• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

وقف بل کیخلاف کیا آپ نے رائے دی؟

Updated: September 11, 2024, 10:51 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

صرف ۳؍ دن باقی ہیں، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ اب تک ۷۰؍ لاکھ آراء جے پی سی کو ای میل کرچکا ہے، ملّی تنظیموں نے پھر توجہ دلائی۔

A campaign is being conducted in Muslim neighborhoods to scan the QR code against the Waqf Bill. Photo: Inquilab
وقف بل کیخلاف کیوآر کوڈ اسکین کرکے رائے دینے کیلئے مسلم محلوں میں مہم چلائی جارہی ہے۔ تصویر : انقلاب

وقف ترمیمی بل کے خلاف رائے دینے میںمحض ۳؍د ن باقی ہیں۔ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کی جانب سے رائے قبول کرنے کی آخری تاریخ  ۱۳؍ ستمبر طے کی گئی ہے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ذریعے تیار کردہ کیو آرکوڈ کے ذریعے پہلے دن سے اہتمام کے ساتھ یہ سلسلہ جاری ہے اورجمعہ ۱۳؍ ستمبر تک جاری رہے گا۔ دیگر تنظیموں جمعیۃ علماء، جمعیت اہل حدیث، جماعتِ  اسلامی ، رضا اکیڈمی ،ملی کونسل، علماء کونسل اوردیگر تنظیموں کی جانب سے بھی مسلسل توجہ دلائی جارہی ہے کہ اس بل کیخلاف رائے دینے کا کام  اولین فرصت میں انجام دیا جائے۔ اس تعلق سے درد مند افراد سوشل میڈیا پر بھی سرگرم ہیں۔
ایک کروڑ سے زائد آراء بھجوانے کا نشانہ 
 آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے پہلے دن سے ہی یہ کوشش کی گئی کہ زیادہ سے زیادہ آراء بھجوائی جائیں۔ آخری دن تک ایک کروڑسے زائد آراء بھجوانے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔  بورڈ کے رکن مولانا محمودخان دریابادی نےبتایا کہ منگل کی شام کو۷؍ بجے تک ۷۰؍لاکھ آراء جے پی سی کو بھجوائی جاچکی ہیں۔ امید ہے کہ جمعہ تک ایک کروڑسے زائد کا نشانہ بآسانی پورا کرلیا جائے گا۔
خواتین پرخصوصی توجہ ،خانقاہ صابریہ میں خواتین کی نشست 
ملی تنظیموں کے ذمہ داران کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ مردوں میں یہ کام تو اہتمام سے جاری ہے مگر خواتین میں اس انداز میںیہ کام نہیں ہورہا ہے۔اس لئے اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اسی ضرورت کے پیش نظر مالونی گیٹ نمبر۷؍ میں جامع مسجد کے پیچھے خانقاہ صابریہ میںخواتین کی خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا ۔ اس دوران اُن سے گھر گھر پیغام پہنچانے کی درخواست کی گئی۔اس تعلق سے خانقاہ کے نگراں مخدوم صابری ، طیبہ مسجد کے صدر شمیم خان اورجماعتِ اسلامی کے مقامی امیر انور شیخ نے خواتین کی رہنمائی کی اوران کوکیو آرکوڈ اسکین کرنے کا طریقہ بھی سمجھایا۔ وہاں موجود خواتین نےہاتھ بلند کرکے اپنی جانب سے یہ پیغام اپنے محلے میںایک ایک گھر  تک پہنچانے کا یقین دلایا۔ 
کیوآرکوڈ میں تکنیکی خرابی فوراً دور کرلی گئی 
 پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے اس کی توثیق کی گئی کہ پیر کے دن اوررات میںدو مرتبہ ایسا ہوا کہ جب تکنیکی خرابی کی وجہ سے کیو آرکوڈ اسکین کرنے کا سلسلہ کچھ وقفے کے لئے رک گیا تھا مگر بورڈ کی جانب سے اس کی نگرانی کے لئے مقرر کردہ ماہرین کی ٹیم نے اسے فوراً  درست کرلیا ۔اچھی بات یہ رہی ہے کہ اس کا بیک اَپ پوری طرح محفوظ رہا۔ 
یہ ملت کے ایک ایک فرد کی ذمہ داری ہے 
 جمعیۃ علماء کےجنرل سیکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہاکہ ’’جمعیۃ کے کارکنان پوری تندہی سے مصروف عمل ہیں۔ یہ کام ملت کےایک ایک فرد کا ہے۔‘‘ جمعیت اہل حدیث کے نائب صدر مولانا عبدالجلیل انصاری نے کہاکہ ’’ وقف بل کوبہرصورت روکنا ضروری ہے ۔ اس لئےجن لوگو ں نے اب تک کیو آر کوڈ اسکین نہیں کیا ہے ،وہ فوری توجہ دیں۔‘‘جماعتِ اسلامی کے ممبئی کے امیر ہمایوں شیخ نے بھی اس جانب توجہ دلائی۔  رضا اکیڈمی کے جنرل سیکریٹری محمد سعید نوری نے کہاکہ ’’ اب تساہل کا وقت نہیں ہے فوراًکیوآر کوڈ اسکین کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK