بہار کے وزیراعلیٰ کے پھر پالا بدلنے کی قیاس آرائیوں پر تیجسوی یادو کا اعلان۔
EPAPER
Updated: January 01, 2025, 11:12 AM IST | Agency | Patna
بہار کے وزیراعلیٰ کے پھر پالا بدلنے کی قیاس آرائیوں پر تیجسوی یادو کا اعلان۔
دہلی سے نتیش کمار کی واپسی پر ان کے ایک بار پھر پالا بدلنے کی قیاس آرائیوں میں آنےوالے شدت کے بیچ آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے منگل کو وضاحت کی کہ نتیش کمار کیلئے مہا گٹھ بندھن کے دروازے اب بند ہو چکے ہیں۔ اس بیچ پیر کی رات پٹنہ پہنچنے کےبعد نتیش کمار نےمنگل کو بہار کیلئے نامزد کئے گئے نئےگورنر عارف محمد خان اور رخصت پزیر گورنر راجیندر ارلیکر سے ملاقات کی۔ اپنے تعلق سے کی جارہی قیاس آرائیوں پر وزیراعلیٰ نے پوری طرح خاموشی اختیار کرلی ہے۔
نتیش کمار کے خلاف قیاس آرائیوں کا بازار اس بنیاد پر گرم ہوگیا ہے کہ اتوار اور پیر کے اپنے دو روزہ دہلی دورہ میں انہوں نے بی جےپی کے کسی لیڈر سے ملاقات نہیں کی جبکہ منموہن سنگھ کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیلئے اتوار کو جب وہ ان کی رہائش گاہ پہنچے تو وہاں کے دو سینئرلیڈر سلمان خورشید اور پرینکا گاندھی موجود تھیں۔ ان دونوں نکات کو بنیاد بنا کر سیاسی مبصرین یہ قیاس آرائی کررہے ہیں کہ نتیش کو دہلی میں بی جےپی کی قیادت نے گھاس نہیں ڈالی۔ اس ضمن میں ذرائع کے حوالے سے یہ دعویٰ بھی کیا جارہاہےکہ پیر کو انہیں وزیراعظم مودی سے ملنا تھامگر عین وقت پر مودی کے مصروف ہونے کا حوالہ دیکر نتیش کمار کو بی جےپی صدر جے پی نڈا سے ملاقات کا مشورہ دیا گیا مگر بعد میں نڈا نےبھی وقت نہیں دیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس بات کی تصدیق ہی نہیں ہوئی کہ وزیراعظم سے ملاقات نتیش کے دہلی دورہ کا حصہ تھی۔ بہرحال قیاس آرائیوں پر قدغن لگاتے ہوئے تیجسوی یادو نے منگل کو سیتامڑھی میں کہا ہے کہ’’نتیش کمار اب رٹائر ہوچکے ہیں، ان کیلئے دروازے اب پوری طرح بند ہیں ۔ ‘‘ واضح رہےکہ بہار میں ۲۰۲۵ء میں اسمبلی الیکشن ہونا ہے۔