سوشل میڈیا پر طنز و مزاح سے بھر پور تبصرے کئے گئے، ایک صا رف نے لکھا :آپ نے آدھی پکی ہوئی دوا بھیج دی، اپنے ریسٹورنٹ سے کم از کم اتنا تو کہئے کہ ٹھیک سے پکا کر چیزیں بھیجا کریں۔
EPAPER
Updated: December 25, 2023, 11:35 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
سوشل میڈیا پر طنز و مزاح سے بھر پور تبصرے کئے گئے، ایک صا رف نے لکھا :آپ نے آدھی پکی ہوئی دوا بھیج دی، اپنے ریسٹورنٹ سے کم از کم اتنا تو کہئے کہ ٹھیک سے پکا کر چیزیں بھیجا کریں۔
سویگی کے ذریعہ قلابہ کے معروف کیفے سے منگوائے گئے کھانے میں دوا ملنے پر صارف نے سوشل میڈیا پر تصویر شیئر کی جس کے بعد سویگی نے معافی مانگی۔ اس پر سوشل میڈیا پر طنز و مزاح سے بھر پوربہت سے رد عمل بھی سامنے آئے۔کھانے میں دوا ملنے کی شکایت اُجول پوری نامی صارف نے ’ایکس‘ پر کی تھی ۔ اس کی تصویراور ویڈیو بھی شیئر کیا تھا۔ اجول نے لکھا تھا کہ انہوں نے قلابہ میں واقع لیوپولڈ بار اینڈ کیفے سے کھانا آرڈر کیا تھا اور کھانے میں انہیں آدھی پکی ہوئی دوا ملی۔ اس پر سویگی نے بعد میں معافی مانگ لی ،البتہ شکایت کرنے اور معافی مانگنے کے درمیان سوشل میڈیا پر جو رد عمل سامنے آئے، وہ انتہائی دلچسپ تھے۔
سوشل میڈیا صارفین کے دلچسپ تبصرے
ایک صارف لکھا کہ ’’اُمید ہے انہوں نے دوا کے لئے آپ سے زائد قیمت وصول نہیں کی ہوگی۔‘‘ایک اور شخص نے لکھا کہ’’سویگی یہ آپ کا کیا رویہ ہے، آپ نے آدھی پکی ہوئی دوا بھیج دی۔ اپنے ریسٹورنٹ سے کم از کم اتنا تو کہئے کہ ٹھیک سے پکا کر چیزیں بھیجا کریں۔‘‘
مزید ایک رد عمل یہ تھاکہ ’’انہوں نے دوا اس لئے بھیج دی کہ وہ نہیں چاہتے کہ کھانا کھانے کے بعد آپ کا پیٹ خراب ہوجائے۔‘‘ ایک صارف نے شگفتہ تبصرہ کیاکہ’’بھائی، مرغی کے سر میں درد تھا اس لئے کھانے میں دوا ڈال دی تھی، ورنہ کھانا کھانے کے بعد آپ کے سر میں درد ہونے لگتااس لئے انہوں نے تحفہ کے طور پر پہلے ہی دوا بھی بھیج دی۔‘‘ ایک شخص کا یہ بھی کہناتھا کہ ’’ہوسکتا ہے یہ ان کے کھانے کا خفیہ مسالہ ہو۔‘‘
’’کھانا اور صحت دونوں ساتھ ساتھ‘‘
ایک طنز یہ تبصرہ یہ بھی تھا کہ ’’انہیں پتہ تھا کہ ان کا کھانا کھانے کے بعد آپ کو دوا کی ضرورت پیش آسکتی ہے ،اس لئے انہوں نے کھانے کے ساتھ دوا بھی پکا دی۔ کھانا اور صحت دونوں ساتھ ساتھ! اور سویگی ٹیم ہمیشہ ڈیلیوری کیلئے تیار ہے۔‘‘
چند افراد نے یہ بھی لکھا ہے کہ’’ لیوپولڈ جس جگہ سے کھانا منگوایا گیا ہے، اس کا معیار لگاتار خراب ہوتا جارہا ہے۔ ان کے یہاں کا کھانا، جگہ، باورچی خانہ، برتن، اسٹاف، ماحول اور حتی کہ فرنیچر بھی خراب ہوگیا ہے۔ سویگی کے بیچارے ’ڈیلیور بوائے‘ کو معاف کردو۔ اس کا کام تو صرف سامان پہنچانا ہے۔‘‘
اس گولی سے بدنامی سے پہلے ’لیوپولڈ بار اینڈ کیفے‘کو’ان گولیوں‘ سے شہرت ملی تھی
یاد رہے کہ قلابہ میں واقع ’لیوپولڈ بار اینڈ کیفے‘ کو ۲۰۰۸ء میں ممبئی پر ہو نے والے دہشت گردانہ حملوں کی وجہ سے شہرت ملی تھی۔ حملوں میں اس ریسٹورنٹ اور بار کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا اور اس کے چند شیشوں پر گولیوں سے سراخ ہوگئے تھے جسے ریسٹورنٹ کے مالک نے سنبھال کر رکھا ہے اور یادگار کے طور پر ریسٹورنٹ میں لگوایا ہے۔