ہائی کورٹ کے ذریعہ دی گئی ضمانت پر سپریم کورٹ نے مہر لگادی، فیصلے پر روک کی جانچ ایجنسی کی اپیل کو خارج کردیا۔
EPAPER
Updated: July 30, 2024, 10:49 AM IST | New Delhi
ہائی کورٹ کے ذریعہ دی گئی ضمانت پر سپریم کورٹ نے مہر لگادی، فیصلے پر روک کی جانچ ایجنسی کی اپیل کو خارج کردیا۔
جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین کو دوبارہ جیل بھیجنے کی ای ڈی کی کوششوں کو پیر کو اس وقت زوردار جھٹکا لگا جب سپریم کورٹ نے اس کی اپیل خارج کردی۔ ای ڈی نے ہیمنت سورین کو ضمانت پر رہا کرنے کے جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیاتھا ۔ جسٹس بی آر گوَئی اور جسٹس کے وی وشواناتھن نے یہ کہتے ہوئے یہ اپیل مسترد کردی کہ ہائی کورٹ کافیصلہ دلائل اور منطق پر مبنی ہے۔ بنچ نے اپنے حکم میں کہاکہ ’’ہم ہائی کورٹ کے حکم میں مداخلت کرنے کی ضرورت نہیں محسوس کرتے۔‘‘ کورٹ نے البتہ یہ واضح کیا کہ ضمانت دیتے وقت ہائی کورٹ نے مشاہدات کا اظہار کیا ہے ان کا ٹرائل کورٹ میں اس کیس کی سماعت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ای ڈی نے سورین کی ضمانت کو منسوخ کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں یہ دلیل دی تھی کہ ضمانت دینے کا ہائی کورٹ کا حکم ’’غیر قانونی‘‘ ہے اور ہائی کورٹ کا یہ مشاہدہ غلط ہے کہ ’’ان (وزیر اعلیٰ) کے خلاف پہلی نظر میں کوئی کیس ہی نہیں بنتاہے۔‘‘ یاد رہے کہ ہیمنت سورین جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ وزارت اعلیٰ کا عہدہ سنبھال چکے ہیں۔