۸؍ماہ قبل پلیٹ فارم نمبر ۵؍کی توسیع کی گئی تھی، چھت نہ ہونے سے مسافروں کو بارش میں دشواریوں کا سامنا۔
EPAPER
Updated: June 24, 2024, 12:47 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai
۸؍ماہ قبل پلیٹ فارم نمبر ۵؍کی توسیع کی گئی تھی، چھت نہ ہونے سے مسافروں کو بارش میں دشواریوں کا سامنا۔
تقریباً ۸؍ ماہ قبل ڈومبیولی ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر ۵؍ کی توسیع کی گئی تھی۔ تاہم توسیع شدہ حصہ پر ہنوز چھت نصب نہیں کی گئی ہے۔ لہٰذا جو مسافر اب تک گرمی سے پریشان تھے وہ اب لوکل ٹرین پکڑنے کے دوران بارش میں بھیگ رہے ہیں۔ ۱۵؍ ڈبے کی تمام لوکل ٹرینیں پلیٹ فارم نمبر ۵؍ سے گزرتی ہیں۔ ریلوے انتظامیہ ۱۵ ؍ڈبوں کی لوکل ٹرینوں کے پہلے ۳؍ کوچ کے سامنے چھت نصب کرنا ہی بھول گیا ہےجس کا خمیازہ مسافروں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔
واضح رہے کہ ڈومبیولی ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر ۵؍ پر سی ایس ایم ٹی کی جانب چھت نہیں ہے۔ موسلا دھار بارش کی وجہ سے مسافر چھتری کا سہارا لے رہے ہیں لیکن بھیڑ زیادہ ہونے کی وجہ سے انہیں اپنی چھتریاں بند کرنی پڑتی ہیں اوراس دوران وہ پوری طرح سے بھیگ جاتے ہیں۔
عیاں رہے کہ ڈومبیولی انتہائی بھیڑ بھاڑ والا ریلوے اسٹیشن ہے۔ یہاں سے چھوٹنے والی لوکل ٹرینوں کی تعداد بہت کم ہے اس لئے آئے دن حادثات بھی رونما ہوتے رہتے ہیں۔ تاہم ریلوے انتظامیہ کی جانب سےبھیڑ سے نمٹنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں۔ ریلوے مسافروں کی مختلف تنظیموں کی جانب سے پلیٹ فارم نمبر ۵؍ کے توسیع شدہ حصہ پر چھت نصب کرنے کا مسلسل مطالبہ کیا جارہا ہے۔ اس کام کیلئے فنڈ بھی منظور ہو چکا ہے۔ افسران سال بھر سے وعدہ کررہے ہیں کہ چھت نصب کرنے کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔