بدھ کی صبح ودربھ کے اور مراٹھواڑہ کے کچھ علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے جس کی وجہ سے تھوڑی دیر کیلئے عوام میں خوف پھیل گیا ۔ حالانکہ اس میں کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔
EPAPER
Updated: July 11, 2024, 9:55 AM IST | Nanded
بدھ کی صبح ودربھ کے اور مراٹھواڑہ کے کچھ علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے جس کی وجہ سے تھوڑی دیر کیلئے عوام میں خوف پھیل گیا ۔ حالانکہ اس میں کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔
بدھ کی صبح ودربھ کے اور مراٹھواڑہ کے کچھ علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے جس کی وجہ سے تھوڑی دیر کیلئے عوام میں خوف پھیل گیا ۔ حالانکہ اس میں کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا ۔ اطلاع کے مطابق صبح ۷؍ بج کر ۱۵؍ منٹ پر آئے اس زلزلے کا مرکز ہنگولی ضلع کے تعلقے قلم نوری میں واقع رامیشورہ تانڈہ گائوں میں تھا۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی پیمائش ۴ء۵؍ کی گئی ہے۔
قلعے کی فصیل کا نقصان
مراٹھواڑہ میں ہنگولی، ناندیڑ اور اورنگ آباد وغیرہ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے جانے کی خبر ہے۔ یہاں کسی کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے لیکن جھٹکوں کے سبب لوگوں میں تھوڑی دیر کیلئے خوف پیدا ہو گیا تھا۔ اطلاع کے مطابق ہنگولی میں واقع وڈگائوں قلعے کی فیصل کو زلزلے کے سبب نقصان پہنچا ہے۔ فصیل کے ایک حصے سے اینٹیں نکل کر نیچے گر پڑی ہیں۔ یہ قلعہ قلم نوری تعلقے کے پیٹھ وڑ گائوں میں واقع ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ وڈگائوں کا یہ قلعہ تاریخی حیثیت رکھتا ہے۔
ودربھ میں شدید جھٹکے، لوگ گھروں سے باہر آگئے، جانور گھبرا گئے
ودربھ کے مختلف اضلاع، واشم، ایوت محل، اکولہ اور بلڈانہ میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ یہاں ایوت محل کے پوسد، عمر کھیڑ اور دیگر علاقوں میںزلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی کئی علاقوں کے شہری خوف سے گھروں سے باہر نکل آئے۔ یہاں گڑگڑاہٹ کے ساتھ زمین لرزنے لگی۔ خوفزہ جانور باڑے توڑ کر باہر نکلنے کی کوشش کرنے لگے۔ بلڈانہ کے مہکر، ڈونگائوں اور لونار گائوں میں بھی اسی طرح کا منظر تھا لیکن ان میں سے کہیں بھی کسی نقصان کی خبر نہیں ہے۔ اکولہ کے پرانے شہر کے علاوہ رام داس پیٹھ، جٹھار پیٹھ، گورکشن روڈ وغیرہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ ضلع واشم میں بھی یہی صورتحال تھی۔ واضح رہے کہ واشم مراٹھواڑہ سے متصل ہے۔ یہاںرسوڑ تعلقہ کے کچھ علاقوں میں ۲؍ مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ پہلا صبح ۷؍ بج کر ۰۹؍ منٹ پر اور دوسرا ۷؍ بج کر ۱۵؍ منٹ پر۔ شہری خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے۔ جے پور، ٹنکا، سونڈا، ساولی کرشنا کے دیہاتوں میں گھروں پر لگے چھت کے ٹینوں میں زور دار آواز ہوئی۔ گاؤں میں بندھے مویشی بھی زلزلے سے خوفزدہ دیکھے گئے۔ جانور بے چین تھے اور باہر نکلنے کیلئے جدوجہد کر رہے تھے۔
انتظامیہ کی جانب سے احتیاط کی تلقین
ہر چند کہ زلزلے کے جھٹکوں سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔ انتظامیہ نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جھٹکوں سے گھبرائیں نہیں البتہ احتیاط برتیں۔ ناندیڑ ضلع انتظامیہ نے ہدایت دی ہے جن کے کچے مکانات ہیں وہ لوگ اپنی مکانوں کے چھتوں سے پتھر ہٹالیں۔ یاد رہے کہ کچے مکانات کے اوپر چادر یا پلاسٹک اڑ نہ جائے کیلئے پتھر رکھے جاتے ہیں جو زلزلے میں مکینوں پر گر سکتے ہیں۔ اسی طرح بلڈانہ ضلع انتظامیہ نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جھٹکوں کی صورت میں فوری طور پر اپنے گھروں سے باہر نکل آئیں اور میدانوں میں رکے رہیں۔ اسمبلی میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ جن علاقوں میں زلزلے کےجھٹکے محسوس کئے گئے ہیں وہ ضلع انتظامیہ کو ہدایت دیدی گئی ہے کہ وہ عوام کی مدد کرے اور اگر کوئی متاثر ہوا ہو تو اس کی مد د کرے۔ انہوں نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی۔