Inquilab Logo Happiest Places to Work

دبئی کے ولی عہد شہزادہ شیخ حمدان بن محمد کی ہندوستان آمد

Updated: April 09, 2025, 9:39 AM IST | New Delhi

وزیراعظم مودی سے ظہرانے پر ملاقات، وزیردفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیرخارجہ ایس جے شنکر کے ساتھ الگ الگ میٹنگوں میں کئی اہم امور پر تبادلہ خیال، آج ممبئی میں صنعتکاروں کے ساتھ بھی ایک میٹنگ ہوگی۔

Prime Minister Modi and Dubai Crown Prince Hamdan bin Mohammed bin Rashid Al Maktoum. Photo: INN
وزیراعظم مودی اور دبئی کے ولی عہد شہزادہ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم۔ تصویر: آئی این این

دبئی کے ولی عہدشہزادہ اور امارات کے وزیر دفاع  شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم منگل کو ہندوستان کے دوروزہ سرکاری  دورے پر یہاں پہنچے ۔اس دوران وہ وزیراعظم نریندرمودی کے علاوہ دوسرے سینئر وزرا کے ساتھ دونوں ملکو ں کے باہمی تعلقات کو وسعت دینے پر بات چیت کریں گے ۔دبئی کے ولی عہد کا یہ ہندوستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے ۔ہندوستان پہنچنے پرسیاحت ، پٹرولیم  اور گیس کے وزیرمملکت  سریش گوپی نےان کا استقبال کیا۔
ان کے دورے کا بنیادی مقصد دونوں دوست ممالک کےدرمیان تعلقات کو مزید وسعت دیناہے  ۔ہندوستان پہنچنے  کے فوراً بعد انھوں نے  وزیرخارجہ  ایس جے شنکر اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ملاقات کےبعد’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ’’ یواے ای کے وزیردفاع حمدان محمد بن راشد آل مکتوم کے ساتھ نئی دہلی میں ایک نتیجہ خیز میٹنگ ہوئی۔ہندوستان ، یواے ای کے ساتھ جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو ترجیح دیتا ہے۔آنے والے برسوں میں ہم دفاعی تعاون،مشترکہ پروڈکشن  اور مشترکہ ترقیاتی پروجیکٹوں ،اختراع  اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں مل کر کام کرنے  کے خواہشمند ہیں۔ ہندوستان اور یواے ای دونوں ہی  خطہ میں امن اور خوشحالی کی سمت کام کرنے کے تئیں پر عزم ہیں ۔‘‘ بدھ کو وہ ممبئی پہنچیں گے جہاں ملک کے نامور صنعت کاروں کے ساتھ ایک میٹنگ میں شرکت کریں گے ۔
گزشتہ ایک دہائی کے دوران ہندوستان اور متحدہ عرب امارات (یواے ای ) کے درمیان تعلقات گہرے اور مضبوط ہوئے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت۶۵؍ارب ڈالر  سے زیادہ ہوگئی ہے اور آئندہ چند برسوں  میں۱۰۰؍ارب ڈالر تک لے جانے کا ارداہ ہے ۔ 
 دریں اثنا  وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اپنے سرکاری دفتر میں شیخ حمدان کا استقبال کیا۔اس ملاقات کے بعد ایک پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ’’مجھے دبئی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع کا ہندوستان کے پہلے سرکاری دورے کے آغاز پر خوش آمدید کہتے ہوئےخوشی ہو رہی ہے۔ ہم اپنے وسیع تعاون اور متحرک تعلقات کے بارے میں ان کے مثبت جذبات کی قدر کرتے ہیں۔‘‘اسی درمیان وزارت خارجہ کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ شیخ حمدان کی دارالحکومت پہنچنے پر اُن کا استقبال گارڈ آف آنر کے ساتھ کیا گیا۔ ان کے استقبال کیلئے مرکزی وزیر مملکت برائے سیاحت و پیٹرولیم اور قدرتی گیس سریش گوپی موجود تھے۔‘‘
دبئی کے متعدد وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام اور ایک اعلیٰ سطحی تجارتی وفد اس دورے میں ولی عہد کے ہمراہ ہے۔ ان کا یہ دورہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ ان کی یہاں آمد کے بعد  وزیر اعظم مودی نے ولی عہد کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم مودی اور دبئی کے ولی عہد کے درمیان ’ون ٹو ون‘ میٹنگ بھی ہوئی۔اس میٹنگ میں وزیراعظم مودی نےہندوستان اوریو اے ای کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ دبئی نے ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو آگے بڑھانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ اس ملاقات کے بعد وزیراعظم مودی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’’دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد  آل مکتوم سے مل کر خوشی ہوئی۔ یہ خصوصی دورہ ہماری گہری دوستی کی تصدیق کرتا ہے اور مستقبل میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی راہ ہموار کرتا ہے۔‘‘
  ایک رپورٹ کے مطابق یو اے ای میں تقریباً۴۰؍ لاکھ۳۰؍ ہزار ہندوستانی  رہتے ہیں جن میں سے زیادہ تر دبئی میں رہتے ہیں اور کام کرتے ہیں۔اسلئے اس میٹنگ سے دونوں ملکوں کے درمیان کاروباری اوردفاعی تعلقات میں بہتری کی امید کی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK