• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

دھولیہ: اِسرو کا دورہ کرنے والے طلبہ کا سائنسداں بننے کا عزم

Updated: October 09, 2024, 3:11 PM IST | Ismail shad | Dhule

اردو اسکولوں کے ۹؍ طالبعلموں نے دورہ کو تاریخی قراردیتے ہوئےکہا کہ انہیں لگا کہ وہ جاگتی آنکھوں سے خواب دیکھ رہے ہیں، سائنسدانوں سے بلاجھجک اور برجستہ سوالات کئے۔

Assistant teacher Qazi Zubair with students of Urdu schools. Image, revolution
معاون معلم قاضی زبیر اردواسکولوں کے طلبہ کے ساتھ ۔ تصویر،انقلاب

دھولیہ ضلع پریشد کے مختلف زبان کی اسکول کے۴۸؍طلبہ کا تعلیمی قافلہ جن میں اردو اسکول کے ۹؍ طلبہ شامل تھے، اسرو بنگلور کا پانچ روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد ۶؍ اکتوبر کی رات دھولیہ پہنچا۔ ضلع پریشد انتظامیہ نے ان طلبہ اور اساتذہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ جبکہ دوسرے دن گاؤں کے لوگوں نے بھی طلبہ اور اساتذہ کا جوش و خروش کے ساتھ استقبال کیا۔ اسرو کا دورہ کرنے والے طلبہ نے سائنسداں بننے کی خواہش ظاہر کی۔ ضلع پریشد کے طلبہ کے پانچ روزہ تعلیمی دورہ کی قیادت و رہنمائی کرنے والے جاتوڑہ ضلع پریشد اردو اسکول کے معاون معلم زبیر قاضی نے انقلاب کو اسرو کے ہمراہ تاریخی مقامات کی تعلیمی سیر کے متعلق تفصیل فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ والدین سے لمحہ بھر بھی دور نہ رہنے والے طلبہ نے ۵؍دن تعلیمی سیر میں خوب لطف اٹھایا۔ طلبہ نے اسرو کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ سیٹیلائٹ وہیکل لانچ کی معلومات حاصل کی۔ سیٹیلائٹ کے ذریعے ملنے والے سگنل سے موصول ہونے والے پیغامات کو کیسے حاصل کیا جاتا ہے۔ طلبہ نے اس شعبے کے سائنسدانوں سے سمجھا۔ طلبہ نے اسرو کے مختلف شعبوں کے سائنسدانوں سے انگریزی میں سوالات پوچھنے کی کوشش کی۔ سوالات پوچھنے میں دشواری پیش آنے پر زبیر قاضی نے طلبہ کی جانب سے انگریزی میں سوال کئے ا ور جواب انگریزی میں ملنے پر اردو میں ترجمہ کرکے طلبہ کو سمجھایا۔ طلبہ نے بنگلور کے ائیر پورٹ کی سیر بھی کی۔ ایان غلام سرور نرڈانہ ضلع پریشد اسکول کے ششم جماعت کے طالبعلم نے اسرو کے دورہ کو ناقابل فراموش قراردیا اور کہا کہ اسے اس دورے سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے۔ زرین آفتاب کھاٹک(جاتوڑہ) نے کہا کہ زبیر قاضی سر کی رہنمائی میں انہیں ان پانچ دنوں میں گھر کی ذرا بھی یاد نہیں آئی۔ زرین نے بھی اس تعلیمی دورے کو تاریخی قراردیتے ہوئےکہا کہ یہ بہت معلومات افزارہا ۔ ماریہ تنویر کھاٹک (سونگیر ) نے اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ اسرو سائنسی ادارے میں پہنچنے پر اور یہاں کے سائنسدانوں سے بات چیت کرنے پر ان کے اندر کا ڈر اور خوف نکل گیا اسرو کے مختلف شعبوں میں چندریان کی معلومات حاصل کرنے پر میری خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں تھا۔ اسرو پہنچنے پر ایسا محسوس ہورہا تھا جیسے میں جاگتی آنکھوں سے خواب دیکھ رہی ہوں۔ 
 اقصیٰ الیاس کھاٹک نے کہا کہ میسور میں شہید وطن ٹیپو سلطان کا تاریخی میوزیم، دیکھ کر ہمیں بہت خوشی ہوئی۔ محفوظ خان (کروند شیرپور)، علینا الیاس (ساکری) نے بھی حل میوزیم اسرو کے علاوہ میسور، ویشوریا میوزیم، لال باغ گارڈن ودیگر مقامات کی سیر کا آنکھوں دیکھا حال بیان کیا۔ 
زبیر قاضی نے بتایا کہ اردو اسکول کے یہ۹؍ طلبہ نے پانچ روزہ تعلیمی دورے کا نہ صرف مزہ لوٹا بلکہ ان طلبہ نے اپنی قابلیت صلاحیت اور برجستہ سوالات کرکے سائنسدانوں کو بہت متاثر کیا۔ ان طلبہ نے مختلف مقامات کی معلومات بیاض میں قلمبند کی ہے۔ بہت جلد ان کی معلومات کو ایک کتابی شکل میں شائع کی جائے گی۔ زبیر قاضی نے یہ بھی کہا کہ ضلع پریشد سی ای او وشال نرواڈے، ضلع پریشد صدر دھرتی دیورے، پینگڑے مسلسل رابطے میں تھے۔ لگاتار فون کرکے بچوں کی خیر خیریت پوچھتے رہے یہاں تک کے دھولیہ سے ہنگولی تبادلہ ہوکر گئے ضلع کلکٹر ابھینو گوئل نے بھی فون کے ذریعے اور وہاٹس ایپ کے ذریعے طلبہ کی خیریت اور ان کا حال چال پوچھا۔ زبیر قاضی نے یہ بھی کہا کہ دھولیہ ضلع پریشد کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب ضلع پریشد کے طلبہ نے ناسک سے بنگلور ہوائی سفر کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK