• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایسی غلطی نہ کریں جس سے سر جھک جائے

Updated: December 28, 2023, 7:05 AM IST | jammu

پونچھ سانحہ کے بعد وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کا دورہ ٔکشمیر ، فوج کو سخت ہدایات جاری کیں نیز راجوری میں متاثرین سے ملاقات کی

Rajnath Singh comforting the families of local people who were injured during the army action.
راجناتھ سنگھ فوج کے ایکشن کے دوران زخمی ہونے والے مقامی افراد کے اہل خانہ کو دلاسہ دیتے ہوئے۔(پی ٹی آئی )

پونچھ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران  فوج کے ذریعے مقامی افراد کو بری طرح زد و کوب کرنے اور پھر ان میں سے ۳؍ افراد کی پراسرار حالت میں موت ہوجانے اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی وجہ سے کشمیر میں مرکز اور فوج کے خلاف شدید غم و غصہ ہے۔ اسی غم و غصہ کو ٹھنڈا کرنے کے لئے  مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے خود علاقے کا دورہ کیا اور فوج کی سرزنش کرتے ہوئے متاثرین کو یقین دلایا کہ انہیں انصاف ضرور ملے گا۔ اس دوران انہوں نے فوج کی سخت سرزنش کرتے ہوئے  انہیں وارننگ دی کہ وہ ایسی کوئی حرکت نہ کریں جس کی وجہ سے ملک کے عام شہریوں کو کوئی تکلیف ہو ۔راجناتھ نے  راجوری کے دورے پر، وہاں پر مارے گئے تین عام شہریوں کے رشتہ داروں سے ملاقات کی اور ان کی ڈھارس بندھائی ۔اس موقع پر وزیر دفاع نے متاثرین کو یقین دلایاکہ اس معاملے میں انصاف کے تقاضے  پورے کئے جائیں گے۔ انہوں نے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری  میں زخمی  افراد سے ملاقات کی۔زخمیوں کی عیادت کے بعد جی ایم سی راجوری کے باہر وزیر دفاع نے متاثرین کے گھر والوں کو یقین دلایا کہ معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات شروع کی گئی ہے اور خاطیوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ اس کے بعد انہوں نے  تین کشمیری متوفین کے اہم خانہ سے ڈاک بنگلے میں الگ الگ ملاقات کی ۔  
    واضح رہے کہ وزیر دفاع نے راجوری میں فوج کے سینئر آفیسرس کے ساتھ ایک میٹنگ بھی کی جس کے دوران راجوری اور پونچھ اضلاع کی سیکوریٹی صورتحال کے بارے میں راج ناتھ سنگھ کو جانکاری فراہم کی گئی۔یاد رہے کہ بفلیاز( پونچھ )میں دو فوجی گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کرنے کے بعد شروع کئے گئے آپریشن کے دوران  ۳؍ عام کشمیریوں کی پراسرار حالت میں موت ہو گئی تھی ۔ ان اموات کے تعلق سے کوئی خبرنہیں ہوتی اگر ان مہلوکین کے ساتھ کی گئی ظالمانہ حرکت کے ویڈیو وائرل نہیں ہو جاتے جس میں واضح طور پر فوج پر انگلی اٹھ رہی ہے۔ متاثرین کے اہل خانہ نے بھی الزام لگایا کہ حملے کے بعدفوج نے کئی افرادکو پوچھ تاچھ کی خاطر گرفتار کیا تھا جس کے بعد  ۳؍افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ اس معاملے میں ہنگامہ ہونے اور کشمیر کی سیاسی جماعتوں کے ذریعہ مرکز پر انگلی اٹھانے  کے بعد فوج نے معاملہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کے احکامات صادر کئے اور وہاں پر تعینات بریگیڈیئر سمیت تین  افسر وں کو اٹیچ(معطل) کردیا ہے  ۔
  دوسری طرف وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے راجوری اور پونچھ اضلاع کی سیکوریٹی صورتحال کاایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔انہوں نے سیکوریٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ  دہشت گردوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز میں مزید شدت لائیں لیکن  اس دوران  مقامی افراد کو اعتماد میں لیں بلکہ ان کی مدد سے ہی یہ آپریشن چلائے جائیں جس کا بھرپور فائدہ ہو گا۔  اس دوران راجناتھ نے فوج کی سرزنش بھی کی اور کہاکہ  ہماری آرمی ہمارا فخر ہے لیکن وہ کوئی ایسا کام یا ایسی غلطی نہ کرے جس کی وجہ سے ہمارا سر جھک جائے یا پھرفوج کی شبیہ پر کوئی آنچ آئے۔ وزیر دفاع  نے کہا کہ سیکوریٹی فورس کا ہر اہلکار ہمارے لئے انتہائی اہم ہے اور ہمارے کنبے کا ایک حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے جوان پر کوئی نظر ڈالے ہم اس کو قطعی بر داشت نہیں کریں گےلیکن `جس طرح وطن کی حفاظت کرنا ہماری فوج کی ذمہ داری ہے اسی طرح ملک کے شہریوں کا دل جیتنا بھی ان کی اہم ذمہ داری ہے ۔ راجناتھ نے سیکوریٹی ایجنسیوں پر زور دیا کہ جنگجوئوں اور ان کے معاونین کیخلاف آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے لیکن یہ مقامی افراد کو اعتماد میں لے کر ہی کیا جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK