• Mon, 30 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ای ڈی کی کارروائی ،سنجے رائوت کی جائیدادقرق

Updated: April 06, 2022, 9:37 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

ممبئی اور علی باغ میں واقع جائیداد قرق کی گئی ،گوریگائوںکی پترا چال کے ری ڈیولپمنٹ میںگھوٹالے کا الزام ، رائوت نے کہا’’ ہم ڈرنے والوں میں سے نہیں ہیں‘‘

Shiv Sena leader and MP Sanjay Rawat who is constantly being harassed
شیو سینا لیڈر اور رکن پارلیمنٹ سنجے رائوت جنہیں مسلسل ہراساںکیا جارہا ہے

مضافات  میں گوریگائوںکی پترا چال گھوٹالہ کے  معاملہ میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منگل کو شیو سینا کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ  سنجے رائوت کے علی باغ میں واقع ۸؍ پلاٹ اور ممبئی کے دادر علاقے میں ایک فلیٹ کو قرق کرلیا۔ ضبط کی گئی ملکیت کی قیمت تقریباً ۱۱؍ کروڑ روپے بتائی جارہی ہے۔ سنجے رائوت نے اس کارروائی کے بعد اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ’’اَستیہ میو جیتے‘‘ (جھوٹ کی جیت) لکھ کر اپنا رد عمل ظاہر کیا۔ 
ای ڈی  کے دعوے 
 واضح رہے کہ ای ڈی اس سلسلے میں مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے تاجر پروین رائوت کو گرفتار کرچکی ہے اور اس کی تحویل حاصل کرنے کے لئے ۱۰؍ فروری کو ای ڈی نے پی ایم ایل اے کی خصوصی عدالت میں دعویٰ کیا تھا کہ تفتیش کے دوران انہیں پتہ چلا ہے کہ پروین رائوت کے سیاسی تعلقات ہیں اور وہ کسی سیاسی شخصیت کے لئے یا پھر کسی بارسوخ شخص کے لئے کام کررہا ہے۔ای ڈی نے اس کے متعلق یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ پروین رائوت نے پترا چال کے ری ڈیولپمنٹ میں گھوٹالے سے حاصل ہونے والی ایک ہزار ۳۴؍ کروڑ روپے کی رقم میں سے ۵۵؍ لاکھ روپے اپنی اہلیہ کے بینک اکائونٹ سے ایک سیاسی شخصیت کی اہلیہ کے بینک اکائونٹ میں منتقل کئے تھے لیکن جب ای ڈی نے اس سلسلے میں تفتیش شروع کی تو یہ رقم تقریباً ۱۰؍ برس بعد بغیر سود کے واپس لوٹا دی گئی۔
پروین رائوت پر سوال 
 اس کے علاوہ پروین رائوت کے پیسوں سے ایک سیاسی شخصیت کے اندرون اور بیرون ملک سفر کے لئے ٹکٹیں بک کی جاتی رہی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ برس ای ڈی نے پنجاب نیشنل بینک گھوٹالہ اور پروین رائوت کی اہلیہ سے تعلقات کے سلسلہ میں ممبر پارلیمنٹ سنجے رائوت کی اہلیہ ورشا رائوت سے پوچھ تاچھ کی تھی۔
سنجے رائوت برہم 
 ای ڈی کی کارروائی پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے سنجے رائوت نے کہا کہ ’’میں ان میں سے نہیں ہوں جو گھبرا جائیں، میری جائیداد ضبط کرلو، مجھے گولی مار دو، مجھے جیل بھیج دو، سنجے رائوت بالا صاحب ٹھاکرے کی راہ پر چلنے والا ایک شیو سینک ہے، وہ لڑے گا اور سب کی پول کھول دے گا۔میں خاموش رہنے والوں میں سے نہیں ہوں، انہیں ناچنے دو۔ آخر میں جیت سچائی کی ہی  ہوگی۔‘‘رائوت نے یہ بھی کہا کہ انہیں اس بات کا بخوبی اندازہ تھا کہ ای ڈی اور سی بی آئی ان کے پیچھے پڑی ہے لیکن انہیں کچھ بھی حاصل نہیں ہو گا۔ اس وقت جو کچھ کیا جارہا ہے وہ صرف اور صرف مہاراشٹر کی حکومت کو گرانے کیلئے کیا جارہا ہے۔
مہاراشٹر حکومت کا موقف 
 سنجے رائوت کی جائیداد قرق کرنے کے معاملے میںمہاراشٹر کے وزیر داخلہ دلیپ والسے پاٹل نے ردعمل دیا اور کہا کہ  اس سلسلے میں تفتیش کے لئے ایڈیشنل پولیس کمشنر وریش پربھو کی سربراہی میں ایک اسپیشل ٹیم تشکیل دی جارہی ہے جو اس معاملے  میں کارروائی کرے گی۔ 
پترا چال گھوٹالا کیا ہے؟
 ای ڈی کے مطابق گوریگائوں میںمہا ڈا کی ۴۷؍ ایکڑ کی زمین ہے جس پر پترا چال میں واقع مکانات میں ۶۷۲؍ کرایہ دار رہتے تھے۔ گُرو آشیش کنسٹرکشن پرائیویٹ لمیٹڈ نامی ایک کنسٹرکشن کمپنی نے پترا چال کو ری ڈیولپ کرنے کے لئے کرایہ داروں اور مہاڈا کے ساتھ سہ فریقی معاہدہ کیا۔ گرو آشیش کمپنی دراصل ’ہائوسنگ ڈیولپمنٹ انفراسٹرکچر لمیٹڈ‘ (ایچ ڈی آئی ایل) کی ماتحت کمپنی ہے اور پروین رائوت اس کے ڈائریکٹر ہیں۔ ای ڈی کا الزام ہے کہ پروین رائوت نے ایچ ڈی آئی ایل سے وابستہ راکیش کمار وادھاون اور سارنگ وادھاون کے ساتھ مل کر پترا چال کے لئے ملنے والے ’فلور اسپیس انڈیکس‘ (ایف ایس آئی) کو غیر قانونی طریقے سے مختلف بلڈروں کو فروخت کیا۔

الزام ہے کہ یہ ایف ایس آئی  ایک ہزار ۳۴؍ کروڑ روپوں میں فروخت کی گئی ہے۔ یہ سب کچھ کرایہ داروں کے لئے اور مہاڈا کو دینے کے لئے نئے مکانات تعمیر کئے بغیر کیا گیا جو کہ معاہدہ کے مطابق سب سے پہلے ہونا چاہئے تھا۔اس سے قبل بھی ای ڈی نے پروین رائوت کے خلاف ایک دیگر معاملے میں تفتیش کی تھی جس میں ان پر ۹۵؍ کروڑ روپے کے گھوٹالے کا الزام لگاتھا ۔ واضح رہے کہ پروین رائوت، سنجے رائوت کے انتہائی قریبی تعلقات والے قرار دئیے جاتے ہیں ۔ اسی وجہ سے ای ڈی نے انہیں نشانہ بنایا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK