Inquilab Logo

وزرائے اعلیٰ کوہنگامی حالات کیلئے پیشگی تیار رہنے کی ہدایت

Updated: January 14, 2022, 9:00 AM IST | New Delhi

کووڈ کی صورتحال کی جائزہ میٹنگ میںوزیر اعظم کا مقامی سطح پر انفیکشن کو پھیلنے سے روکنے کے اقدام پر زور ، اس دوران یہ بھی خیال رکھنے کی تلقین کی کہ عام شہریوں کا ذریعہ معاش اورکاروبارمتاثر نہ ہو، ملک میںگزشتہ ۲۴؍ گھنٹوںمیںکووڈ کے ۲؍ لاکھ ۴۷؍ ہزار سے زائد نئے معاملے

Prime Minister Modi talking to the Chief Ministers of the states in a virtual meeting. (PTI)
وزیر اعظم مودی ورچوئل میٹنگ میںریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے ۔(پی ٹی آئی)

کووڈ اوراومیکرون کے بڑھتے ہوئے معاملات کے درمیان وزیر اعظم  مودی نے ریاستوںکے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ ایک میٹنگ میں انہیںہر طرح کے ہنگامی حالات کا سامنا کرنے کیلئے پیشگی طورپر تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔وزرائے اعلیٰ کے ساتھ ایک ورچوئل میٹنگ کی سربراہی کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ مقامی سطح پر انفیکشن کو پھیلنے سے روکنے کے اقدام کئے جائیں اوراس دوران یہ بھی خیال رکھا جائے کہ عام شہریوں کا ذریعہ معاش اورکاروبارمتاثر نہ ہو۔میٹنگ میںوزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ اومیکرون کے معاملات جہاںتیزی سے سامنے آرہے ہیںوہیںاس کی تشخیص بھی تیزی سے ہوجاتی ہے۔
 واضح رہےکہ  اومیکرون کے بڑھتے ہوئے معاملات کووڈ کی تیسری لہر کے اندیشوںکے درمیان مرکزی وزارت صحت کی جانب سے تشویش کا اظہار کئےجانےکے ایک دن  بعدوزیر اعظم نے یہ میٹنگ طلب کرتے ہوئے  وزرائے اعلیٰ کو اہم ہدایات دی ہیں ۔ اس ورچوئل میٹنگ میں وزیراعظم کے علاوہ وزیر داخلہ امیت شاہ ، مرکزی صحت سیکریٹری من سکھ مانڈویا ، پنجاب کے وزیر اعلی چرن جیت سنگھ چنی ، راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت ،چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال بھی  موجود تھے ۔
 کووڈ اور اومیکرون کے بڑھتے ہوئے معاملات کو دیکھتے ہوئے مرکزی  اور ریاستی سطح پر تشویش بڑھتی جارہی ہے  اور ہنگامی سطح پر اقدامات پر زور دیاجارہا ہے۔
ملک میںکورونا کی تازہ صورتحال 
 اس دوران ملک میں کورونا کی تیسری لہر کے آنے کے بعد سے ہی صورتحال دھماکہ خیز بنی ہوئی ہے۔ گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا  کے۲؍ لاکھ۴۷؍  ہزار۴۱۷؍  نئے کیس سامنے آئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی فعال  معاملات کی کل تعداد۱۱؍ لاکھ۱۷؍ ہزار۵۳۱؍ ہوگئی ہے۔
 دریں اثنا بدھ کو۷۶؍ لاکھ۳۲؍ ہزار۲۴؍ افراد کووڈ ویکسین لگائی گئی  اور جمعرات کی صبح۷؍ بجے تک موصول ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اب تک ایک ارب۵۴؍ کروڑ۶۱؍ لاکھ۳۹؍ ہزار۴۶۵؍ افراد کو ویکسین دی جا چکی ہے۔
 مرکزی وزارت صحت کی طرف سے جمعرات کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اس وقت متاثرہ افراد کی کل تعداد بڑھ کر ۳؍ کروڑ۶۳؍ لاکھ۱۷؍ ہزار۹۲۷؍ ہو گئی ہے۔
 اسی عرصے میں مزید۳۸۰؍ مریضوں کی موت کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد ۴۸۵۰۳۵؍ہوگئی ہے ۔ گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران۸۴۸۲۵؍ مریضوں کے صحت یاب ہونے کے بعد اس وبا سے نجات پانے والوں کی مجموعی تعداد۳؍ کروڑ۴۷؍ لاکھ۱۵؍ ہزار۳۶۱؍ ہوگئی ہے۔ اسی مدت میں۱۸؍ لاکھ۸۶؍ ہزار ۹۳۵؍ کووڈ ٹیسٹ  کئے گئے ہیں۔
 قومی راجدھانی دہلی میں گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں میں کورونا وائرس کے ایکٹیو کیس۱۲۵۶۴؍ عدد سے بڑھ کر۸۷۴۴۵؍ہوگئے ہیں جب کہ ۱۴۹۵۷؍ مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد اس وبا سے نجات پانے  والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر۱۵۰۵۰۳۱؍ ہو گئی ہے۔
 مہاراشٹر میں جنگی پیمانے پر اقدامات
  ریاست مہاراشٹرا بالخصوص ممبئی میں اس ماہ کے آخر یا فروری کے اوئل میں کورونا کے معاملات میں اضافے کی پیش گوئی اور اس کے خدشات  پرمحکمہ صحت نے جنگی پیمانے پر اقدامات کرنا شروع کر دیئے ہیں اور ریاست اس کے لئے مکمل طور پر تیار ہے ۔محکمہ صحت کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر پر دیپ ویاس نے کہا کہ  ریاستی محکمہ صحت نے اس ضمن میں گزشتہ کل اپنی ایک تفصیلی رپورٹ وزیراعلیٰ کے روبرو  پیش کی تھی جس پر  ریاستی کابینہ کی ہفتہ واری میٹنگ میں بھی بحث ہوئی اور موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

covid-19 Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK