• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ڈونالڈ ٹرمپ پر حملے کے ایک ہفتے بعد بھی ایف بی آئی کو کوئی اہم سراغ نہیں ملا

Updated: July 22, 2024, 10:14 AM IST | Washington

قانون نافذ کرنے والے ایک عہدیدار کے مطابق مسلح شخص نے ٹرمپ پرحملے سے پہلے ریلی کی جگہ کے ارد گرد ڈرون اڑایا تھا۔

Donald Trump. Photo: INN.
ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر: آئی این این۔

سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر حملے کے ایک ہفتے بعدبھی ایف بی آئی کو کو ئی اہم سراغ نہیں ملا ہے لیکن قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے قتل کی کوشش کرنے والے مسلح شخص نے حملے سے پہلے ریلی کی جگہ کے ارد گرد ڈرون اڑایا تھا۔ 
عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر امریکی خبر رساں ادارے اسوسی ایٹیڈ پریس( اے پی) کو بتایا کہ ڈرون وفاقی تفتیشی ادارے (ایف بی آئی) نے برآمد کر لیا ہے جس سے تفتیش میں مدد مل رہی ہے۔ تھامس کروکس نامی مسلح شخص نے ریلی کے مقام بٹلر فارم شو گراؤنڈ سے متصل ایک عمارت کی چھت سے متعدد راؤنڈ فائر کئے تھے۔ ایف بی آئی اس بات کی تفتیش کر رہا ہے کہ کس چیز نے کروکس کو ٹرمپ پر حملہ کرنے پر اکسایا؟ ابھی تک حکام کو کوئی نظریاتی بنیادنہیں ملی ہے جو اس کے ارادے کی وضاحت کرنے میں مدد دے سکے۔ تفتیش کاروں کو تھامس کروکس کے فون سے ٹرمپ، صدر جو بائیڈن اور دیگر اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کی تصاویر ملی ہیں اور یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس نے ریپبلکن نیشنل کنونشن کے ساتھ ساتھ ٹرمپ کی پیشی کی تاریخوں سے متعلق بھی معلومات حاصل کی تھی۔ 
تھامس کروکس کے فون سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ اس نے انٹرنیٹ پر ’میجر ڈپریسو آرڈر‘ کے بارے میں معلومات تلاش کی تھیں۔ تفتیش سے متعلق مزید تفصیل آئندہ ہفتے منظر عام پر آنے کی توقع ہے جب ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کرس رے ہاؤس جوڈیشری کمیٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی ریاست پینسلوینیا میں انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران ڈونالڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا اور گولی ان کے کان کے اوپری حصے کو چھو کر گزری تھی۔ حملے میں ڈونالڈ ٹرمپ محفوظ رہے لیکن ریلی کے شرکاء میں سے ایک شخص حملے میں ہلاک ہوا تھا اور دو زخمی ہوئے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK