Inquilab Logo Happiest Places to Work

عروس البلاد میں عیدالفطر جوش وخروش سے منائی گئی

Updated: April 02, 2025, 9:57 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

مصلیان نے شہر ومضافات میں مساجد میں معانقہ کرکے ایک دوسرے کومبارکباد دی۔امن وامان ،وقف بل کے خلاف اورمظلوم فلسطینیوں کی حمایت میںخصوصی دعائیں۔ طغیانی کے باوجود باسی عید کو ۳؍ لاکھ سے زائد عقیدت مند حاجی علی پہنچے۔ آج سمندر میں طغیانی کے سبب ایک بجکر ۳۰؍ منٹ سے ۴؍بجکر ۳۰؍منٹ تک گیٹ بند رہے گا۔

Millions of devotees flocked to Haji Ali Dargah to pay their respects on Eid and Basi Eid. Photo: INN
حاجی علی درگاہ پر عید اور باسی عید کو زیارت کےلئے لاکھوں کی تعداد میں عقید تمند پہنچے۔ تصویر: آئی این این

عروس البلاد میں عیدالفطر جوش وخروش سے منائی گئی۔ شہر ومضافات کی مساجد میں مصلیان نے معانقہ کرکے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ ملک میں امن وامان، وقف بل کے خلاف اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میںخصوصی دعائیں کی گئیں۔ جبکہ باسی عید کوطغیانی کے باوجود حاجی علی اور دیگر تفریحی مقامات پرعقیدت مندوں کازبردست اژدہام نظرآیا۔ عیدالفطر کے موقع پرجہاں ایک جانب مصلیان اپنے اہل خانہ ،اعزہ اورمتعلقین سے معانقہ کرکے ا ن کومبارکباد دے رہے تھے وہیںائمہ کرام نےبھی مصلیان کوعید کی مبارکباد پیش کی اور خاص طور پروقف بل کے خلاف اورمظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں گڑگڑاکر بارگاہ ایزدی میںدعائیں کیں۔ 
جوش وخروش کا مظاہر ہ کیا گیا۔  عیدالفطر کے موقع پرعامۃ المسلمین نےجوش وخروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے عید کی خوشیاں بانٹیں۔ شہر ومضافات میں کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔ عیدالفطر کے موقع پر خاص طورپرشہر ومضافات کی تمام بڑی اور وہ مساجد جولبِ سڑک ہیں پر،پولیس کا خاص پہرہ بٹھایا گیا تھا۔اس تعلق سے پولیس کمشنر وویک پھنسلکر نےاپنے ماتحت افسران کوپہلے ہی ہدایت جاری کر دی تھیں۔
باسی عید کوحاجی علی اوردیگر تفریحی مقامات پراِژدہام 
ہرسال کی طرح امسال بھی عید اور باسی عید کوحاجی علی اور دیگر تفریحی مقامات چھوٹا کشمیر، اکسابیچ ، جوہو چوپاٹی ، ماروے بیچ اور دیگر جگہوں پربڑی تعداد میں لوگ مع اہل وعیال پہنچےاوربچوں کے ساتھ تفریح کا لطف اٹھایا ۔ حاجی علی میںعید اورباسی عید کو زبردست اِژدہام تھا اور لاکھوں عقیدت مندوں نے حاضری دی۔ عالم یہ تھا کہ داخلی گیٹ سے لے کراندرونی گیٹ تک تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی۔ زائرین کو مسلسل ہدایات دی جارہی تھیںکہ وہ ایک دوسرے کاخیال رکھتے ہوئے آگے بڑھتے رہیں،دھکا مکی نہ کریں ۔درگاہ انتظامیہ کمیٹی کے ایگزیکیٹو آفیسر محمد احمد طاہر کے مطابق پولیس کے جوان ، ۲۰۰؍رضاکار بھی نگرانی کر  رہے تھے اورسی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے بھی بھیڑبھاڑ پرنگاہ رکھی جارہی تھی۔‘‘ ان کے مطابق ’’باسی عید کو۳؍ لاکھ سے زائد عقیدت مند حاجی علی پہنچے تھے۔سمندر میں طغیانی کے سبب آج تیواسی عید بدھ ۲؍ اپریل کوایک بجکر ۳۰؍ منٹ سے ۴؍بجکر ۳۰؍  منٹ تک گیٹ بند رہے گا۔
عید میں سیاہ فیتہ باندھنے کی جنرل سیکریٹری نے اپیل کی تھی
جمعۃ الوداع کی طرح عید الفطر کے موقع پربھی وقف بل کے خلاف احتجاجاً سیاہ فیتہ باندھنے کی آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سیکریٹری مولانا فضل الرحیم مجددی کی جانب سے اپیل کی گئی تھی مگراس کا زیادہ اثرنظرنہیںآیا۔ معلومات حاصل کرنے پربورڈ کے رکن مولانا محمود خان دریابادی نے نمائندۂ انقلاب کوبتایاکہ’’ بورڈ کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر سیاہ فیتہ باندھنے کی باقاعدہ اپیل نہیں کی گئی تھی، البتہ مولانا مجددی نےاپنے بیان میںضرور اس جانب توجہ دلائی تھی۔باقاعدہ اپیل نہ کئےجانے کےسبب عیدالفطر میںاس کاعامۃ المسلمین کی جانب سے بہت زیادہ اہتمام نہیں کیا گیا ۔ چونکہ یہ لڑائی لمبی ہے اس لئے حکمتِ عملی کےساتھ بورڈ کی جانب سے پوری تیاری کرتے ہوئے اگلے اقدامات کئے جائیںگے۔ جماعت ِ اسلامی ممبئی کے صدر ہمایوں شیخ نے بتایا کہ ’’ مالونی، چارکوپ، ملت نگر ، جوگیشوری اور میراروڈ میںجماعت اسلامی کے ذمہ داران کے ذریعے بورڈ کی ہدایت پر توجہ دی گئی اوربہت سے لوگوں نےاس اپیل پرلبیک کہتے ہوئے سیاہ فیتہ باندھ کر نمازِ عید ادا کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK