Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین کی مشینوں کی کمی سے دقت

Updated: April 13, 2025, 10:08 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

کے ای ایم اسپتال میں مریضوںکو ایم آر آئی کیلئے دسمبر کااپائنمنٹ دیاجارہاہے، ۲؍سال سے نئی مشینوںکی خریداری کی کارروائی جاری

Only one CTA scan machine is available at Nair Hospital.
نائر اسپتال میں صرف ایک سی ٹی ا سکین مشین دستیاب ہے۔( تصویر:انقلاب )

ائر، کے ای ایم، سائن اور کوپر اسپتال کی ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین کی متعدد مشینوں کےخراب اوربندہونےسے مریض پریشان ہیں۔کے ای ایم اسپتال میں جاری ایم آ ر آئی کی ایک مشین پر مریضوں کا بوجھ بڑھنے سے مریضوںکو۹؍مہینے کے بعدیعنی دسمبر کا اپائنمنٹ دیا جا رہا ہے۔گزشتہ ۲؍ سال سے نئی مشینوں کی خریداری کی کارروائی جاری ہےلیکن اب تک مشینیں نہیں آئی ہیں۔
 میونسپل کارپوریشن کے اہم اسپتالوں میں شامل نائر اسپتال میں ایم آر آئی کی مشینیں بند پڑی ہیں۔ ۱۵؍روز قبل کوپراسپتال کی ایم آر آئی مشین بند تھی۔  میونسپل انتظامیہ نے ان اسپتالوں کیلئے مشینوںکی خریداری کو منظوری دے دی ہے لیکن گزشتہ۲؍برسوں سےمشینوں کی خریداری کا معاملہ التواء کا شکارہے۔سائن اسپتال میں ۲؍ ایم آر آئی اور ۲؍ سٹی اسکین مشینیں ہیں لیکن ان میں سے ایک مشین ہی کام کررہی ہے۔ کے ای ایم اسپتال میں ایک ایم آر آئی اورایک سی ٹی ا سکین مشین کام کررہی ہیںلیکن مشینوں کے پرانے ہوجانے سے کام سست روی سے ہورہاہے علاوہ ازیں جن بی ایم سی اسپتالوںمیں مشینیں کام نہیں کررہی ہیں وہاں کے مریضوں کے یہاں آنے سے مشینوںپر بوجھ پڑرہاہے۔نائر اسپتال میں صرف ایک سی ٹی ا سکین مشین دستیاب ہے۔سائن اسپتال میں مریضوں کا بوجھ بڑھتا ہے تو سائن اسپتال انتظامیہ کے دائرہ اختیار میںآنے والے چھوٹا سائن اسپتال میں مریضوںکو بھیج کر سٹی اسکین اور ایم آر آئی ٹیسٹ کرائے جارہے ہیںچونکہ نائر اسپتال میں ایم آر آئی بند ہے، اس لئے نائر اسپتال انتظامیہ نے چھوٹا سائن اسپتال سے بھی رابطہ کر رکھا ہے۔ ضرورت کے مطابق نائر اسپتال والے اپنے مریضوںکاسی ٹی اسکین اور ایم آر آئی چھوٹا سائن اسپتال سے بھی کرواتےہیں۔
  کے ای ایم اسپتال میںایک ایم آر آئی اور ایک سٹی اسکین مشین کام کر رہی ہے ۔ یہاں ایم آر آئی ٹیسٹ کی تاریخیں دسمبر تک دی گئی ہیں۔ فی الحال کے ای ایم اسپتال ایم آر آئی کی تاریخیں نہیں دے رہا ہے کیونکہ ۲۰۲۶ءکانیا کیلنڈر نہ ہونے کی وجہ سے مزید تاریخیں دینا ممکن نہیں ہے۔ اسپتال میںزیرعلاج مریضوں کا ایم آر آئی کرایا جاتا ہے لیکن آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ میں زیر علاج افراد کو اب اگلے سال کا انتظار کرنا پڑے گا۔ سی ٹی اسکین اور سونوگرافی کیلئے۲۵؍ مئی تک کی تاریخیں دی گئی ہیں۔ اس وقت اسپتال میں میموگرافی بند ہے ۔ اس سہولت کو شروع کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔کوپر اسپتال کی مشین بھی پندرہ روز قبل بند کر دی گئی تھی۔
 کے ای ایم اسپتال کی ڈین ڈاکٹر سنگیتارائوت کےمطابق ’’ہمارے پاس ایم آر آئی مشین میں مسئلہ ہے اور نئی ایم آر آئی مشین کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ ہمارے یہاں دوسرے اسپتالوں سے زیادہ مریض آتےہیں۔سی ٹی اسکین اور سونوگرافی کی ویٹنگ لسٹ کو کم کرنےکی کو شش کی جارہی ہے۔ ہم بھی مریضوں کو ایم آر آئی کیلئے دیگربی ایم سی اسپتالوں میں بھیجنے پر مجبور ہیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK