• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ڈومبیولی: ای وی ایم کیخلاف دستخطی مہم،شہریوں کی زبردست حمایت

Updated: November 30, 2024, 1:05 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Dombivli

کانگریس صدر ملکا رجن کھرگے نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین( ای وی ایم ) کے خلاف قومی سطح پر تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

کانگریس صدر ملکا رجن کھرگے نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین( ای وی ایم ) کے خلاف قومی سطح پر تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں مہاوکاس اگھاڑی کی اہم پارٹی شیوسینا(ادھو) نے ڈومبیولی میں ای وی ایم کے خلاف دستخطی مہم شروع کی ہے۔ شیوسینا نے الزام عائد کیا ہے کہ مہایوتی کی یک طرفہ کامیابی کا سہرا ای وی ایم کے سر بندھتا ہے۔ یہاں خاص بات یہ ہے کہ ای وی ایم کے خلاف چلائی جارہی دستخطی مہم کو شہریوں کی جانب سے زبردست حمایت مل رہی ہے۔ دیکھا جارہا ہے کہ ڈومبیولی اسمبلی حلقہ میں شہری بڑے پیمانے پر دستخط کرکے اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔
مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے نتائج آنے کے بعد شکست خوردہ امیدوار ہنوز رائے دہندگان کے فیصلہ کو قبول کرنے کیلئے ذہنی طور پر تیار نہیں ہیں۔ مہاوکاس اگھاڑی کے امیدواروں نے الزام عائد کیا ہے کہ ای وی ایم کو ہیک کرکے نتائج کو تبدیل کیا گیا ہے۔ ڈومبیولی میں کابینی وزیر رویندر چوہان کے خلاف ماحول ہونے کے باوجود انہوں نے ریکارڈ توڑ کامیابی حاصل کی ہے۔ اس سے شیوسینا (ادھو ) کے کارکنان میں زبردست ناراضگی پائی جارہی ہے۔ جمعہ کو شیوسینا کے یوا لیڈر دیپیش مہاترے نے آر ایس ایس کے گڑھ کہلائے جانے والے ڈومبیولی اسمبلی حلقہ میں دوارکا ہوٹل، دین دیال روڈ، گپتے روڈ اور مہاتما پھلے روڈ پر اسٹال لگا کر ای وی ایم کے خلاف دستخطی مہم کا آغاز کیا۔ شہریوں نے اس مہم میں شامل ہوکر اپنی رائے درج کی اور مطالبہ کیا کہ آئندہ تمام انتخابات بیلٹ پیپر پر ہونا چاہیے۔
وی وی پیٹ کی پرچیوں کو گننے کیلئے ۴ لاکھ روپے ادا کئے
 ڈومبیولی اسمبلی حلقہ سے شیوسینا(ادھو) کی جانب سے دیپیش مہاترے نے کابینی وزیر رویندر چوہان کے خلاف الیکشن لڑا تھا۔ تاہم وہ ۷۷؍  ہزار ۱۰۶؍ ووٹوں کے بڑے فرق سے ہار گئے۔ اس بارے میں دیپیش مہاترے نے کہا کہ پورے اسمبلی حلقہ میں رویندر چوہان کے خلاف لوگوں میں ناراضگی پائی جارہی تھی اس کے باوجود ایک لاکھ ۲۳ ؍ہزار ۸۱۵؍ ووٹ ملے۔دیپیش مہاترے نے بتایا کہ میں نے ضلع انتظامیہ کے پاس وی وی پیٹ مشینوں کی گنتی کیلئے درخواست دی ہے۔ اس کیلئے ۴ ؍لاکھ ۷۲ ؍ہزار روپے کی رقم بھی ادا کی ہے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ وی وی پیٹ مشینوں کی پرچیوں کو گننے کے بعد نتائج مختلف ہوسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK