• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کسانوں کی ڈیجیٹل آئی ڈی تیار کی جا رہی ہے اور اسے ان کی کھیتی کی زمینوں سے جوڑ دیا جائے گا: شیوراج

Updated: August 06, 2024, 1:55 PM IST | Agency | New Delhi

راجیہ سبھا میں زراعت اور کسانوں کی بہبود کی وزارت کے کام کاج پر بحث کا جواب دیتے ہوئے چوہان نے کہا کہ مودی حکومت کی ترجیح کسانوں کا احترام اور بہبود ہے اور وہ اس کیلئے مسلسل کوشش کر رہی ہے۔

Shivraj Singh Chauhan addressing the Rajya Sabha.  Photo: PTI
شیوراج سنگھ چوہان راجیہ سبھا سے خطاب کرتےہوئے۔ تصویر : پی ٹی آئی

زراعت اور کسانوں کی بہبود کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے پیر کو راجیہ سبھا میں کہا کہ کسانوں کی ڈیجیٹل آئی ڈی تیار کی جا رہی ہے اور اسے ان کی کھیتی کی زمینوں سے جوڑ دیا جائے گا۔ ایوان میں زراعت اور کسانوں کی بہبود کی وزارت کے کام کاج پر بحث کا جواب دیتے ہوئے چوہان نے کہا کہ مودی حکومت کی ترجیح کسانوں کا احترام اور بہبود ہے اور وہ اس کیلئے مسلسل کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پردھان منتری کسان سمان یوجنا کے ذریعے کسانوں کو زیادہ سود سے آزادی ملی ہے اور ان کی وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ اس سے کسان بااختیار ہوا ہے اور اسے کھیتی کے لئےوقت پر پیسے ملنا شروع ہو گئے ہیں۔ 
 وزیر زراعت نے کہا کہ حکومت کسانوں کے لئے ڈیجیٹل آئی ڈی بنانے کی طرف بڑھ رہی ہے تاکہ دھوکہ دہی اور زرعی اراضی کے غلط استعمال کو روکا جا سکے۔ اس آئی ڈی کو کسانوں کی زمینوں سے منسلک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے زمین کی فراڈ کو روکا جا سکے گا اور ریونیو حکام کی من مانی کو بھی روکا جائے گا۔ اس آئی ڈی کی مدد سے حقیقی کسان تباہی یا فصل کے نقصان کی صورت میں مدد حاصل کر سکے گا۔ 
چوہان نے کہا کہ فصل کی بوائی اور نقصان کا ریکارڈ سیٹلائٹ سسٹم کے ذریعے ہو گا اور کھیت میں نقصان کی صورت میں اصل کسان کو براہ راست مدد فراہم کی جا سکتی ہے۔ وزیر زراعت نے کہا کہ حکومت کسانوں کی آمدنی بڑھانے کیلئے ایک جامع انداز اپنا رہی ہے۔ اس کیلئے کیمیائی کھادوں کے استعمال کو کم کرنے کی کوشش میں حکومت نے قدرتی کھیتی کیلئے ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔ قدرتی کھیتی کیلئے ایک کروڑ کسانوں کو تربیت دینے کی تیاریاں جاری ہیں۔ ابتدائی طور پر۷ء۵؍ لاکھ ہیکٹر اراضی پر قدرتی کھیتی شروع کی جائے گی۔ 
  انہوں نے کہا کہ حکومت کا زور زرعی برآمدات پر ہے۔ چاول، مسالہ، چینی اور مونگ پھلی کی برآمدات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومت نے موسم دوست فصلیں پیدا کرنے کی اسکیم شروع کی ہے۔ اس کے تحت نئی اقسام تیار کی جا رہی ہیں۔ یہ موسمیاتی تبدیلی کی صورتحال سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ 
 زراعت کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ کانگریس نے کبھی بھی کسانوں کو ترجیح نہیں دی۔ کانگریس کے دور حکومت میں کسانوں پر گولیاں چلائی گئیں۔ پنڈت جواہر لال نہرو اور اندرا گاندھی کی یوم آزادی کی مختلف تقاریر کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسان ان کی سوچ میں نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس لیڈروں کا کھیتی اور زراعت سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ انہوں نے ہریانہ کے سونی پت میں ایک کانگریس لیڈر کا کسانوں سے ملاقات اور کھیتوں میں کام کرنے کا ویڈیو بھی پیش کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK