• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

زلزلے جیسے جھٹکے اور زمین سے پُراسرا آوازیں، گاؤں میں خوف

Updated: February 21, 2025, 3:06 PM IST | Agency | Raigad

رائے گڑھ کے پین تعلقے میں واقع کچھ گائوں میں عجیب وغریب واقعہ، ریکٹر اسکیل پر زلزلہ ریکارڈ نہیں، جانچ جاری۔

Officers talking to villagers. Photo: INN
افسران گائوں والوں سے گفتگو کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این


کوکن کے ضلع رائے گڑھ میں واقع پین تعلقے کے کچھ گائوں میں زلزلے جیسے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں اور زمین سے پُر اسرار آوازیں آ رہی ہیں۔ حیران کن بات یہ ہے کہ ریکٹر اسکیل نے ان جھٹکوں کو درج نہیں کیا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے فوری طور پر ان گائوں کو خالی کروالیا ہے اور ماہرین اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ 
  اطلاع کے مطابق رائے گڑھ ضلع کے پین تعلقے میں و اقع تلور گائوں کے علاوہ سدھا گڑھ تعلقے کے مہاگائوں میں بدھ کی رات ۱۰؍ بجے کے قریب زلزلے جیسے جھٹکے محسوس کئے گئے اور گھروں میں برتن وغیرہ گرنے لگے۔ لوگ اپنے اپنے مکانات سے باہر نکل آئے۔ انہوں نے تعلقہ انتظامیہ کو اس کی اطلاع دی۔ اس وقت یہ جھٹکے تھم گئے۔ لیکن سدھا گڑھ میں دیول واڑی، کلاکارائی، کیولے واڑی جیسے کچھ گائوں میں صبح ۳؍ بجے کے وقت، پھر زلزلے جیسے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ ساتھ ہی زمین کے نیچے سے کچھ بھیانک آوازیں آنے لگیں جنہیں سن کر گائوں والے خوفزدہ ہو گئے۔ 
 محکمۂ محصول کے افسران نے آدھی رات کو دونوں تعلقوں  میں جا کر مقامی باشندوں سے ملاقات کی اور انہیں وقتی طور پر کسی اور مقام پر منتقل ہو جانے کا مشورہ دیا ہے۔ ساتھ ہی ریاستی محکمۂ موسمیات اور ستارا ضلع کے کوئناڈیم کے پاس موجود ریکٹر اسکیل کے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا لیکن دونوں ہی جگہ اس بات کی نفی کی گئی کہ ان علاقوں میں کوئی زلزلہ آیا تھا۔ رائے گڑھ کے ڈپٹی ضلع کلکٹر سندیش شرکے نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ نے پونے میں واقع جیولوجیکل سروے آف انڈیا سے گزارش کی ہے کہ وہ ماہرین کی ایک ٹیم یہاں بھیجے جو ان جھٹکوں اور آوازوں کے تعلق سے وضاحت کر سکے۔ اس دوران گائوں والے خوفزدہ ہیں۔ کچھ دیگر علاقوں میں منتقل ہو گئے ہیں اور جو لوگ اپنے گائوں میں ہیں وہ رات جاگ کر گزار رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK