آل انڈیا میمن جماعت فیڈریشن کے زیراہتمام عملی کارروائی شروع کردی گئی، اس کا مقصد ایک ایسا کالج قائم کرنا ہے جہاں روایتی تدریس کے علاوہ مقابلہ جاتی و مسابقتی امتحانات کی تیاری بھی کروائی جائے۔
EPAPER
Updated: December 23, 2024, 12:55 PM IST | Inquilab News Network | Malegaon
آل انڈیا میمن جماعت فیڈریشن کے زیراہتمام عملی کارروائی شروع کردی گئی، اس کا مقصد ایک ایسا کالج قائم کرنا ہے جہاں روایتی تدریس کے علاوہ مقابلہ جاتی و مسابقتی امتحانات کی تیاری بھی کروائی جائے۔
اس مسلم اکثریتی شہرمیں عصری علوم کی معیاری درسگاہ (کالج)کے قیام کیلئے کوششیں تیز ہوگئی ہیں۔ شہر کے مشرقی، شمالی اور جنوبی حصے میں وسیع قطعہ اراضی کا جائزہ اور تلاش کا عمل جاری ہے۔ سمست میمن جماعت(مالیگائوں )کے صدر شریف ابراہیم میمن اوررُکن محمد رضوان میمن شیخانے بتایا کہ۳؍مہینے قبل یہاں کے اُردو گھر میں ایک علمی تقریب منعقد ہوئی تھی۔ مسلم میمن خانوادوں کے وہ طلبہ جنہوں نے ایس ایس سی، ایچ ایس سی اور ڈپلوما اور ڈگری کورسیز میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں ان کی حوصلہ افزائی انعامات دے کر کی گئی۔ اسی تقریب میں تجویز آئی کہ مالیگائوں میں ایک کالج قائم کیا جائے جہاں روایتی تدریس کے علاوہ مقابلہ جاتی و مسابقتی امتحانات کی تیاری بھی کروائی جائے۔ اس تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے آل انڈیا میمن جماعت فیڈریشن کے صدر اقبال میمن (آفیسر) اور سیکریٹری عزیز ماچھی والانے عملی کارروائی شروع کردی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ۱۹؍دسمبر کو شہر کے چار مقامات کا دورہ فیڈریشن کے وفد نے کیا۔ وسیع رقبے کی زمین اور علاقائی صورتحال کے جائزے کے مراحل بھی طے ہوچکے ہیں۔ اس ضمن میں ۲۰؍ دسمبر کو فیڈریشن کے ہیڈآفس (ممبئی) میں ایک مشورتی نشست ہوئی۔ جس میں مشہور ماہر تعلیم ڈاکٹر عبدالقدیر(شاہین گروپ آف ایجوکیشن، کرناٹک) نے خصوصی طور سے شرکت کی اور مالیگائوں میں ادارے کے قیام کے خواہش مندان کی رہنمائی کی نیز انہوں نے مزید اعانت ورہنمائی کاوعدہ بھی کیا۔ عنقریب مالیگائوں میں زمین خریداری کا مرحلہ پورا کرکے تعمیری کام شروع کردیا جائے گا۔