• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ممبئی کے تمام وارڈوں میں لگی ہورڈنگز کے سروے کی ہدایت

Updated: June 15, 2024, 6:43 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

بی ایم سی نے لائسنس انسپکٹروں کو ۷؍دنوں میں رپورٹ پیش کرنے کیلئے کہا،غلط رپورٹ دینے پر کارروائی کا انتباہ

BMC has decided to survey all hoardings in the city. (File Photo)
بی ایم سی نے شہر میں تمام ہورڈنگز کا سروے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔(فائل فوٹو)

گھاٹکوپر میں ہورڈنگ ( بل بورڈ ) سانحہ میں  ۱۷؍ افراد کی ہلاکت کے بعد بھی گھاٹکوپر پیٹرول پمپ کے پاس ملبہ کا انبار اب تک مکمل طور پر صاف نہیں ہوا ہے ۔ اس حادثہ کے بعد بی ایم سی نے ۱۷؍ جانیں تلف ہونے کے بعد ہوش کے ناخن لیتے ہوئے جہاں ہوڈنگز لگانے کے سلسلہ میں رہنما خطوط تیار کرتے ہوئے شہر اور مضافات میں لگائی جانے والی جا بجا ہوڈنگز کے درمیان مناسب فاصلہ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے  وہیں شہر کے تمام ۲۴؍ وارڈروں کے لائسنس انسپکٹروں کو لگائی گئی سبھی ہورڈنگز کا سروے کرنے کی ہدایت جاری کی ہے ۔
  برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی) نے شہر میں جا بجا لگنے والی ہورڈنگز اور بل بورڈ کے تعلق سے نئی پالیسی ترتیب دینے کے ساتھ ہی شہری انتظامیہ نے شہر کے تمام ۲۴؍ وارڈوں کے لائسنس انسپکٹروں کو مکتوب روانہ کیا ہے ۔ جاری کردہ مکتوب کے ذریعہ شہر اور مضافات میں لگے سبھی ہورڈنگز ، بل بورڈ اور ڈیجیٹل بورڈ کا سروے کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ۔بی ایم سی کے ترتیب کردہ ریکارڈس کے مطابق اس وقت شہر میں ڈیجیٹل اور فلیکس کے ایک ہزار ۲۵؍ بل بورڈ اور ہورڈنگز لگی ہوئی ہیں جن سے شہری حکام کو ۱۰۰؍ کروڑ کی آمدنی ہوتی ہے ۔ 
 بی ایم سی کے جاری کردہ مکتوب میں ہورڈنگ لگانے کا لائسنس فراہم کرنے والے انسپکٹروں کو یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ وہ اپنے دائرے اختیار میں موجود شہر اور مضافات میں لگی سبھی ہورڈنگز کا ۷؍ دنو ں میں سروے کریں اور تمام ہورڈنگز کے قانونی یا غیر قانونی ہونے ، اس کی سائز اور اجازت حاصل کرنے کے بعد لگائی گئی ہے یا نہیں کی تفصیلی رپورٹ شہری انتظامیہ کو پیش کریں ۔ اس کے علاوہ اپنی رپورٹ میں ڈیجیٹل ہورڈنگز کے تعلق سے اس بات کو بھی واضح کرنے کی ہدایت دی ہے کہ ، ڈیجیٹل ہورڈنگس کو رات ۱۱؍ بجے کے بعد بند کیا جاتا ہے یا نہیں۔
 اس سلسلہ میں ڈپٹی میونسپل کمشنر کرن دیگھاؤکرکے ذریعہ جاری کردہ مکتوب میں لائسنس انسپکٹروں کو اس بات سے بھی متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر ہورڈنگز اور ڈیجیٹل بل بورڈ سے متعلق غلط سروے رپورٹ پیش کی گئی تو اس انسپکٹر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈیجیٹل سائن بورڈ کو طے شدہ وقت میں بند کئے جانے، اس کی نگرانی کرنے کے تعلق سے خصوصی اسکواڈ ترتیب دیا گیا ہے ۔
کیو آر کوڈ لگایا جائے
  ڈپٹی میونسپل کمشنر نےبل بورڈ اور ڈیجیٹل ہوڈرنگز لگائے جانے کے تعلق سے جو نئی پالیسی ترتیب دی ہے، سے متعلق بتایا کہ اب ہر نئی لگنے والی ہوڈنگز اور بل بورڈ میں ’کیو آر کوڈ ‘بھی چسپاں کرنے کا فرمان جاری کیا گیا ہے ۔ بل بورڈ اور ڈیجیٹل سائن بورڈ پر کیو آر کورڈ لگانے کا مقصد یہ ہے کہ اسے اسکین کرنے پر نہ صرف اسے لگانے کا لائسنس جاری کرنےاور تاریخ کا پتہ چلے گا  بلکہ اس کی سائز ، بل بورڈ یا سائن بورڈ لگانے والی کمپنی کی تفصیلات بھی اس میں موجود ہوگی ۔ یہی نہیں کیو آر کوڈ سے ہوڈنگز یا ڈیجیٹل سائن بورڈ کے قانونی اور غیر قانونی ہونے کا بھی پتہ چل جائے گا ۔نئی پالیسی کے مطابق اب بل بورڈ اور سائن بورڈ کے درمیان ایک مخصوص فاصلہ رکھ کر ہی اسے لگانے کی اجازت دی جائے گی ۔ڈپٹی میونسپل کمشنر کے بقول اگر کوئی ایجنسی نئی پالیسی کی خلاف ورزی میں ملوث پائی گئی تو ان کی جمع شدہ رقم ضبط کر لی جائے گی اور دوبارہ خلاف ورزی کرنے پر ایجنسی کو بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔    

ghatkopar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK