نومنتخب امریکی صدر نے حماس کو ایک بار پھر انتباہ دیاکہ ان کی حلف برداری سے قبل مغویوں کو رہا کردے۔
EPAPER
Updated: December 18, 2024, 2:17 PM IST | Agency | Washington
نومنتخب امریکی صدر نے حماس کو ایک بار پھر انتباہ دیاکہ ان کی حلف برداری سے قبل مغویوں کو رہا کردے۔
نو منتخب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نےحماس کو ایک بار پھر دھمکی دی ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ’’ حماس نے میرے حلف اُٹھانے کے دن۲۰؍ جنوری سے قبل تک اسرائیلی یرغمالی رہا نہ کیے تو قیامت ٹوٹے گی۔ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور غزہ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ فلوریڈا میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ میرے منصب سنبھالنے تک اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ جنگ بندی کا معاہدہ طے نہیں پاتا تو پھر جو ہوگا وہ قطعی طور پر خوشگوار نہیں ہوگا۔ ٹرمپ نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ میں حماس کو پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ۲۰؍ جنوری کو میرے حلف اُٹھانے سے قبل اسرائیلی یرغمالی رہا کردیں ورنہ ان پر قیامت ٹوٹ پڑے گی۔ انہو ں نے بات چیت کے دوران یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ وہ غزہ اور یوکرین میں جنگ کے خاتمے اور شام میں مضبوط حکومت کے قیام کیلئے پُرعزم ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے نتین یاہو سے کہا ہے کہ۲۰؍ جنوری کو اس معاملے کو دیکھیں گے، نو منتخب صدر کا کہنا تھا کہ یوکرین جنگ ختم کرنے کیلئے بھی روسی صدر پوتن اور زیلنسکی سے بات کریں گے۔ ٹرمپ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مشرق وسطیٰ سے کہیں زیادہ روس اور یوکرین کا معاملہ زیادہ مشکل ہوگا، مجھے لگتا ہے کہ وہ زیادہ مشکل ہے، اور میرے خیال میں یوکرین کو روس میں میزائل فائر کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، یہ ایک بری چیز ہے۔