ورلی اسٹوڈیو میں سبکدوش پرڈیوسر، ڈائریکٹر ،انجینئراور اینکر نے دوردرشن کی تاریخی اہمیت اورافادیت پر سیرحاصل گفتگو کی
EPAPER
Updated: October 05, 2022, 9:43 AM IST | saadat khan | Mumbai
ورلی اسٹوڈیو میں سبکدوش پرڈیوسر، ڈائریکٹر ،انجینئراور اینکر نے دوردرشن کی تاریخی اہمیت اورافادیت پر سیرحاصل گفتگو کی
:دوردرشن ممبئی (جو اب دوردرشن سہیادری سے منسوب ہے) کی گولڈ ن جبلی تقریب کا اتوار کو ورلی اسٹوڈیومیں انعقاد کیاگیا۔ اس میں دوردرشن سے وابستہ سبکدوش پرڈیوسر، ڈائریکٹر ، انجینئر،اینکرٹیکنشین اور دیگراسٹاف کومدعو کیاگیاتھا۔ دوردرشن کے پہلے پرڈیوسر یعقوب سید کے ہاتھوں شمع روشن کرکے تقریب کا آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر دوردرشن کی تاریخی اہمیت اور افادیت پر مبنی ڈاکیومنٹری کےعلاوہ متعدد پروگرام پیش کئے گئے جن سے دوردرشن سے جڑی پرانی یادیں تازہ ہوگئیں۔
واضح رہےکہ دوردرشن ممبئی کا قیام ۲؍اکتوبر ۱۹۷۲ءکو کیاگیاتھا۔ اس وقت دوردرشن کے پہلے پرڈیوسر یعقوب سید تھے جبکہ ۲؍اکتوبر۲۰۰۰ءمیں دوردرشن ممبئی کو دوردرشن سہیادری سے منسوب کیاگیا۔دوردرشن کے ۵۰؍سالہ سفر میں جن پرڈیوسر، ڈائریکٹراوراینکر وغیرہ نے اہم کردار ادا کئے ہیںان میںسبکدوش یعقوب سید کے علاوہ مکیش شرما ، شرد موگھے ،شیواجی فول سندر، جیو بھاٹکر، شیلیش سری واستوا اور اے کے بھٹناگر وغیرہ شامل ہیں۔مذکورہ تقریب میں ان تمام مہمانوںنے دوردرشن کی ۵۰؍سالہ تاریخ پر سیر حاصل گفتگو کی۔
دوردرشن سہیادری کی موجودہ پروگرام ایگزیکٹیو سندھیا پجاری نے انقلا ب کوبتایاکہ ’’ دوردرشن کی گولڈن جبلی پر ورلی اسٹوڈیومیں پروگرام منعقدکیاگیاتھا۔ پروگرام کا افتتاح دوردرشن کے پہلے پرڈیوسر یعقوب سید کے ہاتھوں شمع روشن کرکے کیاگیا۔ بعدازیں ایک آڈیو وزیول کےذریعے دوردرشن کی ۵۰؍سالہ تاریخ پیش کی گئی ۔ دور درشن کا آغاز کب اورکیسے کیاگیاتھا۔ بلیک اینڈ وائٹ ٹی وی پر نشر کئے جانے والے دوردرشن کے مقبول پروگراموں کے بارے میں بتایاگیا۔جدید ٹیکنالوجی کےساتھ دوردرشن کی نشریات میں آنےوالی تبدیلیوںکی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔اس کے ساتھ ہی ۵؍منٹ کی ایک ڈاکیومنٹری دکھائی گئی ۔ان پروگرام کے علاوہ ریٹائرڈ اسسٹنٹ ڈائریکٹر پروگرام شیلیش سری واستو ا جو ایک عمدہ گلوکارہ بھی ہیں ،نے کچھ گانے پیش کرکے محفل کو مزید رونق بخشی۔ ان کے علاوہ مذکورہ شخصیات نےدوردرشن سے وابستہ ہونےکے تجربات پیش کئے۔ ‘‘
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ’’ ایسا نہیں ہے کہ دوردرشن دیکھنے والوں کی کمی ہے۔ اس بات کو ہم نے کووڈ اور لاک ڈائون میں بھی ثابت کیاہے۔ سوشل میڈیا مثلاً یوٹیوب اور دیگر چینلوںکے ذریعے دوردرشن کے پروگراموںکی نشریات سے ہم نےاچھا ریونیو حاصل کیا ہے۔ ‘‘دوردرشن سے نشر کئے جانے والے معروف پروگراموں کے بارےمیں دریافت کرنے پر انہوںنے کہاکہ ’’یعقوب سید اور ببن پربھوکا’کامیڈی شو‘ کئی برسوںتک کامیابی سے جاری رہا۔ اسی طرح بھکتی بروے کا ہفتہ واری پروگرام ساپتاہک، منجوسنگھ کاکِل بل اور تبسم کا پھول کھلے ہیں گلشن گلش کاجواب نہیں تھا۔‘‘