Inquilab Logo

کرلا کے کٹیر منڈلی میں آتشزدگی،آٹو پارٹس اور دیگر کی ۱۸؍ دکانیں خاکستر

Updated: January 24, 2023, 10:42 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

یہاں مغربی جانب کرلا کے ایل بی ایس مارگ پر واقع’ کٹیرمنڈلی‘ کے علاقے میں اتوار کی رات میں آتشزدگی کے دورا ن کم وبیش ۱۸؍کاٹھ کباڑ(بھنگار)اورپرانے موٹر پارٹس کی دکانیں خاکستر ہوگئیں۔

The intensity of the fire in Kurla can be estimated from the picture
تصویر سے کرلا میں لگنے والی آگ کی شدت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے

 یہاں مغربی جانب کرلا کے  ایل بی ایس مارگ پر واقع’ کٹیرمنڈلی‘ کے علاقے میں اتوار کی رات میں آتشزدگی کے دورا ن کم وبیش ۱۸؍کاٹھ کباڑ(بھنگار)اورپرانے موٹر پارٹس کی دکانیں خاکستر ہوگئیں۔حادثے میں کروڑوں روپے کےمالی نقصان کا اندیشہ ہے۔ البتہ کوئی جانی نقصان  ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کا عملہ آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔ 
 کرلا کے مغربی جانب ایل بی ایس مارگ پر واقع ڈیلیکس ہوٹل کے سامنے دکان کے مالک اسحاق شیخ نے بتایا کہ اتوار کی  رات تقریباً ۱۰؍بجے ایک بڑے شیڈ میں بنائی گئی بھنگارکی دکانوں میں اچانک آ گ لگ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے تقریباً ۱۸؍دکانیں خاکستر ہوگئیں۔آگ لگنے کے بعد علاقےمیں افراتفری مچ گئی اور دکانوں میں کام کرنےوالے مزدور وہاں سے بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔انھوں نے کہا کہ جس وقت آگ لگی تھی ، اس وقت ہوائیں بہت تیز چل رہی تھیں اس لئے آگ نےبہت تیزی کےساتھ دوسری دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ پہلے تو مقامی افراد نے آگ  بجھانےکےگیس آلے سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی لیکن دکانیں ایک دوسری سے ملی ہوئی تھیں جس کے سبب آ گ  تیزی کے ساتھ پھیل گئی۔اطلاع ملنے کے بعد فائربریگیڈ کے اہلکاروںنے جائے وقوع پر پہنچ کر۱۵؍ فائر انجن اورپانی کے ٹینکر کی مدد سے آگ پر قابو پایا ۔ 
  جائے حادثہ سے آنکھوں دیکھا حال بیان کرتےہوئے سلیم شیخ ( سوشل ورکر) نے کہا کہ ایساکہا جارہا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ سے لگی تھی لیکن ابھی تک اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ۔ البتہ مقامی افراد کاکہنا ہے کہ کٹیرمنڈلی میںتُلارام دیا رام کی دکان سےآگ لگی اور تیزی کے ساتھ کئی دکانوںمیںپھیل گئی ۔ حادثہ میں بڑے پیمانےپر مالی نقصان ہوا ہے لیکن ابھی تک اس کا صحیح اندازہ لگانا مشکل ہے ۔ اس ضمن میں ممبئی فائر کنٹرول روم سے رابطہ قائم کرنے پر ایک افسر نے کہا کہ اتوار کی رات میں آگ لگی تھی لیکن فی الحال یہ کہنا کہ مشکل ہےکہ آتشزدگی کی وجہ کیا تھی۔البتہ جائے وقوع کے آس پاس کی تنگ گلیوں کے سبب فائر انجن کو وہاںجانے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ مقامی پولیس اسٹیشن کے اہلکاروں اور علاقے کے مقامی افراد کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا ۔  
  فائر عملہ کے افسران نے جائےو قوع سے کئی جلی ہوئی اشیا اپنے قبضے میں لے کر اس کی جانچ کیلئے لیباریٹری میں بھیج دیا ہے ۔ بقول فائر افسر آتشزدگی  کی شدت کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ سے دکانوں اور گوداموں میں لگنے والے لوہے کے بڑے بڑے اینگل پگھل کر ٹیڑھے ہوگئے ۔تادم تحریر جائے وقوع پر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں کھڑی ہیں ۔  

kurla Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK