نرملا سیتارمن نے واضح اشارہ دیا،امریکی دباؤ کا اعتراف نہیں کیا، سرمایہ کاری کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کا جواز پیش کیا۔
EPAPER
Updated: February 18, 2025, 10:43 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai
نرملا سیتارمن نے واضح اشارہ دیا،امریکی دباؤ کا اعتراف نہیں کیا، سرمایہ کاری کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کا جواز پیش کیا۔
وزیراعظم مودی کے دورہ ٔ امریکہ اور ٹرمپ کی جوابی ٹیکس کی دھمکی کے بعد ہندوستان نے درآمدی ٹیکس میں مزید تبدیلیوں کا اشارہ دیا ہے۔ ٹیکسٹائل سے لے کر موٹر سائیکل تک کے اِمپورٹ پر ڈیوٹی میں کمی کے اعلان کے ایک ہفتے بعد پیر کو ممبئی میں ایک پروگرام سے خطاب میں وزیر مالیات نرملا سیتا رمن نے اعلان کیا ہے کہ’’ہم سرمایہ کاروں کیلئے سازگار ملک بنانے کی جانب پیش رفت کررہے ہیں۔ اسی کے تحت میں ڈیوٹی تخفیف اور انہیں معقول بنانے کی جانب کام کیا جارہاہے اور یہ کام جاری رہےگا۔‘‘
معاشی ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ ہندوستان میں زیادہ درآمدی ٹیکس اور امریکہ کے ساتھ تجارت میں نئی دہلی کی برآمدات واشمگٹم سے ہونےوالی درآمدات کے مقابلے میں ۴۱؍ بلین ڈالر زیادہ ہونے کی وجہ سے اس بات کا خطرہ ہے کہ ٹرمپ جوبی ٹیرف کےنفاذ کا اعلان کردیں۔ مٹسو بشی یو ایف جے فائنانشیل گروپ نے بھی متنبہ کیا ہے کہ امریکہ ہندوستانی اشیاء پر ۱۵؍ فیصد تک ٹیکس عائد کرسکتاہےجو فی الحال ۳؍ فیصد ہے۔ ا گر امریکہ کی جانب سے ہندوستانی اشیاء پر ٹیکس عائد کیا جاتاہے تو برآمد پر اس کا براہ راست اثر پڑے گا جو ملک کی معیشت کی رفتار کو مزید سست کرسکتا ہے۔ اس اندیشے سے بچنے کیلئے ہندوستان میں وزارت مالیات کے اہلکاروں نے اشارہ دیا ہے کہ ٹیرف میں تبدیلی کا سلسلہ جاری رہےگا۔