• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

عید ۲۰۲۶ء: باکس آفس پر شاہ رخ خان اور سنجے لیلا بھنسالی تیسری مرتبہ ٹکرائیں گے

Updated: September 14, 2024, 5:04 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

گزشتہ دن سنجے لیلا بھنسالی نے اعلان کیا کہ ان کی ’’لو اینڈ وار‘‘ ۲۰؍ مارچ ۲۰۲۶ء کو ریلیز ہوگی۔ دوسری جانب، شاہ رخ خان کی ’’کنگ‘‘ کی شوٹنگ ٹائم لائن کے مطابق ان کی فلم بھی عید ۲۰۲۶ء کو ریلیز ہوسکتی ہے جو ۲۰؍ مارچ کو ہوگی۔ اس طرح شاہ رخ خان اور سنجے لیلا بھنسالی تیسری مرتبہ باکس آفس پر ٹکرائیں گے۔

Shah Rukh Khan and Sanjay Leela Bhansali will clash at the box office for the third time. Photo: INN
شاہ رخ خان اور سنجے لیلا بھنسالی تیسری مرتبہ باکس آفس پر ٹکرائیں گے۔ تصویر : آئی این این

لگاتار تین بلاک بسٹر فلموں (پٹھان، جوان، ڈنکی) کے ذریعے بالی ووڈ پر اپنی بادشاہت برقرار رکھنے والے شاہ رخ خان اب اپنی اگلی فلم ’’کنگ‘‘ کیلئے تیار ہیں۔ سوجوئے گھوش کی ہدایتکاری اور سدھارتھ آنند کی مشترکہ پروڈیوس کردہ ’’کنگ‘‘ میں سہانا خان، ابھیشیک بچن اور ابھے ورما بھی نظر آئیں گے۔ پنک ولا کی ایک رپورٹ کے مطابق اس کی شوٹنگ ۲۰۲۵ء میں شروع ہوجائے گی۔ 
اس کی شوٹنگ ٹائم لائن کو مدنظر رکھتے ہوئے پروڈیوسرز کا ارادہ اسے ۲۰۲۶ء میں ریلیز کرنے کا ہے۔ شاہ رخ خان اور سدھارتھ آنند چاہتے ہیں کہ یہ فلم عید ۲۰۲۶ء پر ریلیز ہو۔ خیال رہے کہ اس سے قبل شاہ رخ خان کی ’’چنئی ایکسپریس‘‘ عید پر ریلیز ہوئی تھی۔ تاہم، اس ضمن میں اب تک کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے البتہ اگر اسے عید ۲۰۲۶ء پر ریلیز کیا جاتا ہے تو اس تاریخ پر ریلیز ہونے والی ’’کنگ‘‘ واحد فلم نہیں ہوگی۔
گزشتہ دن سنجے لیلا بھنسالی نے اعلان کیا کہ ان کی نئی فلم ’’لو اینڈ وار‘‘ جو پہلے کرسمس ۲۰۲۵ء پر ریلیز ہونے والی تھی، اس کی تاریخیں بڑھا کر ۲۰؍ مارچ ۲۰۲۶ء کردی گئی ہے۔ یہ وہی دن ہے جب ہندوستان میں عید منائی جائے گی۔ اس طرح عید ۲۰۲۶ء پر دو بڑی فلموں کے ٹکراؤ کی توقع ہے۔
۲۰۰۷ء میں ’’اوم شانتی اوم‘‘ بمقابلہ ’’سانوریا‘‘ اور ۲۰۱۵ء میں ’’دل والے‘‘ بمقابلہ ’’باجی راؤ مستانی‘‘ کے بعد ایسا تیسری بار ہوگا جب شاہ رخ خان اور سنجے لیلا بھنسالی باکس آفس پر ٹکرائیں گے۔ خیال رہے کہ ’’اوم شانتی اوم‘‘ سپر ہٹ جبکہ ’’سانوریا‘‘ فلاپ ہوئی تھی۔ دوسری جانب، ’’دل والے‘‘ اور ’’باجی راؤ مستانی‘‘ دونوں ہی نے باکس آفس پر اچھا خاصابزنس کرکے سپر ہٹ کے زمرے میں شامل ہوئی تھیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK