Inquilab Logo

سرکاری دفاتر میں ’ای آفس‘ سسٹم کا نفاذ ہوگا

Updated: December 03, 2022, 10:12 AM IST | Mumbai

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے یکم اپریل ۲۰۲۳ءسے تمام سرکاری دفاتر میںکام کو مزید فعال اور پیپر لیس کرنے کا حکم دیا

Maharashtra Chief Minister Eknath Shinde supports paperless office; Photo: INN
مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندےپیپر لیس آفس کے حامی ہیں؛تصویر:آئی این این

 مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ انتظامی کاموں کو مزید’ فعال اور `پیپر لیس‘ بنانے کے لئے ’ای آفس‘ سسٹم کو ریاست کے تمام سرکاری دفاتر میں یکم اپریل ۲۰۲۳ءسے نافذ کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ آفس سے جمعرات کی رات جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ  وزیر اعلیٰ شندے نے انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریاست میں بھی مرکز کی طرز پر سرکاری فائلوں کو فیصلے کرنے کیلئے ۴؍ سطحوں پر بھیجیں۔ 
 مرکزی محکمہ انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات (ڈی اے آر پی جی ) کے سیکریٹری وی سرینواس نے اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ ورشا پر گزشتہ روز ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر ریاست کے چیف سیکریٹری منو کمار سریواستو،   ایڈیشنل چیف سیکریٹری سجاتا سونک اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔
 وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ کو ریاست میں ’’گڈ گورننس مینول‘‘ کی تیاری کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ مہاراشٹرا ملک میں گڈ گورننس انڈیکس میں دوسرے نمبر پر ہے اور اسے پہلے مقام پر لانے کی کوشش کی جانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اگر ریاست کے تمام سرکاری دفاتر میں ’ای آفس‘سسٹم شروع ہو جائے تو کام میں تیزی آئے گی اور اس کے علاوہ کام مکمل طور پر پیپر لیس ہو جائے گا۔  شندے نے کہا کہ جب تمام دفاتر’ `ای آفس‘ میں کام کرنا شروع کردیں گے تو فائلوں اور دستاویزات کو موبائل پر بھی دیکھنا اور منظور کرنا ممکن ہوگا۔
عوامی شکایات پر کارروائی کا جائزہ لیں گے
 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’یہ عوام کی حکومت ہے اور حکومت سے عام آدمی کی توقعات پر پورا اترنے کے لئے وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کو موصول ہونے والی عوامی شکایات کے ازالے کےلئے آن لائن سسٹم نافذ کیا جائے گا۔ ان شکایات کو ڈیجیٹل طور پر ٹریک کیا جائے گا، محکموں کی جانب سے شکایات پر کی جانے والی کارروائی کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کیلئے ایک علیحدہ ڈیش بورڈ بنایا جائے گا۔‘‘ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ وہ خود ان عوامی شکایات پر کی گئی کارروائی کا جائزہ لیں گے۔ 
اب ہر محکمہ اور ضلع کی `گڈ گورننس رینکنگ ہوگی
 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس وقت مہاراشٹر میں صرف ریاستی سطح پر گڈ گورننس کی نگرانی کی جاتی ہے لیکن اب ہر سرکاری محکمے اور ضلع کی گڈ گورننس کی درجہ بندی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے سرکاری محکموں اور اضلاع کی انتظامیہ کی طرف سے فراہم کی جانے والی سرکاری خدمات اور گڈ گورننس کی درجہ بندی کا تعین کرنے کی ہدایات دیں۔ اس گڈ گورننس کی درجہ بندی نہ صرف محکموں اور اضلاع میں مسابقت پیدا کرے گی بلکہ لوگوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار میں بھی اضافہ کرے گی۔ 
فائلوں کے مراحل کم ہوں گے 
 فی الحال وزیر اعلیٰ کے پاس فیصلے کے لئے آنے والی فائل۸؍مختلف مرحلوں سے آتی ہے، اتنے زیادہ مرحلوں کی وجہ سے متعلقہ فائلوں پر فیصلے میں تاخیر ہوتی ہے، اس لئے  وزیر اعلیٰ نے ان مراحل کو کم کرنے کی ہدایت دی۔
آن لائن خدمات کی تعداد میں اضافہ ہوگا
         وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس وقت ریاست میں ۴۵۰؍ خدمات آن لائن فراہم کی جارہی ہیں ۔ انہوںنے مزید خدمات کو آن لائن کرنے کیلئے ضروری کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK