• Fri, 15 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مالیگائوں جعلی بینک اکائونٹ کیس میں ای ڈی کی کارروائی

Updated: November 14, 2024, 10:57 PM IST | Mumbai

ای ڈی نے ممبئی اورمالیگائوں کے علاوہ گجرات میں بھی چھاپے مارے ،کروڑوں روپے ضبط کرنے کا دعویٰ ، بی جے پی کی شر انگیز ی ، ’ووٹ جہاد ‘ کا پیسہ قرار دیا

Politics has also started over ED raids in Maharashtra. (File Photo)
مہاراشٹر میںای ڈی کے چھاپوں پر سیاست بھی شروع ہو گئی ہے۔(فائل فوٹو)

گزشتہ ہفتہ مالیگاؤں کے  ایک تاجر کے ذریعہ بنائے گئے ۱۲؍ فرضی اکاؤنٹس اور ان اکاؤنٹس میں  کروڑوں روپے موصول ہونے کی شکایت پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ( ای ڈی )نے  ان اکاؤنٹس کو سیل کرنے کے ساتھ ساتھ جمعرات کو بین ریاستی کارروائی کرتے ہوئے ایک ساتھ ۲۰؍ مقامات پر چھاپے مارے۔مرکزی ایجنسی نے منی لانڈرنگ کے تحت کیس درج کرتے ہوئے اس معاملے کے کلیدی ملزم تاجر کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔ایجنسی نے ممبئی، مہاراشٹر کے مختلف شہروں اور گجرات کے بھی کچھ علاقوں میں ایک ساتھ چھاپے ماری کی۔ ای ڈی نے ان شہروں سے کروڑوں روپے ٹرانسفر کرنے سے متعلق کئی دستاویزات ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ای ڈی نے ۱۲؍ بے روز گار نوجوانوں کے نام سے بنائے گئے فرضی اکاؤنٹس میں فرضی کمپنیوںکے نام سےکروڑوں روپے ٹرانسفر کئے جانے کے تعلق سے کئی اہم دستاویزات ضبط کئے ہیں جن میں پیسے ٹرانسفر کرنے والوں کی مکمل تفصیلات درج ہونے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ممبئی ، تھانے ، واشی ، مالیگاؤں ، ناسک ،احمد آباد اور سورت میں جمعرات کی صبح ایک ساتھ آپریشن کیا۔ایجنسی  کے ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن کا یہ سلسلہ فی الحال جاری رہے گا۔ ایجنسی نے احمد آباد اور سورت میں ۱۳؍ مقامات پر، مالیگاؤں اور ناسک کے ۲؍ اور ممبئی ، تھانے اور واشی کے ۵؍ پانچ مقامات پر چھاپہ مارا ہے۔ ہر جگہ سے ایجنسی کے افسران نے کچھ اہم دستاویز ضبط کئے ہیں جن سے پورے معاملے پر روشنی پڑنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے جبکہ کچھ افراد سے اس تعلق سے پوچھ تاچھ بھی ہو رہی ہے۔   
  مرکزی ایجنسی کے مطابق ملزم سراج احمد ہارون  نامی ایک تاجر کے خلاف منی لانڈرنگ کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔مالیگاؤں سےتعلق رکھنے والا سراج احمد ہارون چائے اور کولڈرنک کا بزنس کرتاہے ۔ای ڈی کا الزام ہے کہ ملزم نے  ۱۲؍ نوجوانوں کے وائی سی ،آدھار کارڈ اور دیگر دستاویزات کا استعمال کرکے ناسک مرچنٹ کوآپریٹیو بینک میں مبینہ طو رپر اکاؤنٹس کھولے تھے اور نوجوانوں کونیا بزنس شروع کرنے اور زیادہ منافع دینے کا لالچ دے کر نہ صرف فرضی کمپنی بنائی بلکہ ان اکاؤنٹس کے ذریعہ کسانوں کو پیسے دینے کا بھی جھانسہ دیا تھا۔ساتھ ہی ان نوجوانوں کو کروڑوں کا منافع ملنے کا دعویٰ بھی کیا گیا تھا ۔  ای ڈی نے بتایا کہ ملزم نے  ان اکاؤنٹس میں ایک سو ۲۵؍ کروڑ کی خطیررقم حاصل کی تھی ۔ ایک چھوٹے سے بینک میں اتنی بڑی رقم آنے پر بینک انتظامیہ بھی چوکنا ہو گیا تھا اور اس نے  اپنے۱۲؍ اکاؤنٹ ہولڈروں کو ان کے اکاؤنٹ میں آنے والی اس خطیر رقم سے آگاہ کیا جس کے بعد ملزم کے خلاف ۱۲؍ نوجوانوں میں سے ایک جئیش مسل نامی نوجوان نے پولیس میں شکایت درج کرادی ۔ اس شکایت کو ای ڈی کو منتقل کردیا گیا اور معاملہ بھی ای ڈی نے اپنے ہاتھ میں لے لیا۔  اسی شکایت کی بنیاد پر  اب یہ کارروائی کی گئی ہے۔ 
 واضح رہے کہ ای ڈی نے مالیگاؤں میں کارروائی کے دوران ملند پوپٹ لال پٹیل کو حراست میں لیا ہے ۔ ای ڈی افسران کا کہنا ہےکہ مذکورہ شخص حوالہ کاروبار ( انگڑیا ) سے منسلک ہے ۔ اس کا تعلق غیر قانونی طریقے سے رقومات کی منتقلی کرنے والےگروہ سے ہے ۔ مزید تفتیش کیلئے ملزم کو تحویل میں لیا گیا ہے۔ای ڈی کی کارروائی سے مالیگاؤں ایک مرتبہ پھر سُرخیوں میں آگیا ہے  اور یہاں اس رقم کے تعلق سے سیاست بھی شروع ہو گئی ہے۔ بی جے پی خاص طور پر اس معاملے کو اچھالنے کی کوشش کررہی ہے تاکہ ووٹ جہاد جیسے مفروضہ کو مزید ہوا دی جاسکے اور اکثریتی ووٹوں کو متحد کیا جاسکے۔  
  اس معاملے میںای ڈی کو بھی شبہ ہے کہ ملزم نے جو خطیر رقم حاصل کی تھی ، اس کا استعمال ۲۰؍ نومبر کو ہونے والے  اسمبلی الیکشن  میں ہونے والا تھا ۔ حالانکہ اب تک کی تفتیش میں کسی بھی سیاسی پارٹی یا لیڈر نے اس رقم کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم بی جے پی لیڈر کریٹ سومیانے مذکورہ بالا معاملہ کو ’ووٹ جہاد‘ کا نام دے دیا ہے ۔ انہوں نے اس سلسلے میں گزشتہ روز  منعقدہ  پریس کانفرنس میں سنسنی خیز الزامات عائد کئے تھے اور کہا تھا کہ اس رقم کا استعمال مالیگائوں اور اطراف میں’ ووٹ جہاد‘ کے لئے کیا جانے والا تھا۔ انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ اس معاملے میں جو بھی خاطی ہے اسے سامنے لایا جائے کیوں کہ مہاراشٹر میں ’ووٹ جہاد ‘ قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے  وزیر داخلہ امیت شاہ ، ریزرو بینک کے گورنر،ریاستی وزیر داخلہ دیویندر فرنویس، ریاستی اور مرکزی الیکشن کمیشن اور دیگر متعلقہ حکام  سے اس معاملے میں فوری طور پر نوٹس لینے اور کارروائی کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔

malegaon Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK