• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ودھان پریشد الیکشن میں مسلم نمائندوں کو ٹکٹ نہ ملنے سے کانگریس میں ناراضگی

Updated: July 04, 2024, 11:06 PM IST | Zaid A Khan | Mumbai

کانگریس کے ریاستی جنرل سیکریٹری عبدالحفیظ نے ممبئی پہنچ کر نانا پٹولے کے ہاتھ میں استعفیٰ سونپا، ناندیڑ کے دیگر پارٹی کارکنان نے بھی تائید کی

Abdul Hafeez handing over his resignation to Nana Patole
نانا پٹولے کو استعفیٰ سونپتے ہوئے عبدالحفیظ

 ودھان پریشد  الیکشن  میں کانگریس  نے ایک بھی  مسلمان کو ٹکٹ نہیں دیا ہے۔ اس کی وجہ سے پارٹی کے مسلم کارکنان  میں ناراضگی ہے۔ کانگریس کے ریاستی جنرل سیکریٹری اور سینئر لیڈر عبدالحفیظ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیاہے ۔یہ استعفیٰ انہوں نے پارٹی کے ریاستی صدر نانا پٹولے سے ممبئی میں باقاعدہ ملاقات کرکے دیاہے ۔
 اس سلسلہ میں کانگریس کے مقامی لیڈر ڈاکٹر عبدالباقی نے کہا ہے کہ عبدالحفیظ کی ہم تائید کرتے ہیں۔ جس معاملے پر انہوں نے استعفیٰ دیاہے ،اس سے ہم بھی اتفاق رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس اور اس کے  اتحادیوں کو یکطرفہ طور پر ووٹ دیااور جیت دلائی ۔لوک سبھا انتخابات میں کانگریس نے ایک بھی مسلمان کو ٹکٹ نہیں دیا ۔ اس وقت بھی یہ پرزور مطالبہ کیا گیا تھا کہ کم از کم ایک سیٹ سے   مسلم نمائندے کو ٹکٹ دیا جائے لیکن پارٹی نے کسی بھی مسلمان کو ٹکٹ نہیں دیا ۔ عبدالباقی بتاتے ہیں کہ ’’اس کے بعد ودھان پریشد الیکشن میں مسلم نمائندوں کو موقع دینے کی مانگ کی گئی تھی ۔قانون ساز کونسل میں دو مسلم نمائندوں کی معیاد مکمل ہورہی تھی اور ان کی جگہ کسی نئےمسلم چہرے کو ٹکٹ دینے کی مانگ کی گئی لیکن پارٹی اعلیٰ کمان نے اس معاملے میں بھی مسلمانوں کو نظر انداز کرکے ہنگولی سے پرگیہ ساتو کو ٹکٹ دیا گیا ۔‘‘ عبدالباقی کے مطابق ’’ حالانکہ مراٹھواڑہ میں مسلمان سب سے زیادہ تعداد میں ہیں اور یہاں پارلیمنٹ کی ۹؍ میں سے ۸؍سیٹوں پر مہاوکاس اگھاڑی کے امیدواروں کو کامیابی ملی تھی جس میں مسلم ووٹوں کا بہت اہم رول رہاہے ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’مسلم کارکنان نے  مسلم امیدوار کو ودھان پریشد الیکشن میں ٹکٹ دینے  کا مطالبہ لے  کر ناندیڑسے  ممبئی اور ممبئی سے دہلی کا دورہ کیا۔ وہاں جاکر راہل گاندھی ،سونیا گاندھی ااور پارٹی کے قومی صدر ملکا ارجن گھرگے  کے علاوہ کے سی وینو گوپال اور دیگر  ذمہ داران سے ملاقات کی اور انہیں کسی  مسلم نمائندے کو ایم ایل سی کا ٹکٹ دینے کی مانگ کی لیکن پارٹی نے اس معاملے میں کسی کی بھی نہیں سنی اور اپنے مرضی سے راجیو ساتو کی بیوی پرگیہ ساتو کو نمائندگی دی ۔‘‘ یاد رہے کہ لوک سبھا الیکشن کے وقت سابق ریاستی وزیر عارف نسیم خان بھی کانگریس کی جانب سے مسلم نمائندگی کا معاملہ اٹھا چکے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK