مسلم محلوں میں انتظامیہ کی گائیڈلائن کے مطابق جانوروں کی قربانی ۔ جگہ جگہ پولیس کا سخت بندوبست رہا
EPAPER
Updated: July 12, 2022, 10:42 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai
مسلم محلوں میں انتظامیہ کی گائیڈلائن کے مطابق جانوروں کی قربانی ۔ جگہ جگہ پولیس کا سخت بندوبست رہا
:شہرومضافات میں اتوار کو عیدالاضحی تزک و احتشام سے منائی گئی۔ سنت ِ ابراہیمی پرعمل کرتے ہوئے فرزندگانِ توحید نے جانوروں کی قربانی کی ۔ اس دوران مسلم محلوں میں نظم وضبط کا مظاہرہ کیا گیا ہے اور کہیں سے بھی کوئی ناخوشگوارواقعہ کی اطلاع نہیں ملی ۔ نمازِ عیدالاضحی کے بعد لوگوں نے معانقہ اور مصافحہ کرکے ایک دوسرے کو عیدکی مبارکباد دی۔ قربانی کا فریضہ ادا کرنے والوں نے انتظامیہ کی جانب سے دی گئی گائیڈلائن کا مکمل خیال رکھا ۔
مدنپورہ ، بھنڈی بازار ، بائیکلہ ، باندرہ ، سانتاکروز ، کرلا ، ساکی ناکہ ، اندھیری، جوگیشوری ، ملاڈ ، پٹھان واڑی ،مالونی ، چیتاکیمپ ، گوونڈی ، ممبرا ،کوسہ ، نوی ممبئی ، میرا روڈ ، نالاسوپارہ اور وسئی وغیرہ سمیت دیگرعلاقوں کی مساجد میں نمازیوں کی تعداد اور بارش کے پیش نظرعیدالاضحی کی ایک سے زائدجماعتیںادا کی گئیں اور سڑک پر نماز ادا کرنے سے گریز کیا گیا۔
ایک سینئر پولیس انسپکٹر کے مطابق دیگرتہواروں کی طرح عیدالاضحی کے موقع پر بھی پولیس کا خصوصی بندوبست رکھا گیا اور حفظ ماتقدم کے طور پر سی آرپی ایس کے جوان بھی تعینات کئے گئے ۔ دیونار سلاٹر ہاؤس میں ۲۰۰؍ سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے تھے ۔ دیونار علاقے میں ٹریفک کا نظام بہتر بنانےکیلئے ٹریفک پولیس اہلکاروں کا خصوصی بندوبست تھا۔ اسی طرح دیگر علاقوں میں بھی ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے پولیس اہلکار مستعد تھے ۔ اس دوران قربانی کرنے وا لوں نے انتظامیہ کی جانب سے دی گئی ہدایات کا مکمل خیال رکھا ۔
عیدالاضحی کے دن فجر کی نماز سے ہی مساجد کے باہر ، چوراہوں اور ناکوں پر پولیس اہلکاروں کا خصوصی بندوبست رہا ۔ لوگوں نے کھلے عام قربانی کرنے سے گریز کیااور کھلی جگہوں پر پردے لگاکر قربانی کی ۔ مسلم محلوں میں میونسپل کارپوریشن کی طرف سے کوڑےدان رکھے گئے تھے جس کی وجہ سے کوڑاکرکٹ پھینکنے میں آسانی ہوئی۔
شہرو مضافات کے مختلف علاقوں میں آئمہ مساجد نے عیدالاضحی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ صرف مالی قربانی ہی نہیں ہے بلکہ اس کے ذریعہ بندہ یہ عہد کرتا ہے کہ میں زندگی کے ہر موقع پر خدا کا ہی حکم بجالاؤں گا اور جس طرح اللہ کی راہ میں حضرت ابراہیم علیہ السلام نے قربانی دی ، اسی طرح وہ بھی ہر طرح کی قربانی دے گا ۔
اس کے علاوہ یہ بھی پیغام دیا کہ اس عظیم سنت کی ادائیگی کے وقت اس بات کا بھی خیال رکھا جائے کہ برادرانِ وطن کواس کی وجہ سے کسی بھی طرح کی تکلیف نہ پہنچنے پائے اور اپنے کسی بھی عمل سے ا ن کے دلی جذبات مجروح نہ ہوں۔ ساتھ ہی عالم اسلام اور پوری دنیا میں امن وامان قائم رکھنے کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔