• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

دھاراوی : حق اور انصاف کےلئے آخری دم تک لڑنے کاعزم

Updated: July 22, 2024, 12:22 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Dharavi

دھاراوی واسیوں کے حق کی لڑائی اور زمین بچانے کی ہر ممکن کوشش پر آندولن کرنے والے کمربستہ ،کرلا میں ہونےوالی میٹنگ میں‌ نمائندوں نے کہا: ادھو ٹھاکرے کی للکار سے ہمیں مزید طاقت اور حوصلہ ملا ہے، اس لڑائی میں کامیابی طے ہے۔

Participants discussing in the meeting of Dharavi Bachao Andolan held in Kurla. Photo: INN
دھاراوی بچاؤ آندولن کی کرلا میں منعقدہ میٹنگ میں شرکاء تبادلۂ خیال کرتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

اڈانی ہٹاؤ دھاراوی بچاؤ آندولن کرنے والوں کی جانب سے کرلا نہرو نگر گنیش ہال میں سنیچر کی شب ایک میٹنگ کی گئی۔ اس میں ادھوٹھاکرے کی للکار اور حکومت کو ان کے انتباہ کی ستائش کرتے ہوئے حوصلہ افزا قرار دیا گیا۔ میٹنگ میں ‌موجود آندولن کرنے والوں نے پُر اعتماد لہجے میں کہا کہ وہ دھاراوی واسیوں کے حقوق اور ایک ایک انچ زمین بچانے پر کمربستہ ہیں اور اب یہ لڑائی جیت کر ہی رہیں گے۔ میٹنگ کے دوران یہ بھی طے پایا کہ آئندہ کی کوشش کے لئے کمیٹی کا نام ’ممبئی بچاؤ ‘ہی رہنے دیا جائے۔ اس کے ساتھ سوشل میڈیا کمیٹی اور دیگر کمیٹیاں بھی تشکیل دی جائیں۔ 
گیم کو سمجھئے
  دھاراوی بچاؤ آندولن کے رکن سندیپ کٹکے نے کہا کہ دھاراوی ری ڈیولپمنٹ کے اڈانی کے گیم کو سمجھئے۔ یہاں ۱۰؍ ہزار کروڑ ٹی ڈی آر پیدا ہوگا اور اس میں سے ۴۰؍فیصد دھاراوی سے باہر بلڈروں کو فروخت کیا جائے گا اور جب تک دوسرا بلڈر ٹی ڈی آر نہیں لے گا وہ دوسری جگہ عمارت تعمیر نہیں کرسکے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم سب اس بات پر صد فیصد قائم ہیں کہ ایک بھی دھاراوی واسی باہر نہیں جائے گا، قانونی اور غیر قانونی کا ڈراما بند کیا جائے۔ شیوسینا کے سابق رکن اسمبلی بابو راؤ مانے نے کہا کہ ادھوٹھاکرے نے آندولن کا بگل بجادیا ہے، ہم سب تن من دھن سے آندولن کے لئے تیار ہوجائیں۔ 
 کسان لیڈر راجن راجے نے کہا کہ انصاف کے لئے ہمیں آخری دم تک خود کو تیار رکھنا ہوگا تبھی کامیابی ملے گی۔ بینک یونین کے سابق لیڈر کامریڈ وشواس اتگی نے کہا کہ اڈانی کو صرف دھاراوی کی نہیں بلکہ جے این پی ٹی، ایم ایم آر ڈی اے، پال گھر میں اور مزید کئی مقامات پر زمینیں دی گئی ہیں۔ اس لئے اب یہ لڑائی دھاراوی بچانے اور اڈانی کو ہٹانے سے آگے بڑھ کر مہاراشٹر بچانے کی ہوگئی ہے، ہم سب اس کے لئے خود کو تیار رکھیں۔ اس کے لئے ہمیں ہر محاذ پر ایکتا اور اپنی طاقت کا احساس کرانا‌ہوگا۔ 
 کامریڈ نصیرالحق کے مطابق ادھوٹھاکرے نے اپنی بے باکی سے اس مہم میں حصہ لینے والوں کو تازہ دم کردیا ہے، اب اڈانی کو ہٹاکر ہی ہم سب دم‌ لیں گے۔ اڈانی کا دوسرا بی کے سی بنانے کا خواب ہم سب پورا نہیں ہونے دیں گے۔ 
وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی جائےگی
کوآرڈینیشن کمیٹی کی جانب سے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے لئے وقت مانگا گیا ہے، ملاقات کے بعد منترالیہ تک ایک بڑا مورچہ نکالا جائے۔ مورچے کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ 
پی ایم اور سی ایم کو پوسٹ کارڈ
  اس موقع پر کچھ مظاہرین کی جانب سے پوسٹ کارڈ بھی نمایاں کیا گیا جسے وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ کو بھیجا جائے گا۔ اس میں لکھا گیا ہے کہ مدرڈیری کی زمین کرلا واسیوں کے لئے استعمال کی جائے دھاراوی واسیوں کی باز آبادکاری کے لئے نہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK