آخری دیدار کے لئےفیمس اسٹوڈیو میں ماضی کی کئی فلمی ہستیاں اور معزز شخصیات پہنچیں
EPAPER
Updated: February 23, 2024, 9:38 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
آخری دیدار کے لئےفیمس اسٹوڈیو میں ماضی کی کئی فلمی ہستیاں اور معزز شخصیات پہنچیں
ملک میں ریڈیو کی آواز کہلانے والے اور ریڈیو کو اس کی پہچان دلانے والے معروف اناؤنسر امین سیانی کی تدفین جمعرات کی شام ڈونگری میں واقع سنی خوجہ جماعت قبرستان میں ہوئی۔یاد رہے کہ امین سیانی کے بیٹے راجل سیانی کے مطابق ان کے والد کو منگل کی شام تقریباً ۶؍بجے جنوبی ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر دل کا شدید دورہ پڑا تھا جس کی وجہ سے انہیں فوری طور پر جنوبی ممبئی میں گرگائوں کورٹ کے سامنے واقع ایچ این ریلائنس فائونڈیشن اسپتال لے جایا گیا جہاں علاج کے دوران ان کا انتقال ہوگیا۔
جمعرات کو چرچ گیٹ پر واقع شری نکیتن بلڈنگ میں ان کی رہائش گاہ سے ان کا جسد خاکی دوپہر تقریباً ۳؍ بجے مہالکشمی ریس کورس کے سامنے واقع فیمس اسٹوڈیو میں آخری دیدار کیلئے لایا گیا تھا اور شام ۵؍ بجے کے بعد تدفین کیلئے مذکورہ اسٹوڈیو سے لے جایا گیا۔ فیمس اسٹوڈیو میں ان کے آخری دیدار کیلئے سیکڑوں افراد پہنچے اور تدفین کیلئے لے جائے جانے تک لوگوں کے آنےکا سلسلہ جاری رہا جن میں ان کے عام مداحوں کے علاوہ شہر کی معزز شخصیات اور فلمی ہستیاں بھی شامل تھیں۔ آخری دیدار کیلئے آنے والوں کی تعداد ہر وقت اتنی تھی کہ یہاں بیٹھنے کیلئے رکھی گئی کرسیاں کم پڑگئیں ۔ امین سیانی کے آخری دیدار کو پہنچنے والوں میں موسیقار آنند جی، شیلندر سنگھ، نتن مکیش، ماضی کی اداکارہ ببیتا کپور، گلوکارہ ایلا ارون اور دیگر شامل تھے۔
امین سیانی کے ساتھ برسوں تک کام کرنے والے سراج سیّد (۷۲) نے بتایا کہ کھڈے کی باڑی میں سنی خوجہ جماعت قبرستان میں شب تقریباً ۸؍ بجے کئی سوگواروں نے نم آنکھوں سے انہیں سپرد خاک کیا۔