• Fri, 15 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جلوس عید میلاد النبیؐ میں ڈی جے اورآتش بازی سے گریز کیا جائے

Updated: September 12, 2024, 2:33 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Vikhroli

وکھرولی سنّی جامع مسجد کےامام نے دیگرمساجد کے ٹرسٹیان اورنوجوانوں کی میٹنگ میں خاص توجہ دلائی۔

Hoarding at various places in opposition to DJ. Photo: INN.
ڈی جے کی مخالفت میں مختلف مقامات پرہورڈنگ۔ تصویر: آئی این این۔

’’جلوس عید میلاد النبیؐ میں ڈی جے بجانےاور آتش بازی سے گریز کیا جائے‘‘۔ وکھرولی کی سنی ّجامع مسجد کے امام مولانا محمد فیروز بخت القادری صدیقی نے دیگر ٹرسٹیان اور نوجوانوں کی مسجد میں بلائی گئی میٹنگ میں مذکورہ بالا پیغام دیا۔ قابل ذکر ہے کہ ڈی جے کے خلاف وکھرولی میں کچھ جگہوں پرہورڈنگس بھی لگائی گئی ہیں۔ 
واضح ہوکہ اس سے قبل جلوس کے تعلق سے خلافت ہاؤس (بائیکلہ) میں الگ الگ تاریخوں میں بلائی گئی تین میٹنگوں میں اس تعلق سے یاددہانی کرائی جاچکی ہےکہ ان خرافات میں رقم ضائع کرنے کی بجائے حاجتمندوں میں صرف کی جائے، مریضوں میں پھل تقسیم کئے جائیں یا نادار طلبہ کی فیس ادا کردی جائے تاکہ تعلیم حاصل کرنے میں انہیں درپیش مسائل دور ہوں ۔ 
مولاناقادری نےیہ بھی کہاکہ ’’ ڈی جے بجانے، آتش بازی اوردل آزار نعروں سے مریضوں ، راہ گیروں اورعام لوگو ں کوتکلیف ہوتی ہے، اس کے ساتھ ہی اس سے برادران وطن منفی اثر لیتے ہیں۔ اس لئے ان غیرشرعی امور سے ہر حال میں بچنا ہے اورآقائے دوعالمؐ کی مبارک تعلیمات کو ہمہ وقت پیش نظر رکھنا ہے۔ ‘‘
مسلم جماعت کے صدر نثار احمدقریشی نےکہا کہ ’’ جلوس ہم سب آقا کی شان میں نکالتے ہیں ، چنانچہ ہمارا طریقہ بھی ویسا ہی ہو، ہم سب ڈی جے کی مخالفت کرتے ہیں، کوئی بھی ڈی جے نہ لائے۔ ‘‘اس ضمن میں  کنموار نگر مسجد کے صدر شہاب عبدالصمد محبوب شیخ نے یہ پیغام دیا کہ ’’ آقائے دوجہاں ؐکی آمد کی مناسبت سے اس دن امور خیر انجام دیئے جائیں اور خرافات سے بچا جائے۔ ‘‘برادرس فاؤنڈیشن کے صدر واجد قریشی نے کہاکہ ’’ ہم سب کوجلوس اور دیگر چیزیں اس انداز میں کرنی ہیں جس کی تعریف کی جائے نہ کہ ہمار ےکسی عمل کا غلط میسیج جائے، ہم سب کو اس سے ہرحال میں بچنا ہے۔ ‘‘ دیگر حضرات نے بھی اسی طرح کا پیغام دیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK