سڈکوآڈیٹوریم میں منعقدہ پروگرام میں وزیراعلیٰ نے منشیات کیخلاف جنگ میں تعاون کو حب الوطنی قرار دیا۔ ریاستی وزیرگنیش نائیک اور اداکار جان ابراہم بھی شریک ہوئے
EPAPER
Updated: January 08, 2025, 10:57 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
سڈکوآڈیٹوریم میں منعقدہ پروگرام میں وزیراعلیٰ نے منشیات کیخلاف جنگ میں تعاون کو حب الوطنی قرار دیا۔ ریاستی وزیرگنیش نائیک اور اداکار جان ابراہم بھی شریک ہوئے
’’سماج اور ملک کو نقصان پہنچانے والے اور نظر نہ آنے والے دشمن سے لڑنے کیلئے معاشرے کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ منشیات اور اسی طرح کی نشہ آور اشیاء کے ذریعے کچھ لوگ معاشرے کو بگاڑنے اور نئی نسل کو نشہ کا عادی بنا کر ریاست اور ملک کو کھوکھلا کرنے کا جرم کر رہے ہیں۔ ان کو روکنے کیلئے ، سپاہی بن کر آگے آئیں۔ یہ بھی حب الوطنی اور سماج کی خدمت کی ایک شکل ہے۔‘‘اس طرح کا اظہار خیال وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کیا۔ انہوں نے نوی ممبئی پولیس کمشنریٹ کے ذریعہ منعقدہ ’’نشہ مکت نوی ممبئی‘‘ مہم کا بدھ کو نوی ممبئی کے واشی علاقے میں سڈکو آڈیٹوریم میں افتتاح کیا۔ اسی افتتاحی تقریب میںتفصیلی خطاب کیا۔ اس مہم کو ہمیشہ نشہ سے پاک رہو!(مراٹھی میں سدیو نشہ مکت رہا) نعرہ دیا گیا ہے۔ اس مہم کے آئیکون جان ابراہم ہیں۔
اس موقع پر وزیر جنگلات گنیش نائک ، ایم ایل اے منڈا مہاترے، پرشانت ٹھاکر، مہیش بالدی، قانون ساز کونسل کے ممبر وکرانت پاٹل، تھانے ضلع کلکٹر اشوک شنگارے، نوی ممبئی میونسپل کمشنر ڈاکٹر کیلاس شندے، نوی ممبئی کے پولس کمشنر ملند بھرمبے، ایڈیشنل پولس کمشنر دیپک ساکورے،
کالج کے طلبہ، نشے سے نجات کیلئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندے اور دیگر موجود تھے۔ پروگرام کا آغاز خاموش ڈرامے ’’خاموشی کا فن‘‘ سے ہوا۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ ہم منشیات کی وجہ سے اپنی جانوں کے ساتھ ساتھ ملک کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ بہت سے ہیں جو بہاؤ کے ساتھ چلتے ہیں، لیکن اچھا کرنے کے لیے بہاؤ کے خلاف جانا پڑتا ہے، اس کے لیے جسمانی طاقت کے بجائے ذہنی طاقت کی ضرورت ہوتی ہے۔ ’’نشہ مکت نوی ممبئی‘‘ مہم بہت اہم ہے۔ وزارت داخلہ کے پہلے ہی اجلاس میں پولیس کو بتایا گیا کہ ہمیں منشیات کے خلاف بڑی جنگ لڑنی ہے۔
ڈرگس کیخلاف جنگ میں تعاون حب الوطنی
وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ ٹول فری نمبر پر منشیات فروشوں کے تعلق سے بے فکر ہو کر شکایت کی جا سکتی ہے کیونکہ اطلاع دینے والے کی شناخت پوری طرح مخفی رکھی جائے گی۔یہ
سوشل میڈیا پر ڈرگس کی فروخت ایک چیلنج
وزیر اعلی نے کہا کہ نشہ مکت ابھیان میں بھی مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے کیونکہ آج کل انسٹاگرام اور واٹس ایپ جیسے سوشل میڈیا پر بھی ڈرگس کی فروخت بڑھتی جا رہی ہے۔کوریئر کے ذریعے بھی ڈرگس کی ڈلیوری کی جا رہی ہے گویا ہم ڈرگس کے خلاف ایک جنگ لڑ رہے ہیں۔ یہ جنگ ایسے دشمن سے ہے جو نظر نہیں آتا اور اسی لئے یہ زیادہ خطرنا ک ہوتا ہے۔
ٹول فری نمبر پر منشیات کے خلاف شکایت کی اپیل
وزیر اعلیٰ اور نوی ممبئی پولیس کمشنر سے طلبہ اور عوام سے اپیل کی کہ اگر ان کے اسکول ، کالج، علاقے میں منشیات فروخت کی جارہی ہے تو وہ نوی ممبئی پولیس کمشنریٹ کے ذریعہ شروع کی گئی ٹول فری ہیلپ لائن :۸۸۲۸۱۱۲۱۱۲؍ پر فون کریں ۔ دونوں نے یہ یقین دلایاکہ اطلاع دینے والی کی معلومات پوری طرح مخفی رکھی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے نئی ممبئی پولیس کمشنریٹ کی طرف سے نشے سے نجات کے لئے اٹھائے گئے اقدام کے لیے نئی ممبئی پولیس فورس کو مبارکباد دی۔ ایک مشہور شخصیت کے طور پر جان ابراہم کے کام کو بھی سراہا۔ اداکار جان ابراہم نے اپنی مختصر تقریر میں نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپناصاف ستھرا کردار بنا کر دوستوں میں مثال قائم کریں اور اپنے طرز عمل سے ایک اچھے شہری کی طرح زندگی گزاریں۔ وزیر جنگلات گنیش نائک نے کہا کہ اچھے کام کا جذبہ ہی اصل نشہ ہے۔ ہر ایک کو اچھے کام کے لیے کوشش کرنی چاہئے۔