• Wed, 18 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

امریکہ میں پیشگی پولنگ کے پہلے دن ریکارڈ ووٹنگ

Updated: October 17, 2024, 12:31 PM IST | Atlanta

نتائج کو پلٹ دینے کی صلاحیت رکھنے والی اس ریاست میں  رپبلکن پارٹی الرٹ، ۶۳؍ ہزار ووٹروں  کو چیلنج کیا مگر چند ایک میں  ہی کامیابی ملی۔

In Georgia, senior citizens go to exercise their right to vote. Photo: INN.
جارجیا میں  معمر شہری اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنےکیلئے جاتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این۔

امریکہ میں  صدارتی الیکشن کیلئے ۵؍ نومبر کی پولنگ سے قبل ۱۵؍ اکتوبرسے پیشگی ووٹنگ کی سہولت کا آغاز ہوگیا جس کے پہلے ہی دن جارجیا میں  رائے دہندگان نے ریکارڈ ووٹنگ کی۔ جارجیا امریکہ کی اُن ۷؍ ریاستوں  میں سے ایک ہے جنہیں  ’سوئنگ اسٹیٹ‘ کہتے ہیں۔ یہ وہ ریاستیں   ہیں جو صدارتی الیکشن میں  فیصلہ کن رول ادا کرتی ہیں۔ یہاں  منگل کو پہلے ہی دن ذاتی طور پر پولنگ بوتھ میں  پہنچ کر ۲؍ لاکھ ۵۱؍ ہزار شہریوں    نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ 
گزشتہ الیکشن کے مقابلے یہ دگنی تعداد ہے۔ ۲۰۲۰ء کے الیکشن میں پیشگی ووٹنگ کے پہلے دن ایک لاکھ ۳۶؍ ہزار افراد نے ووٹ ڈالے تھے۔ جارجیا میں انتخابی امور کے سینئرافسر گیبریل اسٹرلنگ نے بتایا کہ’’شام ۴؍ بجے تک ہم نے ۲؍لاکھ ۵۱؍ ہزار ۸۹۹؍ ووٹوں  کا ہندسہ پار کرلیا ہے۔ یہ غیر معمولی ہے۔ ‘‘ اطلاعات کے مطابق اٹلانٹا کی بنیادی کاؤنٹیوں میں بعض ووٹنگ سینٹروں پر لوگوں  نے ایک ایک گھنٹہ طویل انتظار کے بعد ووٹ ڈالے۔ 
یہ ٹرن آؤٹ عوام میں  پیشگی ووٹنگ کی مقبولیت کا بھی مظہر ہے جس کے تحت ووٹر ذاتی طور پولنگ مرکز پرپہنچ کر یا پھر ای میل کے ذریعے اپنا ووٹ دے سکتے ہیں۔ تاریخی لحاظ سے پیشگی ووٹنگ میں  بہتر پولنگ کا فائدہ ڈیموکریٹس کو ہوتا ہے جس کی امیدوار کملا ہیرس ہیں۔ بہرحال دونوں ہی پارٹیاں عوام سے پیشگی ووٹنگ میں  حصہ لینے کی اپیل کررہی ہیں۔ اس بیچ ڈونالڈ ٹرمپ اوران کی پارٹی (رپبلکن ) کے امیدوار الرٹ ہوگئے ہیں۔ خبر رساں  ایجنسی ’اے پی‘ کی رپورٹ کے مطابق انہوں  نے جارجیا کے ۶۳؍ ہزار ووٹرس کو چیلنج کیا ہے مگر انہیں  چند ووٹروں  کو ہی نااہل قرار دلوانے میں  کامیابی ملی ہے۔ جارجیا میں پیشگی ووٹنگ شروع ہوتے ہی ڈیموکریٹک اور ریپبلکن پارٹیوں کے امیدواروں نے اپنی انتخابی مہم کے طور پر میڈیا کو انٹرویوز دینا شروع کردیا تاکہ ووٹروں کوا پنی جانب راغب کرسکیں  ۔ امریکہ میں انتخابی عمل انتہائی پیچیدہ ہوتا ہے۔ ہر ریاست کے پاس ’’الیکٹورل کالج ووٹوں ‘‘ کی ایک مخصوص تعداد ہوتی ہے۔ ریاستی سطح پر جس امیدوار کو سب سے زیادہ ووٹ ملتے ہیں ، اسی کے حصے میں  الیکٹورل کالج کے تمام ووٹ آتے ہیں۔ اس میں یہ نہیں  دیکھا جاتاکہ ریاستی سطح پر کامیابی کا فرق کتنا کم یا کتنا زیادہ ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK