مہاراشٹر کانگریس کے انچارج رمیش چینی تھلا نے وزیر اعظم مودی کے بے بنیاد الزامات پر یہ چبھتا ہوا سوال پوچھا ، آئین ختم کرنے کی کوشش کا الزام لگایا
EPAPER
Updated: November 15, 2024, 10:59 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
مہاراشٹر کانگریس کے انچارج رمیش چینی تھلا نے وزیر اعظم مودی کے بے بنیاد الزامات پر یہ چبھتا ہوا سوال پوچھا ، آئین ختم کرنے کی کوشش کا الزام لگایا
وزیر اعظم مودی نے گزشتہ روز نوی ممبئی اور ممبئی میں ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس پارٹی پر پسماندہ طبقات میں اختلافات بڑھانے کا الزام عائد کیا تھاجس پر جمعہ کو مہاراشٹر کانگریس کے انچارج رمیش چینی تھلا نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مودی سے یہ چبھتا ہوا سوال پوچھ لیا کہ ’’ نریندر مودی باقی تمام باتیں جانے دیں، پہلے وہ ذات پر مبنی مردم شماری پر اپنا موقف واضح کریں ۔ مودی جی کو بتانا چاہئے کہ اگر مہاراشٹر میں ان کی پارٹی کی حکومت قائم ہوئی تو کیا وہ ذات کی بنیاد پر مردم شماری کرائیں گے؟ ‘‘ چینی تھلا نے ممبئی میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم مودی کے ایک ایک دعوے کی ہوا نکل چکی ہے ۔ اب وہ مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں اس لئے ان کے جلسوں میں اب عوام نہیں جارہے ہیں۔ اس کا ثبوت خالی کرسیاں ہیں اور یہ بات خود بی جے پی کے لیڈران اچھی طرح سے جانتے ہیں کہ عوام نے انہیں ووٹنگ سے پہلے ہی مسترد کردیا ہے۔ چینی تھلا نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ مودی جی کے مقابلے میںراہل گاندھی کے انتخابی جلسوں اور ریلیوں میں زبردست بھیڑ دیکھی جارہی ہے ۔
کانگریس کے مہاراشٹر انچارج رمیش چینی تھلا نے جمعہ کو دادر میںواقع ریاستی کانگریس کے دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم مودی کا یہ الزام ہےکہ کانگریس درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کیلئےریزرویشن ختم کرنا چاہتی ہے ،یہ بالکل جھوٹ اور عوام کو گمراہ کرنے والا بیان ہے۔ یہ کانگریس پارٹی ہی تھی جس نے ملک کو آئین اور ریزرویشن دے کر پسماندہ ذاتوں کو حقوق دلوائے اور اعلیٰ ذات کے ہندوؤں کے ذریعہ برسوں سے ستائے گئے غریبوں اور پسماندہ طبقات کو نجات دلائی لیکن نریندر مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی اسی ریزرویشن اور آئین کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ رمیش چینی تھلا نے مزید کہا کہ راہل گاندھی نے دلتوں، قبائلیوں اور او بی سی برادری کو سماجی انصاف دلانے کے لئے کنیا کماری سے کشمیر تک۴؍ ہزار کلومیٹر پیدل چل کر ذات کی بنیاد پر مردم شماری کا مطالبہ کیا ہے۔ ذات کی بنیاد پر مردم شماری کرنے کے تعلق سے وزیر اعظم اور ان کی پارٹی کا کیا موقف ہے اس کی وضاحت ہوجانی چاہئے کیوں کہ مودی جی ہر ریلی میں کانگریس پر جھوٹے الزامات لگارہے ہیں اس لئے ضروری ہے کہ بی جے پی اور خود وزیر اعظم مودی ذات پر مبنی مردم شماری پر اپنا موقف بالکل واضح کریں۔