• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

شدید بارش سے ممبئی اور تھانے میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا،گاڑی والوں کو دشواری

Updated: July 26, 2024, 11:01 AM IST | Saadat Khan / Shahab Ansari / Saeed Ahmed Khan | Mumbai

بس، ٹرین خدمات اور ایئر پورٹ پرطیاروں کی پروازیں متاثر۔ آج بھی دن بھر تیز بارش جاری رہنے کی پیش گوئی۔

Vehicles are passing through the submerged Kurla-Kalina road. Photo: Syed Sameer Abdi
گاڑیاں زیرآب کرلا- کالینہ روڈ سے گزررہی ہیں۔ تصویر:سیّد سمیرعابدی

محض ۳؍ دن کے وقفہ کے بعد ممبئی شہرو مضافات اور تھانے میں ایک بار پھر موسلادھار بارش ہوئی جس کی وجہ سے کئی سڑکیں زیرآب آگئیں جس سے شہریوں کو دشواریاں ہوئیں۔ دریں اثناء محکمہ موسمیات نے جمعہ (آج ) کی صبح ساڑھے ۸؍ بجے تک کیلئے ’ریڈ الرٹ‘ جاری کردیا لیکن  جمعہ کو دن کے باقی حصے میں بھی تیز بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔  جمعرات کو ممبئی شہر و مضافات، تھانے اور اطراف کے علاقوں میں شدید بارش کے سبب کئی سڑکیں زیر آب آگئیں۔ پانی بھرجانے کی وجہ سے اندھیری سب وے بند کرنا پڑا۔تیز بارش کے سبب ٹریفک نظام اور ممبئی ایئرپورٹ پر پروازیں متاثر ہوئیں نیز میٹھی ندی کا پانی ایئرپورٹ کے رن وے کے قریب دیوار تک پہنچ گیا۔ 
شہرو مضافات کے ۱۵؍ مختلف مقامات پر ۱۰۰؍ ملی میٹر سے ۱۵۷؍ ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ دیگر کئی علاقوں میں ۵۰؍ سے ۸۰؍ ملی میٹر تو باقی جگہوں پر بھی کافی برسات ہوئی۔
صبح ساڑھے ۸؍ بجے سے شام ساڑھے ۵؍ بجے کے درمیان سانتا کروز میں ۷۷ء۱؍ ملی میٹر اور قلابہ میں ۴۴ء۸؍ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ 
سڑکوں پر پانی بھرنے کی وجہ سے آرے کالونی میں کئی بسوں کو متبادل راستوں سے گزارا گیا جبکہ سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے کے مسافروں نے مختلف اوقات میں ٹرینیں ۱۰؍ سے ۱۵؍ منٹ تاخیر سے چلنے کی بھی شکایت کی۔ تاہم عام طور پر یہ خدمات دن بھر وقت پر جاری رہیں۔ البتہ ٹرین کی پٹریوںپر پانی بھرنے سے پنویل اور کرجت کے درمیان ٹرین خدمات کو بند کردیا گیا۔
شدید بارش کے سبب شہر، مشرقی  اور مغربی مضافات میں درخت اور شاخیں گرنے کی ۳۲؍ شکایتیں موصول ہوئیں۔ دیگر ۹؍ مقامات پر شارٹ سرکٹ ہوا تو ۶؍ مقامات پر عمارتوں کے حصے اور دیواریں گرنے کے حادثات ہوئے۔   
اندھیری میں چٹان کھسکنے کا واقعہ بھی پیش آیا۔ یہاں گلبرٹ ہل علاقے میں پہاڑی کا حصہ ساگرسٹی کمپلیکس کی انڈین اوشین نامی عمارت کے احاطے میں گرا جس سے  وہاں کھڑی ایک کار کو شدید نقصان پہنچا۔ خیر یہ ہوئی کہ سوسائٹی کے مکین محفوظ رہے۔ مقامی افراد کے مطابق دوپہر کا وقت تھا، بچے اسکول اور کالج جاچکے تھے، کمپاؤنڈ خالی تھا ورنہ بچے اکثر احاطے میں کھیلتے رہتے ہیں۔
اسی عمارت سے متصل کیری آن نامی عمارت  میں مقیم محمد پٹیل نے نمائندۂ انقلاب کو بتایاکہ ’’یہ واقعہ دوپہر میں ساڑھے ۱۲؍ بجے پیش آیا جس کے بعد ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ اور پی ڈبلیو ڈی کے افسران جائے وقوع پر پہنچے اور سابق کارپوریٹر محسن حیدر نیز مقامی رکن اسمبلی امیت ساٹم وغیرہ بھی آئے۔ انہوںنے حالات کا جائزہ لیا۔ امیت ساٹم نے ڈیزاسٹرمینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں سے کہا کہ ایسے حادثےکو روکنے کیلئے حفاظتی دیوار تعمیر کی جائے اوریہ دیکھا جائے کہ اس پرکیا صرفہ آئے گا۔‘‘
 موسلادھاربارش کے سبب جہاں تھانے، نوی ممبئی اورپال گھر کے اسکولوں میں صبح میں چھٹی کا اعلان کردیا گیا تھا وہیں ممبئی میں صبح کا سیشن جاری رہا لیکن طلبہ کی حاضری کم رہی ہے۔ دوپہر۲؍بجکر ۱۶؍منٹ پر بی ایم سی کے  ایکس ہینڈل پر چھٹی کااعلان کیاگیا لیکن  اس وقت تک  دوپہر کے سیشن کے طلبہ اسکول پہنچ چکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK