اسی کیس میںوہ گزشتہ سال ۵۳؍ دن جیل میں رہ کر باہر آئے تھے
EPAPER
Updated: October 17, 2024, 10:52 PM IST | Hyderabad
اسی کیس میںوہ گزشتہ سال ۵۳؍ دن جیل میں رہ کر باہر آئے تھے
آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندربابو نائیڈو کو۳۷۱؍کروڑ کی بدعنوانی کے معاملہ میں ای ڈی نےکلین چٹ دے دی۔ حالانکہ اس معاملہ میں۵۳ ؍دن جیل میں رہنے کے بعد نائیڈو ضمانت پر باہر آئے تھے۔ای ڈی نے چندربابو نائیڈو کو اسکل ڈیولپمنٹ گھوٹالے میں کلین چٹ دی ہے۔نائیڈوکے خلاف ۲۰۲۱ء میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی ۔ انہیں گزشتہ سال ۹؍ ستمبر کو سی آئی ڈی ٹیم نے سی آر پی سی کی دفعہ ۵۰(۱) (۲)کے تحت نندیال سے گرفتار کیا تھا اور ۳۱؍ اکتوبر ۲۰۲۳ ءکو وہ ضمانت پر جیل سے باہر آئے تھے ۔ اب دوبارہ وزیراعلیٰ بننے کے بعد ای ڈی نے ان کو کلین چٹ دے دی ہے۔
دراصل آندھرا پردیش میں چندرا بابو نائیڈو کی حکومت کے دوران نوجوانوں کو ہنر مندی کی تربیت فراہم کرنے کیلئے اسکیم شروع کی گئی تھی۔ اس اسکیم کا مقصد نوجوانوں کو حیدرآباد اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں واقع بڑی صنعتوں میں کام کرنے کیلئے ضروری ہنر مندی کی تربیت فراہم کرنا تھا۔ اسکیم کے تحت ۶؍ کلسٹر بنائے گئے تھے اور ہر کلسٹر پر۵۶۰ ؍کروڑ روپے کے حساب سے کل ۳۳۰۰ ؍کروڑ روپے خرچ کئے جانے تھے۔ الزام ہے کہ چندرا بابو نائیڈو کی حکومت نے اس اسکیم کے تحت خرچ کیے جانے والے۳۷۱ ؍ کروڑ روپے شیل کمپنیوں کو منتقل کر دیے۔ وزیر اعلیٰ پر شیل کمپنیاں بنانے اور انہیں رقم منتقل کرنے سے متعلق دستاویزات کوضائع کرنے کا بھی الزام ہے۔
ای ڈی اسکل ڈیولپمنٹ گھوٹالے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ کچھ مہینے پہلے ای ڈی نے ڈیزائن ٹیک سسٹمز پرائیویٹ لمیٹڈ کے۳۱ ؍ کروڑ روپے کے اثاثوں کو بھی ضبط کیا تھا۔الزام ہے کہ اس کمپنی کے ذریعے سرکاری اسکیم کی رقم شیل کمپنیوں کو منتقل کی گئی اور جعلی رسیدیں بھی تیار کی گئیں ۔ ای ڈی اس کیس کی منی لانڈرنگ کے زاویے سے جانچ کر رہی ہے۔ ای ڈی نے اس معاملے میں سیمنزکمپنی کے سابق ایم ڈی سومیادری شیکھر بوس، ڈیزائن ٹیک کمپنی کے ایم ڈی وکاس ونائک کھانویلکر، پی وی ایس پی آئی ٹی اسکل پروجیکٹ پرائیویٹ لمیٹڈ اور سکلر انٹرپرائزز پرائیویٹ لمیٹڈ کے سی ای او مکل چندر اگروال، سی اے سریش گوئل کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔واضح رہےکہ ۲۰۲۴ء کے آندھرا پردیش اسمبلی انتخابات میںچندرابابونائیڈونے این ڈی اے سے اتحاد کیا تھا اوراکثریت کے ساتھ جیت حاصل کی تھی ۔