حیوانات اور ڈیری کے محکمے کی سیکریٹری الکا اپادھیائے نے کہا کہ ہندوستانی پولٹری سیکٹر زراعت کا اٹوٹ حصہ بن چکا ہے۔
EPAPER
Updated: December 25, 2023, 12:45 PM IST | Agency | New Delhi
حیوانات اور ڈیری کے محکمے کی سیکریٹری الکا اپادھیائے نے کہا کہ ہندوستانی پولٹری سیکٹر زراعت کا اٹوٹ حصہ بن چکا ہے۔
ہندوستان میں انڈوں اور برائلر کے کاروبار میں اضافہ ہوا ہے۔ اس بارے میں حیوانات اور ڈیری کے محکمے کی سیکریٹری الکا اپادھیائے نے بتایا کہ ہندوستانی پولٹری سیکٹر اب زراعت کا اٹوٹ حصہ بن چکا ہے اور اس شعبے نے پروٹین اور غذائی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اپادھیائے نے کہا کہ انڈوں اور برائلر کی پیداوار میں ہر سال ۸؍ سے ۱۰؍فیصد کی شرح سے اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ انہوں نے دہلی میں پولٹری کی برآمدات کو فروغ دینے اور پولٹری ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے سے متعلق ایک گول میز کانفرنس کی صدارت کی تھی۔
ماہی پروری، مویشی پالن اور ڈیری کی وزارت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ورکشاپ کا انعقاد پولٹری کے سرکردہ برآمد کنندگان کے ساتھ کیا گیا تاکہ اس شعبے میں درپیش چیلنجوں اور برآمدات کو فروغ دینے کی حکمت عملیوں کی نشاندہی کی جا سکے۔
اپادھیائے نے کہا کہ برآمدات کو فروغ دینے کیلئے محکمہ نے پولٹری کے۳۳؍ کمپارٹمنٹس (اسٹیبلشمنٹس) کو ایویئن انفلوئنزا سے پاک اداروں کے طور پر تسلیم کیا۔ ان کے مطابق ۲۳-۲۰۲۲ءمیں ہندوستان نے ۶۶۴۷۵۳ء۴۶؍ ٹن پولٹری مصنوعات برآمد کیں جن کی کل مالیت ۱۱۰۸۲ء۶۲؍ کروڑ روپے تھی۔ ہندوستان سے پولٹری مصنوعات ۵۷؍سے زائد ممالک کو برآمد کی گئیں۔