• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ڈومبیولی:مسلمانوں کیخلاف اشتعال انگیزی کرنے والے شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا

Updated: September 26, 2024, 11:28 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai

چندہ جمع کرنے والے مدرسہ کے سفیرکو ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پکڑکرگالیاں دیں اور کولے گاؤں کے مسلمانوں کو ایک مہینے میں گھرخالی کرنے کی دھمکی دی

Accused Premnath Patil is inciting, while the ambassador of the madrassa is also seen.
ملزم پریم ناتھ پاٹل اشتعال انگیزی کرتے ہوئے جبکہ مدرسہ کا سفیربھی نظر آرہا ہے۔

  ملک میں اقلیتی فرقے کے خلاف نفرت بڑھتی جارہی ہے۔ بی جے پی کے لیڈر نتیش رانے کی شرانگیز بیان بازی کے سبب  ریاست میں اشتعال انگیزی کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ایسا ہی ایک معاملہ ڈومبیولی مشرق کے کولے گاؤں  میں پیش آیا جب ایک مدرسہ کے سفیر مسلمانوں سے چندہ جمع کررہے تھے تب چند شر پسندوں نے انہیں پکڑ کر  گالیاں دیں اور کولے گاؤں کے تمام مسلمانوں کو ایک مہینے میں گھر خالی کرنے کی کھلے عام دھمکی دی۔   اس معاملے میں مانپاڑہ پولیس نے امن عامہ میں خلل ڈالنے اور تشدد بھڑکانے کے الزام میں پریم ناتھ پاٹل  نامی شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔
 گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوا جس میں مرکز العلوم، ممبرا کے ایک سفیر کو کولے گاؤں کے چند شرپسندوں نے پکڑ لیا اور ان کے ہاتھ سے مدرسہ کی رسیدیں چھین لیں۔ بعدازاں پریم ناتھ پاٹل نامی شرپسند نے مدرسہ کے سفیر کے خلاف انتہائی غلیظ زبان کا استعمال کرتے ہوئے گالیاں بکیں اور پھر کولے گاؤں کے تمام مسلمانوں کو دھمکی آمیز انداز میں کہا کہ وہ ایک مہینے میں خود اپنے گھر خالی کرکے یہاں سے چلے جائیں بصورت دیگر ہمارے نوجوان انہیں گھر میں گھس کر ماریں گے۔اتنا ہی نہیں اس نے گھر مالکان کو بھی دھمکی دی کہ وہ مسلمان کرایہ داروں کو گھروں سے نکال دیں ورنہ ان کو بھی سبق سکھایا جائے گا۔
 سوشل میڈیا پر جب یہ ویڈیو وائرل ہوا تو مان پاڑہ پولیس نے پریم ناتھ پاٹل کو ڈھونڈ نکالا اور اس کے خلاف مذہبی جذبات بھڑکانے ،غلط معلومات پھیلانے اور امن عامہ میں خلل ڈالنے کے تحت کیس درج کرلیا۔
  اس بارے میں نمائندۂ انقلاب نے مان پاڑہ  پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر وجے کادبانے سے گفتگو کی تو انہوں نے بتایا کہ ایک مخصوص مذہب کے لوگوں کے خلاف نفرت انگیز بیان دینے اور گھر میں گھس کر مارنے کی دھمکی دینے والے  پریم ناتھ پاٹل کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK