• Wed, 08 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’ریاست میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانےکیلئے تعلیمی تنظیمیں تعاون کریں‘‘

Updated: January 06, 2025, 1:30 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

میٹنگ میں ریاست کی ۶۵؍تعلیمی تنظیموں کے ذمہ داران سے وزیر تعلیم دادا بھُسےکی اپیل۔

Other important participants can be seen on the stage while State Education Minister Dada Bhase delivers the speech. Photo: INN
ریاستی وزیرتعلیم دادا بھسے تقریر کرتے ہوئے، اسٹیج پر براجمان دیگر اہم شرکاء دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

: ریاست کے نئے وزیر تعلیم داداجی بھُسے کی قیادت میں اتوارکو چرچ گیٹ پر واقع جے ہند کالج میں محکمہ تعلیم سے متعلق اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے اعلیٰ افسران کے علاوہ ممبئی سمیت ریاست کے ۶۵؍تعلیمی تنظیموں کے ذمہ داران مدعو تھے۔ اس موقع پر وزیر تعلیم دادا بھُسے نے کہا کہ ’’ ریاست میں طلبہ کے فلاح و بہبود کیلئے متعدد پروجیکٹ شروع کئے جائیں گے۔ تعلیمی ترقی کے مختلف اقدامات کئے جائیں گے، اساتذہ اور اسکولوں کے مسائل مرحلہ وار حل کئے جائیں گے۔ کچھ مسائل کے حل کیلئے متعلقہ تعلیمی آفیسران کو حکم دےدیا گیا ہے۔ تعلیمی معیار کوبہتر بنانےکیلئے تعلیمی تنظیمیں تعاون کریں ۔ ہم سب کو مل کر تعلیمی شعبےکو کامیابی کی جانب گامزن کرنا ہے۔ ‘‘ 
 میٹنگ میں ریاستی ایجوکیشن سیکریٹری رنجیت سنگھ دیول، سابق سیکریٹری نند کمار، ایجوکیشن کمشنر سچندر پرتاپ سنگھ، ایس سی آر ٹی کے ڈائریکٹر راہل ریکھاوار، ڈائریکٹر آف پرائمری شرد گوساوی، ڈائریکٹر آف ہائر ایجوکیشن سمپت سوریہ ونشی، ڈپٹی سیکریٹری تشار مہاجن اور دیگر موجود تھے۔ اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ نے ریاست بھر کے اردو میڈیم اسکول، اساتذہ اور طلبہ کی نمائندگی کی۔ تنظیم کے بانی ساجد نثار احمد نے اپیل کی کہ جن اُردو میڈیم اسکول میں اوّل تاچہارم جماعت کی پڑھائی ہوتی ہے وہاں پانچویں تا ساتویں اور جہاں ساتویں تک پڑھائی ہوتی ہے وہاں آٹھویں جماعت شروع کی جائے۔ ‘‘ ساتھ ہی حکومت سے کئی مطالبات کرتے ہوئے کہا کہ’’ اساتذہ بھرتی کے دوسرےمرحلہ کا آغاز کیا جائے، ہائی اسکول، پرائیویٹ پرائمری، جونیئر اور سینئر کالجوں کیلئے گرانٹ کی لسٹ جاری کی جائے، اقلیتی اداروں کیلئے ۲۰؍ طلبہ پر ایک ٹیچرکی تجویز کو منظور کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، اردو اسکول اور اردو کیندر پرمکھ کیلئے اردو کےاساتذہ کی تقرری کی جائے، انٹرنل ٹرانسفر پالیسی پر عمل کیاجائے، اردو میڈیم کیلئے پسماندہ طبقات کے امیدوار نہ ملنے پر عام زمرہ کے امیدواروں کی بھرتی کی جائے، طلبہ کو یونیفارم دیا جائے، مڈ ڈے میل پکانے والوں کا معاوضہ جاری کیا جائے، میونسپل اسکولوں کو ۱۰۰؍ فیصد گرانٹ دی جائے، یکم نومبر ۲۰۰۵ء سے پہلے اور بعدمیں منتخب اساتذہ کیلئے جونی پنشن اسکیم نافذ کی جائے ، نان ٹیچنگ اسٹاف کی بھرتی شروع کی جائے۔ ‘‘ مذکورہ میٹنگ میں اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ کے کار گزار صدر انصاری عقیل احمد، صدر جادھو سر، سنگیتا تائی، سمبھاجی تھورات، اُدے شندے، کیشو ببن راؤ جادھو، وجے کومبیئے، پروین آبھااور دیگر یونینوں کے صدر و سیکریٹری موجود تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK