• Tue, 22 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’اگر میں صدر ہوتا تو اسرائیل پر حماس کا حملہ نہ ہوتا اور لبنان جنگ بھی نہ ہوتی‘‘

Updated: October 22, 2024, 12:56 PM IST | Agency | Washington

انٹرویو میں  ٹرمپ کے بلند بانگ دعوے،یہ بھی کہا کہ ’’روس یوکرین جنگ بھی نہ ہونے دیتا ‘‘کہا کہ صدر بنا تومشرق وسطیٰ میں امن لوٹ آئے گا۔

On Monday, Trump appeared in this costume at a McDonald`s shop in Festivities, serving burgers and fries to customers. Photo: INN
پیر کو فیسٹ ولےمیں میکڈونالڈ کی شاپ پر ٹرمپ اس بھیس میں نظر آئے، انہوں نے گاہکوں کو برگر اور فرائز دئیے۔ تصویر : آئی این این

سابق امریکی صدر اور ریپبلکن امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے العربیہ کو دئیے گئے خصوصی انٹرویو میں بلند بانگ دعوے کئے ہیں۔ اتوارکی شام نشر ہونے والےٹی وی انٹرویو میں انہوں  نےکہا کہ جب وہ صدر بن کر واپس آئیں گے تو مشرق وسطیٰ میں امن لوٹ آئے گا۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ’’اگر میں صدر ہوتا تو ۷؍ اکتوبر (یعنی اسرائیل پر حماس کا حملہ) اور لبنان میں جنگ نہ ہوتی۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’اسرائیل نے سات اکتوبر کو جس طاقت کے ساتھ جواب دیا جو ہماری توقعات سے بھی زیادہ ہے۔ ‘‘انہوں نے کہا کہ ’’میرا اندازہ ہے کہ حماس کے ہاں اسرائیلی قیدیوں کی اکثریت ماری جا چکی ہے۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہمیں مشرق وسطیٰ میں امن کی ضرورت ہے۔ حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ یحییٰ السنوار اور حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل حسن نصر اللہ کی ہلاکت کے بعد مذاکرات کا موقع موجود ہے۔‘‘
 ٹرمپ نے العربیہ کو دئیے گئے انٹرویو میں  ایک سوال کے جواب میں کہا کہ’’کوئی بھی مشرق وسطیٰ میں قتل و غارت کو نہیں دیکھنا چاہتا۔ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کی وجہ سے بہت زیادہ تباہی ہو رہی ہے۔ انہیں امید ہے کہ لبنان میں امن واپس آئے گا۔ ‘‘ ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو جب ان سے بات کرتے ہیں تو وہ ان کی بات سنتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ نیتن یاہو کو ایران کو جواب دینے کیلئے وہی کرنا چاہیے جو وہ مناسب سمجھیں۔ جہاں تک بحیرہ احمر میں حوثیوں کے حملوں کا تعلق ہے تو سابق امریکی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ وہ ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حوثیوں کو بحری جہازوں پر فائرنگ کرنے سے روکنا ہے۔ دوسری جانب ٹرمپ نے مزید کہا کہ صدر جو بائیڈن اپنی خارجہ پالیسی میں خوفناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں صدر ہوتا تو روس یوکرین پر حملہ نہ کرتا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ روسی صدر ولادیمیر پوتین بائیڈن یا ان کی نائب اور وہائٹ ہاؤس کے لیے ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس کا احترام نہیں کرتے۔ انہوں نےکہاکہ ’’افغانستان میں جو کچھ ہوا وہ ہماری تاریخ کا ایک شرمناک لمحہ ہے۔ ‘‘ان کا اشارہ افغانستان میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کی طرف تھا۔ ایران سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ ’’بائیڈن ایران کو رقم فراہم کرکے ان کی مدد کر رہا ہے۔ ‘‘انہوں نے زور دیا کہ وہ ایران اور اس کے عوام کا احترام کرتے ہیں۔ سابق امریکی صدر نے مزید کہا کہ ’’میں نے اپنے پہلے دور میں داعش کو ختم کیا۔ اگر ہم نے دہشت گردی کا مقابلہ نہیں کیا تو داعش واپس آ سکتی ہے۔ ‘‘ریپبلکن صدارتی امیدوار نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ان کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا بہت احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ’’شہزادہ محمد بن سلمان کچھ اچھا کر رہے ہیں۔ وہ ایک ویژنری لیڈر ہیں۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا کہ سعودی ولی عہد دنیا میں قابل احترام ہیں۔ وہ خطے میں امن کی بحالی کے لیے شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK