• Thu, 28 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ڈونگری :بلڈنگ کا عقبی حصہ منہدم،معمر خاتون ہلاک

Updated: September 03, 2020, 9:10 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

رزاق چیمبر کا کچھ حصہ دھنسنے اور زوردار آواز آنے کے بعد مکینوںنے رات کو ہی بلڈنگ خالی کردی تھی جس کی وجہ سے بڑا حادثہ ٹل گیا لیکن ضعیفہ نے اپنا گھر خالی نہیںکیا تھا ،حادثہ کے بعد بلڈنگ کے اے وِنگ کو خالی کرا لیا گیا ہے

Dongari Building - Pic : Inquilab
عمارت کا منہدم ہونے وا لا عقبی حصہ۔(تصویر ،انقلاب

ڈونگری،ایس وی پی روڈ بمقابل بھارت پیٹرول پمپ کے قریب واقع گرائونڈ پلس ۴؍منزلہ رزاق چیمبرکے بی ونگ کا پورا عقبی حصہ بدھ کی صبح  ۷؍بجکر ۲۸؍منٹ پر منہدم ہوگیا۔ حادثہ میں ۶۵؍سالہ خاتون کی موت ہوگئی ہے ۔ بلڈنگ کے دیگر مکینوںنے منگل کی شام کچھ حصہ دھنسنےاور زوردار آوازآنے بعد اپنے مکان خالی کردیئے تھے۔ لیکن مذکورہ خاتون نے گھرخالی کرنے سے منع کردیاتھا۔ جس کی وجہ سے حادثہ میں اس کی موت ہوگئی ۔
 فائر بریگیڈ، بی ایم سی اور پولیس عملے نے جائے وقوع پر پہنچ کر راحت کا کام کیا۔ حادثہ کےبعد اسی بلڈنگ کے اے ونگ کو خالی کرالیا گیا ہے۔ یہ مہاڈا کی سیس بلڈنگ ہے۔ 
  بلڈنگ کی تیسری منزل پر  رہائش پزیر یاور جیٹھوا نے انقلاب کو بتایاکہ ’’ ہماری بلڈنگ تقریباً ۱۰۰؍ سال پرانی ہے۔یوں تو بلڈنگ اچھی حالت میں تھی لیکن عقبی حصہ میں کہیں سے پانی رس رہاتھا۔ پانی کہاں سے آرہاتھا یہ تو نہیں معلوم ، اس کے علاوہ کوئی مسئلہ نہیں تھا۔ بلڈنگ کا عقبی حصہ مخدوش تھا۔ وہی حصہ بدھ کی صبح ۷؍بجکر ۲۰؍منٹ پر منہدم ہوگیا۔ اصل میں منگل کی شام ۵؍بجے اچانک بلڈنگ کی پہلی اور دوسری منزل کے عقبی حصے کی زمین ایک دو انچ دھنس گئی تھی۔ جس کے بعدعقبی حصہ کے مکینوں نے اپنا گھر خالی کردیاتھا۔
  بلڈنگ میں کل ۸؍ گھر ہیں ۔لیکن تیسری  منزل پر رہنےوالی ممتاز سوڈن  والا نے گھر خالی نہیں کیاتھا۔ حالانکہ ہم لوگوںنے ان سے بڑی اپیل کی لیکن انہوںنے گھرخالی کرنے سے منع کردیا۔ حادثہ کے وقت وہ شاید بیت الخلاء میں تھی۔ بیت الخلاء کاہی حصہ منہدم ہوا ہے ۔ جس کی وجہ  سےملبے  میں دبنے سے ان کی موت ہوگئی ۔‘‘
  یاور جیٹھوا کےمطابق ’’ممتاز سوڈن والااپنے بھائی کے ساتھ گھر میں رہتی تھی مگر ۲؍مہینے قبل ان کے بھائی کا انتقال ہونےکے بعد وہ گھر میں تنہا رہ رہتی تھی۔ ان کے علاوہ بلڈنگ کے کسی مکین کو نقصان نہیں پہنچا ہے۔گھر خالی کرنے کےبعد رہنےکیلئے مکینوںنے عارضی طورپر اپنے رشتے داروں اور متعلقین کے گھروںمیں پنا ہ لی ۔ اب ہمیں ٹرانزٹ کیمپ میں کب اور کہاں منتقل کیاجاتاہے ۔ اس بات کاانتظار ہے۔‘‘
 بی ایم سی ڈزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق ڈونگری ایس وی پی روڈ پر واقع ۴؍منزلہ رزاق چیمبر کے عقبی حصہ کی بدھ کی صبح ۷؍بجکر ۲۸؍منٹ پر منہدم  ہونےکی اطلاع موصول ہونےکے بعد فائر بریگیڈ، بی ایم سی اور پولیس کے عملے نے جائے وقوع پر پہنچ کرراحت کا کام شروع کیا۔
  حادثہ میں ممتاز سوڈن والا (۶۵) نامی ایک خاتون کو ملبے سے نکال کرجےجے اسپتال روانہ کیاگیا۔ جہاں اسے مردہ قرار دیاگیا۔ 
  جے جے اسپتال کے سی ایم او ڈاکٹر کے نارائنن کےمطابق ممتاز سوڈن والانے اسپتال پہنچے سے قبل دم توڑدیاتھا۔
  واضح رہےکہ جنوبی ممبئی  کےناگپاڑہ علاقے میں گزشتہ ہفتہ بھی ایک بلڈنگ کا عقبی  حصہ منہدم ہونے سے   ۲؍افرادکی موت ہوچکی ہے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK