• Thu, 21 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کے سی آر کی بیٹی سے ای ڈی کی پوچھ تاچھ، بی آر ایس کا احتجاج

Updated: March 12, 2023, 10:22 AM IST | Hyderabad

گرفتاری کے اندیشوں کے بیچ چندر شیکھرراؤ کا بی جےپی کو اقتدار سے بے دخل کرنے تک جہدوجہد جاری رکھنے کا عزم، پارٹی لیڈروں کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کا الزام

BRS workers protest in Delhi against K Kavita`s interrogation.
کے کویتا سے پوچھ تاچھ کے خلاف دہلی میں بی آر ایس کے کارکن احتجاج کرتے ہوئے۔

): تلنگانہ کے وزیراعلیٰ  اور  بھارتیہ راشٹریہ  سمیتی کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) کی بیٹی کے کویتا گرفتاری کے اندیشوں   کے بیچ سنیچر کو دہلی میں ای ڈی کے دفتر میں پوچھ تاچھ کیلئے حاضر ہوئیں۔ اس  بیچ جہاں دہلی میں  پارٹی کارکنوں   نے ان کی حمایت میں مظاہرہ کیا وہیں    حیدرآباد میں پارٹی نے بی جے پی پر پوسٹروں کےذریعہ حملہ کیا۔اتنا ہی نہیں، وزیراعلیٰ   کے چندر شیکھر راؤ نے اعلان کیا ہے کہ  بی جے پی کو  اقتدار سے  بے دخل کرنے تک پارٹی کی جدوجہد جاری رہے گی۔
کے کویتا ای ڈی میں پیش
  دہلی میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ  کے دفتر میں کے کویتا کی حاضری کے بعد انہیں اور  حیدرآباد سےگرفتار کئے گئے تاجر ارون پلّئی کو آمنے سامنے بٹھا کر پوچھ تاچھ کی گئی۔ یہ پوچھ تاچھ دہلی ایکسائز  گھوٹالہ (شراب معاملہ) میں ہورہی ہے۔ الزام ہے کہ دہلی میں شراب کا ٹھیکہ حاصل کرنے کیلئے پلّئی کے ساؤتھ گروپ نے  عام آدمی پارٹی کے لیڈروں کو۱۰۰؍ کروڑ روپے کی رشوت دی جسے گوا کے الیکشن میں استعمال کیاگیا۔ پلّئی کو عدالت نے پوچھ تاچھ کیلئے  ای ڈی کے ریمانڈ میں بھیج دیا ہے جبکہ کویتاکو تفتیشی ایجنسی نے سمن کیا ہے۔ الزام ہے کہ پوچھ تاچھ میں پلّئی نے  کے کویتا جو بھارتیہ راشٹریہ سمیتی ( بی آر ایس) کی ایم ایل سی ہیں، کا ساتھی ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔  سنیچر کو ای ڈی نے کے کویتا سے مجموعی طور پر ۹؍ گھنٹے پوچھ تاچھ کی۔ 
بی جےپی کے خلاف جدوجہد کا عزم
 چندر شیکھر راؤ جو تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ہونے کے ساتھ ہی ساتھ پارٹی کے سربراہ بھی ہیں ، نے   تلنگانہ بھون میں پارٹی کی طویل میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے  بی جےپی کو اقتدار سے باہر کرنے تک جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا۔  جمعہ کی رات  ہونے والی یہ میٹنگ ۷؍گھنٹے تک جاری رہی۔ چندر شیکھر راؤ نے  بی جےپی پر   الزام لگایا کہ بی جے پی تلنگانہ کی ترقی کو ہضم نہیں کر پا رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ کی ترقی ملک کیلئے ایک مثال بن گئی ہے اور اس نے اپنی پالیسی سے دیگر ریاستوں کو متوجہ کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اپنی  پارٹی کی نااہلی کو چھپانے کیلئےکئی سازشوں میں ملوث ہے۔ وزیراعلیٰ  نے کہا کہ بی جے پی ، بی آر ایس کے عوامی نمائندوں کو ہراساں کر رہی ہے اور  ان پر  جھوٹے  مقدمے عائد کئے جارہے ہیں۔ 
 دہلی میں بی آر ایس کا احتجاج
  بی آر ایس کی لیڈر اور تلنگانہ اسمبلی کی رکن  (ایم ایل سی) کے کویتا سے قومی دارالحکومت میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی پوچھ تاچھ کے پیش نظر دہلی میں واقع وزیراعلیٰ چندرشیکھرراؤکی قیام گاہ کے قریب بی آرایس کے کارکنوں اور کویتا کے مداحوں کی کثیرتعداد  اکٹھا ہوگئی۔ یہ لوگ اپنے لیڈر کی حمایت میں اور بی جےپی کے خلاف نعرہ بازی کررہے تھے۔ان کارکنوں نے اس معاملہ میں مرکزی ایجنسی کے رول کی شدید مذمت کی اور الزام لگایا کہ کویتا کوجو وزیراعلی کی دختر ہیں، اس معاملہ میں پھنسایا جارہاہے۔ مظاہرین کی   تعداد کو دیکھتے ہوئے دہلی پولیس کا بھاری بندوبست کیاگیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK