؐ کی شان ِ مبارکہ میںگستاخی کی جرأت کی، ان کےتعلق سے کارروائی کرنا تو دور ،ریاست کی پولیس کی سربراہ کے دفتر میںکارروائی کی تفصیل تک موجود نہیں ہے مگر جب تک پولیس کی جانب سے تفصیلات مہیا نہیںکرا دی جاتیں، ہماری کوشش جاری رہے گی اور اس معاملے کو بہرصورت انجام تک پہنچایا جائے گا ۔‘‘
’’کوشش کی جائے گی کہ ان خاطیوں کو سزا ملے‘‘
 انہوں نے یہ بھی بتایاکہ ’’ آرٹی آئی کے ذریعے تفصیلات مل جانے کے بعدیہ بھی اندازہ ہوسکے گا کہ اگر پولیس ٹال مٹول کارویہ اپنائے یا جان بوجھ کرکسی سنگین معاملے کو سردخانے میں ڈالنے کی کوشش کرےتو اس کے خلاف کیا طریقہ اپنایاجاسکتا ہے۔ اس لئے بعد میںجیسی ضرورت ہوگی ، قانونی ماہرین سے صلاح ومشورہ کرنے کےبعد آگےقدم بڑھایا جائے گا اوریہ کوشش کی جائے گی کہ ان خاطیوں کو سزا ملے ۔‘‘
 یادرہے کہ نتیش رانے اوررام گیری کیخلاف ایک نہیں کئی کئی پولیس اسٹیشنوں میں ایف آئی آر درج کرائی گئی تھیں اورپولیس کی جانب سے یقین دہانی بھی کروائی گئی تھی لیکن یکطرفہ کارروائی کرتے ہوئے مسلم نوجوانوں کونشانہ بنایا گیا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK