• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ڈومبیولی: سبزی فروش خاتون کا بیٹا سی اے بن گیا

Updated: July 16, 2024, 10:40 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai

امتحان میں کامیابی کے بعد جب بیٹے نے سڑک پر بیٹھی ماں کو گلے لگایا تو دیکھنے والوں کی آنکھیں نم ہوگئیں۔

People captured the emotional scene of mother and son and made it viral. Photo: INN
ماں بیٹے کا جذباتی منظر لوگوں نے قید کرکے وائرل کردیا۔ تصویر : آئی این این

قوت ارادی، لگن اور محنت کے بل بوتے پر بڑے سے بڑا امتحان پاس کیا جاسکتا ہے۔حالات کتنے ہی خراب کیوں نہ ہوں، اگر حوصلہ مضبوط  ہوتو کامیابی قدم چومتی ہے۔ ایسا ہی کچھ کر دکھایا ہے سبزی فروش خاتون کے بیٹے نے ،جس نے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ (سی اے) کا مشکل امتحان نمایاں نمبرات سے پاس کیا۔سی اے بننے کے بعد جب بیٹے نے سڑک پر بیٹھی ماں کو گلے لگایا تو وہاں موجود راہگیروں کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ ماں بیٹے کا جذباتی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور کابینی وزیر وریندر چوہان نے بھی مبارک باد دی۔
یوگیش ٹھومبرے  اپنی ماں نیرا ٹھومبرے کے ساتھ ڈومبیولی کے کھونی گاؤں  میں رہتا ہے۔اس کی ماں  پچھلے ۲۵ ؍سال سے گاندھی نگر میں  سڑک کے کنارے ٹھیلہ لگا کر سبزیاں فروخت کرتی ہے۔ یوگیش  جب نویں جماعت میں زیر تعلیم تھا تب والد کا سایہ سر سے اٹھ گیا تھا ۔ نیرا ٹھومبرے نے انتہائی محنت و مشقت کے ساتھ اپنے ۳؍ بچوں کی پرورش کی۔ انتہائی نامساعد حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے یوگیش نے سی اے بننے کا فیصلہ کیا اور منصوبہ بند طریقہ سے مطالعہ کیا۔پیر کے روز یوگیش اپنا رزلٹ  اور ماں کیلئے  نئی ساڑی   لے کر گاندھی نگر پہنچا۔معمول کی طرح اس کی والدہ سبزی فروخت کررہی تھیں کہ یوگیش نے اسے گلے لگالیا۔ ماں بیٹے کی محبت کا یہ نظارہ وہاں سے گزرنے والے مقامی افراد اور راہگیروں نے اپنے موبائل میں قید کیا۔یوگیش اور نیرا ٹھومبرے کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کابینی وزیر رویندر چوہان نے اسے ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے مبارکباد دی بعدازاں نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے بھی مبارک بادی کا پیغام پوسٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK