• Wed, 08 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

حماس اور اسرائیل کے مابین جنگ بندی معاہدہ کی تفصیلات پر تنازع

Updated: January 07, 2025, 1:47 PM IST | Agency | Gaza

جنگ بندی کیلئے بات چیت حتمی مرحلے میں ہونے کے باوجود غزہ میں اسرائیلی حملے جاری رہے، ۱۳؍ افراد شہید، درجنوں زخمی۔

A Gaza neighborhood destroyed in the bombing can be seen, where people are gathering necessities from the rubble. Photo: INN
بمباری میں تباہ ہونے والا غزہ کا ایک محلہ دیکھا جاسکتا ہے،جہاں لوگ ملبے سے ضرورت کی چیزیں اکھٹا کررہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

حماس اور اسرائیل کے درمیان ممکنہ جنگ بندی معاہدے کی تفصیلات پر تنازع چل رہا ہے۔ الجزیرہ کے مطابق فلسطینی گروپ حماس نے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ اس نے معاہدہ کے پہلے مرحلے کے حصے کے طور پر اسرائیلی حکام کی جانب سے پیش کردہ ۳۴؍ یرغمالوں کی فہرست کی منظوری دے دی ہے،جبکہ اسرائیل نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔ 
غزہ پر مسلسل بمباری جاری ہے
 غزہ پر اسرائیلی فوج کی بمباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں رفح میں کم از کم۴؍ اور بریج میں مزید۳؍فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، یہ شہادتیں۳؍ روز سے جاری شدید بمباری کے بعد ہوئی ہیں، جس میں تقریباً۲۰۰؍ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ دریں اثنا غزہ پٹی میں آٹھواں فلسطینی بچہ سردی سے ٹھٹھر کر ’ہائپوتھرمیا‘ کی وجہ سے شہید ہو گیا ہے، جہاں اسرائیل کی جانب سے انسانی امداد کے داخلے پر پابندی کے باعث خاندان سخت سردی کا سامنا کر رہے ہیں۔
 غزہ پر اسرائیل کی جنگ میں۷؍ اکتوبر۲۰۲۳ء سے اب تک کم از کم۴۵؍ ہزار۸۰۵؍ فلسطینی شہید اور ایک۹؍ ہزار۶۴؍ فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں، اس دوران حماس کی زیر قیادت حملوں کے دوران اسرائیل میں کم از کم ایک ہزار۱۳۹؍ افراد ہلاک ہوئے اور۲۰۰؍ سے زیادہ کو یرغمال بنایا جاچکا ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ نے غزہ کے اسپتالوں پر اسرائیلی حملوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسا کہ ہم رپورٹ کر رہے ہیں، اسرائیلی افواج غزہ کی پٹی میں طبی تنصیبات پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، حملوں پر وسیع پیمانے پر تنقید کو نظر انداز کر رہی ہیں۔
غزہ پٹی میں شدید سردی کے نتیجے میں ایک اور شیٖر خوار کی موت
 غزہ پٹی میں سخت موسمی حالات اور شدید سردی کے نتیجے میں ایک اور شیر خوار جاں بحق ہوگیا۔ سردی سے ٹھٹھر کر فوت ہوجانے والے شیر خوار کی عمر صرف۳۵؍ دن تھی۔ پیر کو فلسطینی معان ایجنسی نے طبی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یہ واقعہ شدید سردی کے نتیجے میں ہونے والی اموات کی تعداد میں اضافے کے تناظر میں پیش آیا ہے۔ سردی سے ٹھٹھر کر مرنے والے بچوں کی تعداد آٹھ ہوگئی ہے۔
  فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) نے اتوار کو بتایا تھا کہ سرد موسم اور پناہ گاہ کی کمی غزہ میں نوزائیدہ بچوں کی موت کا سبب بن رہی ہے۔  انروا نے خبردار کیا کہ اس کی سرگرمیاں مفلوج ہو سکتی ہیں کیونکہ اس کی کارروائیوں پر پابندی لگانے کا اسرائیلی فیصلہ جاری ماہ جنوری کے آخر میں متوقع ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK