• Mon, 30 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مہاراشٹر میں کہیں بوندا باندی تو کہیں زور دار بارش

Updated: May 15, 2024, 7:00 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

لوگوں کو گرمی سے راحت لیکن بے موسم بارش سے فصلوں کو نقصان، محکمہ موسمیات نے مختلف اضلاع کیلئے یلو الرٹ جاری کیا۔

There was such a sight on a road in Pimpri Chinchaud during the rains. Photo: INN
بارش کے دوران پمپری چنچوڑ کی ایک سڑک پر کچھ ایسا نظارہ تھا۔ تصویر : آئی این این

ریاست کے مختلف مقامات پر پچھلے ایک ہفتےمیں کئی مقامات پر بے موسم بارش ہوئی ہے ۔اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ بے موسم بارش کا یہ سلسلہ مزید دو سے تین دن رہ سکتا ہے۔ آئی ایم ڈی نے ریاست کے مختلف اضلاع کے لئے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ موسم گرما اپنے شباب پر ہے، ایسے میں بارش  ہونے سے لوگوں کو گرمی سے کچھ راحت ملی ہے۔ تاہم بے موسم بارش سے فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔رپورٹ کے مطابق  کچھ مقامات پر بونداباندی ہوئی ہے تو کچھ مقامات پر زوردار بارش درج کی گئی ہے۔پیر کو ممبئی او راطراف کے علاقوں میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔اس دوران ہورڈنگ گرنے، درختوں کے اکھڑنے اور اس طرح کے حادثات میں ۴؍سے زائد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔
 خیال رہے کہ پچھلے دوچار دنوں میں میں  پونے، مالیگاؤں، احمدنگر، ناسک اور دیگر کئی شہروں میں تیز بارش ہوئی ہے۔ اس طوفانی بارش سے جہاںمالیگاؤں میں کئی گھنٹوں کے لئے بجلی فراہمی کا نظام درہم برہم ہوا تھا۔ وہیں پونے و اطراف میں تیز بارش کے سبب کئی علاقے اور سڑکیں زیرآب آگئیں تھیں۔ سوار گیٹ اور شیواجی نگر بس اسٹیشن پر پانی بھرجانے سے مسافروں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پمپری اور چنچوڑ میں بھی کئی مقامات پر پانی جمع ہونے سے لوگوں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔
ریاست کے کن اضلاع میں بارش ہوسکتی ہے؟
 ممبئی سمیت ریاست کے مختلف اضلاع میں منگل اور بدھ کو بارش ہونے کا اندازہ ہے۔ محکمہ موسمیات  نےممبئی، تھانے، پال گھر، رائے گڑھ، شولاپور،لاتور، بیڑ،ناگپور، رتنا گیری اور سندھودرگ کے لئے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔جبکہ ریاست کے دیگر مقامات پر بھی آئندہ پانچ دنوں میں ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے پونے، ستارا اور ناسک اضلا ع کے لئے آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔ان اضلاع میں گھن گرج کے ساتھ بادل برس سکتے ہیں۔
مہاراشٹر میں مانسون وقت پر آنے کا اندازہ
 مانسون کے متعلق ایک اچھی خبر ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس سال مانسون اپنے مقررہ وقت پر شروع ہوگا۔ یعنی ۱۰؍ سے ۱۲؍ جون تک ریاست میں موسم باراں کی پہلی بارش ہوسکتی ہے۔جبکہ ناگپور میں ۱۲؍ جون کو پہلی بارش ہونے کا امکان ہے۔لوک مت کی رپورٹ کے مطابق ماہر موسمیات مانک راؤ کھلےکا کہنا ہے کہ مانسون کے وقت پر آنے کے اشارے مل رہے ہیں۔ کنیاکماری کے آ س پاس بحرہند میں طوفان اٹھ رہا ہے۔ جبکہ کیرالا کی سمندری پٹی میں بھی کم دباؤ بن رہا ہے۔جس سے مانسون کے بادلوں کا رخ مراٹھواڑہ کی طرف ہورہا ہے۔مجموعی طور پر اندازہ ہے کہ ۱۹؍مئی تک مانسون بحرہند سے خلیج بنگال، انڈونیشیا کے مشرقی ساحلی علاقوںاور سماترا تک پہنچ جائے گا۔ خیال رہے کہ ہرسال مانسون یکم جون تک کیرالا میں دستک دے دیتا ہے لیکن اس بار وہ ۱۰؍ سے ۱۲؍ دن پہلے یہاں پہنچنے کی امید ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK