بغیر تھیلیوں کے ہی کٹ دی جارہی ہے جس سے صارفین کو دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔اب بھی کئی راشن کارڈ ہولڈر کٹ سے محروم
EPAPER
Updated: April 10, 2023, 10:33 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbra
بغیر تھیلیوں کے ہی کٹ دی جارہی ہے جس سے صارفین کو دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔اب بھی کئی راشن کارڈ ہولڈر کٹ سے محروم
ریاستی حکومت کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ گڈی پاڑوااور بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر جینتی کے موقع پر غریب راشن کارڈ صارفین کو ۱۰۰؍ روپے میں ’آننداچا شیدھا‘ (خوشی کی خوراک) تحفتاً تقسیم کی جائے گی۔ تہوار ۲۲؍ مارچ کو تھالیکن اب بھی کئی صارفین اس خصوصی راشن کٹ سے محروم ہیں۔ اتنا ہی نہیں بلکہ جتنے صارفین کو کٹ میں شامل ۴؍ اشیاء دینی ہے، وہ خصوصی تھیلیاں ناکافی ثابت ہورہی ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو بغیرتھیلیوں کے یہ کٹ دی جارہی ہے۔
گزشتہ ۲؍ دن سے ممبرا کی متعدد راشن دکانوں پرخصوصی راشن کٹ کی تقسیم شروع کی ہو ئی ہے۔ کٹ میں ۴؍ اشیاء ایک کلو شکر، ایک کلوچنے کی دال، ایک کلو سوجی اور ایک لیٹر پامولین آئل (تیل) دکانداروں کو دی گئی ہے اور دکاندار ان اشیاء کو پلاسٹک کی تھیلی میں رکھ کر دینے کا اعلان کیاگیا تھا لیکن کئی دکانوں میں جتنے راشن کارڈ صارفین ہیں، ان سے بہت کم تھیلیاں دی گئی ہیں جو چند ہی صارفین کو تقسیم کرنے پر ختم ہو گئی ۔ واضح رہے کہ ان تھیلیوں پر حکومت کی جانب سے تشہیر بھی کی گئی ہے۔
اس بارے میں ایک راشن دکاندار نے بتایا کہ میری دکان پر سیکڑوں صارفین ہیں جنہیں یہ کٹ تقسیم کرنا ہے لیکن مجھے محض ۲۰۰؍ تھیلیاں دی گئی تھیں جو ۲۰۰؍صارفین میںہی ختم ہو گئی ہے ، اس کے بعد آنے والے صارفین کو بغیر تھیلی کے یہ اشیاء دینی پڑ رہی ہے۔
دکان پر اکثر صارفین اپنے ساتھ تھیلیاں لاتے ہیں جس میں یہ اشیاء ڈال کر وہ لے جاتے ہیں لیکن چند ایک ایسے بھی ہیں جو کسی طرح ہاتھوں میں پکڑ کر یہ چیزیں لے جاتے نظرآئے۔
اس سلسلے میں ممبرا کے ایک راشن افسر نے بتایا کہ’’ ہمیں جو راشن کٹ اور تھیلیاں سپلائی کی گئی تھیں، انہیں ہم نے تقسیم کر دیا ہے۔ البتہ راشن مستحق صارفین کو ملنا زیادہ ضروری ہے اس لئے تھیلیوں کا انتظار نہ کرتے ہوئے ان کی تقسیم شروع کر دی گئی ہے۔‘‘