۳؍دیگر وزارتیں دے دی گئیں، اجیت پوار کو حسب وعدہ مالیات کا محکمہ۔
EPAPER
Updated: December 22, 2024, 10:29 AM IST | Iqbal Ansari | Nagpur
۳؍دیگر وزارتیں دے دی گئیں، اجیت پوار کو حسب وعدہ مالیات کا محکمہ۔
مہاراشٹر اسمبلی کے سرمائی اجلاس سے ایک روز قبل کابینہ میں توسیع کی گئی تھی اور ۳۹؍ وزیروں کو حلف دلوایاگیا تھا اور دعویٰ کیاگیا تھاکہ قلمدانوں کی تقسیم کااعلان بھی ہو جائے گا لیکن طویل انتظار اوراسمبلی اجلاس کے ختم ہونے کے بعد سنیچر کی رات قلمدانوںکی تقسیم عمل میں آئی ہے۔ اس میں حسب امکان ایکناتھ شندے کو وزارت داخلہ نہیں دی گئی لیکن حسب وعدہ اجیت پوار کو وزارت مالیات ضرور دے دی گئی۔ حالانکہ شندے نے اس وزارت کیلئے بہت زور لگایا تھا اور کئی دن تک کھل کر ناراضگی بھی ظاہر کی لیکن بی جے پی نے انہیں خاطر میں نہیں لیا۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے اپنے پاس وزارت قانون کے ساتھ ساتھ وزارت داخلہ بھی رکھ لی ہے
نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو شہری ترقیات، ہاؤسنگ اور پبلک ورکس کے قلمدان سونپے گئے ہیں، جو ریاست کے بنیادی ڈھانچے اور شہری منصوبہ بندی کی ترقی کے اہم شعبے ہیں۔ دوسرے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوارکو مالیات، منصوبہ بندی اور ایکسائز ڈپارٹمنٹ کا اہم قلمدان دیا گیا ہے، جو انہیں ریاست کی مالیاتی پالیسیوں اور وسائل کے انتظام میں کلیدی کردار بنادے گا۔
اگر کابینی وزیر کے لحاظ سے درجہ دیکھا جائے تو چندر شیکھر باونکولےکو محصول، رادھا کرشن وکھے پاٹل کو پانی کا تحفظ، حسن مشرف کو طبی تعلیم،چندرکانت پاٹل کو ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن اور پارلیمانی امور،گریش مہاجن کو آبی تحفظ(ودربھ، تاپی، کوکن کی ترقی) اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ، گلاب راؤ پاٹل کوپانی کی فراہمی، گنیش نائک کو محکمہ جنگلات، دادا بھسے کو اسکولی تعلیم، سنجے راٹھور کو مٹی اور پانی کی جانچ،دھننجے منڈے کو فوڈ اینڈ سوِل سپلائیزاور کنزیومر پروٹیکشن ،منگل پربھات لودھا کو ہنر ، روزگار، صنعت اور تحقیق، ادے سامنت کو صنعت اور مراٹھی زبان، جے کمار راول کومارکیٹنگ اورپروٹوکول ،پنکجا منڈے کو ماحولیات ،موسمیاتی تبدیلیاں، جانوروں کی پرورش کا محکمہ دیا گیا ہے۔
اتل ساوے کو او بی سی ترقی، ڈیری ترقی کی وزارت، توانائی، اشوک اویکے کو قبائلی ترقی کی وزارت، شمبھوراج دیسائی کو وزارت سیاحت، کان کنی اور مجاہدین آزادی کی بہبود،آشیش شیلار کو انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی، دتاتریہ بھرنے کو کھیل اور اقلیتی ترقی اور اوقاف کی وزارت،ادیتی تٹکرے کوخواتین اور بچوں کی ترقی، شیویندرراجے بھوسلے کوپبلک ورکس، مانک رائو کوکاٹے کو زراعت، جے کمار گورے کو دیہی ترقی اور پنچایتی راج،نرہری جروال کوفوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن، سنجے ساوکرے کو ٹیکسٹائل، سنجے شرساٹھ کوسماجی انصاف، پرتاپ سرنائک کو ٹرانسپورٹ،بھرت گوگاؤلے کوروزگار کی ضمانت کی وزارت ملی ہے۔