خیر و امن کیلئے دعاؤں کا اہتمام۔کئی مقامات پر وقف بل کے خلاف بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر خاموش و پرامن انداز میں مظاہرہ کیا گیا۔
EPAPER
Updated: April 02, 2025, 10:10 AM IST | Nanded
خیر و امن کیلئے دعاؤں کا اہتمام۔کئی مقامات پر وقف بل کے خلاف بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر خاموش و پرامن انداز میں مظاہرہ کیا گیا۔
ملک کے دیگر صوبوں کی طرح مہاراشٹر میں بھی عید الفطر کا اہتمام روایتی جوش و خروش کے ساتھ کیا گیا۔ کئی شہروںمیں مسلمانوں نے اس موقع پر بازوؤں پر کالے فیتے باندھ کر وقف بل کے خلاف ’خاموش احتجاج‘ بھی کیا۔ ناندیڑ : یہاں کی بڑی عیدگاہ میں مولانا سعد عبداللہ ندوی نے نمازِ عید کی امامت کی، جبکہ صدیق محی الدین نے خطبہ دیا۔ اس موقع پر مولانا خلیل الرحمن قاسمی اور سینئر قانون دان ایڈوکیٹ ایم زیڈ صدیقی نے بھی اجتماع سے خطاب کیا ۔نماز کا وقت ساڑھے آٹھ بجے مقرر تھا، تاہم کثیر تعداد میں لوگوں کی آمد کے باعث ۲؍ جماعتوں کا اہتمام کیا گیا۔ پہلی جماعت ساڑھے آٹھ بجے اور دوسری جماعت ساڑھے نو بجے ادا کی گئی، جس کی امامت مفتی محبوب احسن قاسمی نے کی۔ یہاں مبارکباد پیش کرنے کیلئے ناندیڑ کے رکن پارلیمان رویندر چوہان، سابق ایم ایل اے موہن ہمبرڈے اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔
دھولیہ: یہاں مسلم پرسنل لاء بورڈ کی اپیل پر عامتہ المسلمین نے عید کے موقع پر اپنے بازوؤں پر سیاہ فیتے باندھ کر وقف بل کے خلاف خاموش طریقے سے احتجاج کیا۔پانجرہ ندی کے کنارے شہر کی قدیم عید گاہ، حضرت انجان شاہ داتا سرکار عید گاہ، مومن قبرستان عید گاہ، نیا مسلم قبرستان، عیدگاہ، مسلم قبرستان عید گاہ دیوپور، مدرسہ سراج العلوم، مدرسہ فلاح دارین کے علاوہ شہر کی ہر چھوٹی بڑی مسجد میں نماز دوگانہ ادا کی گئی۔
مالیگاؤں: یہاں کی عیدگاہوں پر عامتہ المسلمین نے دوگانہ ادا کی ۔ نمازِ عید کی امامت کے فرائض مفتی محمد اسمٰعیل قاسمی ( لشکر والی عیدگاہ) ، مفتی مدثر حسین ازہری ( حضرت کلّو شاہ بابا عیدگاہ ) ،مفتی حامد ظفر رحمانی ( معہد ملت عیدگاہ ) ، مولانا سید امین القادری ( سرکار کلاں عیدگاہ) ، مولانا عمرین محفوظ رحمانی ( تجوید القرآن عیدگاہ ) ،شیخ عبدالوحید ندوی ( اہل حدیث محمدیہ گراؤنڈ عیدگاہ ) اور حافظ شبیر احمد اشرفی ( امام حسین عیدگاہ) نے انجام دئیے ۔ عامتہ المسلمین سے خطاب کرتے ہوئے ائمہ و مقررین نے دین حنیف پر استقامت اختیار کرنے کی تلقین کی ۔ وقف ترمیمی بل پر ناراضگی ظاہر کی۔
ایوت محل: یہاں بڑھتی آبادی کے پیش نظر شہر کی قدیم عید گاہ کے علاوہ مختلف اوقات میں محلے کی تمام بڑی مسجدوں میں بھی عید کی نماز کا اہتمام کیا گیا تھا۔ عیدگاہ میں مولوی ابوطلحہ عبدالعظیم نے خطاب کیا اور باقی گیارہ ماہ رمضان کی طرح تقویٰ و پرہیزگاری کے ساتھ گزارنے کی تلقین کی۔
جلگاؤں: شہر سمیت ضلع کے چالیس گاؤں ،پاچورہ ،بھڑگاوں ،مکتائی نگر،ایرنڈول ،بھساول ،جامنیر وغیرہ سمیت تمام ۱۵؍شہروں میں عیدالفطر روایتی جوش خروش کے ساتھ منائی گئی ۔نماز دوگانہ کی ادائیگی کے بعد خصوصی دعا میں فلسطین،اور ملک سمیت دنیا بھر میں امن و امان کیلئے دعائیں کی گئیں۔جلگائوں شہر کی قدیم عیدگاہ و مسلم قبرستان کے میدان پر نماز دوگانہ مولانا عثمان قاسمی کی امامت میں ادا کی گئیں ۔قبل از مفتی سالک سلمان نے خطاب کیا ۔چالیس گاؤں میں دتاتہ واڑی علاقہ میں موجود قدیم عیدگاہ پر جامع مسجد گھاٹ روڈ کے خطیب و امام حافظ سراج کی امامت میں نماز ادا کی گئی۔